ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بحران شدت اختیار کر گیا،کوہ نور اسپننگ ملز بند

kohnoor-mils-off-pp.jpg


کوہ نور اسپننگ ملز نے عارضی طور پر کام بند کردیا

ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بحران شدت اختیار کرگیا , جس کے باعث ٹیکسٹائل کمپنیاں اپنے کاروبار بند کررہی ہیں,ملک کے سرفہرست ٹیکسٹائل گروپ نے دھاگے کی پیداوار بند کردی۔

کوہ نور اسپننگ مل نے پیداوار عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا، مندی کہ وجہ سے کام بند کیا گیا,کمپنی کے اسٹاک ایکس چینج کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی حالات، ملکی معاشی صورتحال، بلند لاگت اور فروخت میں کمی کی وجہ سے پیداوارجاری رکھنا ممکن نہیں رہا

کمپنی کے مطابق آئندہ سال پہلی سہ ماہی میں حالات بہتر ہونے پر پیداوار بحال کرنے پر غور کریں گے۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق کوہ نور اسپننگ مل 1800سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے اور ملک سے ٹیکسٹائل مصنوعات اور یارن کی ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہے

پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت توانائی کی قلت، افراط زر کی وجہ سے بلند پیداواری لاگت اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال میں کپاس کی عدم دستیابی کی وجہ سے بحرانی کیفیت سے دوچار تھی ایسے میں معاشی بحران اور امپورٹ کیلیے زرمبادلہ کی فراہمی میں مشکلات کی وجہ سے انڈسٹری کے لیے کپاس کی درآمد مشکل ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بحران ملک میں زرمبادلہ کے بحران کو تقویت دے گا، ایکسپورٹ میں کمی اور بے روزگاری سے معاشی مسائل گھمبیر شکل اختیار کرسکتے ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ ملک کی سب سے بڑی ایکسپورٹ انڈسٹری کی پیداواری لاگت کم کرنے، توانائی کا بحران دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔