پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیسز کی تصدیق، ایئر پورٹس پر ہائی الرٹ

10moneypox.jpg

ترجمان وزارت صحت نے پاکستان میں منکی پاکس نامی بیماری کے 2 کیسز کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب سے اسلام آباد آنے والے ایک مسافر میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، بعد میں اس مسافر کی برابر والی نشست پر بیٹھ کر سفر کرنے والے شخص میں بھی منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں ۔


دوسرے شخص کا ٹیسٹ کروانے پر قومی ادارہ صحت نے اس مسافر میں بھی منکی پاکس کی تصدیق کردی ہے، دونوں مریضوں تعلق راولپنڈی اسلام آباد سے ہے، پہلا مریض پمز ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہے جبکہ دوسرے نے خود کو گھر میں ہی آئیسولیٹ کرررکھا ہے، ہسپتال میں داخل مریض کا علاج جاری ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔

منکی پاکس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، بارڈر اینڈ ہیلتھ سروسز پاکستان کا ادارہ اس حوالے سے تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے، وزارت صحت نے تمام متعلقہ اداروں کو تمام تر ضروری اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

خیال رہے کہ منکی پاکس ایک ایسی بیماری ہے جو اپنے متاثرہ شخص، جانور یا مواد کو چھونے سے لاحق ہوسکتا ہے، یہ وائرس کسی بھی جاندار کے جسم میں کٹی ہوئی جلد، سانس کی نالی، آنکھ، ناک اور کان کے راستے داخل ہوسکتا ہے، یہ ایک متاثرہ شخص سے دوسرے انسان میں بھی باآسانی منتقل ہوسکتا ہے۔