ن لیگ کے پاس حکومت کے خاتمے کے کتنے آپشنز موجود ہیں؟

14asioption.jpg

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے عمران خان کی حکومت کو ختم کرنے کے تین طریقے بتادیئے ہیں۔

خبررساں ادارے آج نیوز کے پروگرام " فیصلہ عوام کا" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت موجودہ حکومت کے خاتمےکیلئے جو آئینی آپشنز ہیں ان میں پہلا اسمبلی کی مدت کو پانچ سال پورے کرنے دینا اور دوسرا اس حکومت کا خاتمہ کرکے ایوان سے دوسری حکومت کا قیام ہے۔

انہوں نے کہا اس کے علاوہ اس حکومت کو قائم رہنے دے کر انہیں مزید ایکسپوز ہونے دینا یا پھر حکومت کو ختم کرکے فوری طور پر ملک میں انتخابات کا اعلان بھی آئینی آپشنز میں شامل ہیں۔


خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس وقت تمام اداروں، طاقت کے مراکز، یا ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اعتماد کا جو فقدان پیدا ہوچکا ہے اسے ختم کرنا ضروری ہے، آج کوئی ادارہ دوسرے ادارے پر اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اور اس کی وجہ صرف اور صرف ان اداروں کے انفرادی لوگ ہیں، جس کی وجہ سے اداروں کے درمیان فاصلے دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس وقت بحیثیت قوم ہم ایک بحرانی کیفیت سے گزررہے ہیں ، میں اکثر یہ بات کیا کرتا ہوں کہ ہمیں محاذ آرائی ترک کرنا ہوگی اور یہ محاذ آرائی انفرادی حیثیت میں نہیں بلکہ اداروں کےدرمیان ہے جس کی وجہ سے اعتماد کا فقدان ہے۔