وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قدرتی وسائل بلوچستان یار محمد رند نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر یار محمد رند نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، سردار یار محمد رند کاکہناہے کہ مجبوراً اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونا پڑا رہا ہے ، استعفیٰ 2 دن پہلے وزیر اعظم کو بھجوا چکاہوں۔
انہوں انکشاف کیا کہ وہ صرف نوٹیفکیشن کی حد تک معاون خصوصی تھے تاہم انہیں معاون خصوصی کا کوئی اختیار حاصل تھا اور نہ انہیں بلوچستان پر کسی بھی اجلاس میں شمولیت کی دعوت دی جاتی تھی۔
یار محمد کا کہنا تھا کہ انہیں وفاقی وزراء کی جانب سے بھی کبھی بلوچستان سے متعلق ہونے والے کسی اجلاس کے لیے رابطہ نہیں کیا گیا۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ پہلے میں نے وزیر اعظم کی یقین دہانی پر استعفیٰ واپس لیا تھا، مگر اب کی بار استعفے کافیصلہ حتمی ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے سردار یار محمد رند کو اپنا معاون خصوصی تعینات کیا تھا، یار محمد رند بلوچستان اسمبلی کے رکن اور پاکستان تحریک انصاف بلوچستان چیپٹر کے صدر بھی ہیں۔