معروف اداکارہ عائشہ عمر،اشنا شاہ بھی صلاح الدین ایوبی سیریز کاحصہ ہونگی؟

ushna.jpg


اداکارہ عائشہ عمر اور اشنا شاہ مسلم تاریخ کے عظیم سپہ سالار سلطان صلاح الدین ایوبی کے حوالے سے ترکی اور پاکستان کے باہمی اشتراک سے بننے والے ڈرامے کی کاسٹ کا حصہ بن گئیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی چار نامور شخصیات اس ڈرامہ سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جن میں اشنا شاہ، عدنان جیلانی، فرحان آغا اور عائشہ عمر شامل ہیں۔

6 ہزار سے زائد پیشہ ورانہ اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے آڈیشن کے لئے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے صرف 62 اداکاروں کو شارٹ لسٹڈ کیا گیا ہے۔کراچی اور لاہور میں سیریز کے لیے ہونے والے آڈیشن کے پہلے مرحلے میں اشنا شاہ، عدنان جیلانی، فرحان آغا اور عائشہ عمر
کو منتخب کیا گیا۔

سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور معروف اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ نے ڈرامہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرامہ سیریز پاکستانیوں کو ضرورت حیرت زدہ کرے گی۔اداکار عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے دروازے کھل جائیں گے۔

ترک پروڈیوسر ایمرے کونک کا کہنا ہے کہ ترک پروڈکشن ہاؤس ’اکلی فلمز‘ اور پاکستانی ادارے ’انصاری اینڈ شاہ فلمز‘ کے مابین معاہدہ طے پایا جس کے تحت صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی سیریز بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی سیریز نے ریلیز ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کرلی ہے، اس کا انداز آڈیشن کے لیے موصول کی گئیں درخواستوں سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔