پیراسیٹامول گولی اور سیرپ کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار

paracetalamas.jpg

پیراسیٹامول گولی اور سیرپ کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار۔۔سمری منظور ہونے کے بعد پیراسیٹامول گولی کی قیمت 1 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 2 روپے 67 پیسے ہو جائے گی : ذرائع

پاکستان میں جاری معاشی بحران کے باعث ہر روز بڑھتی مہنگائی کے باعث پریشان شہریوں کے لیے ایک اور بری خبر آگئی۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے سر درد یا بخار کے لیے استعمال کی جانے والی گولی پیراسیٹامول اور سیرپ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے جسے منظور کروانے کے لیے کل اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پیراسیٹامول 500 ملی گرام کی فی گولی کی قیمت میں 80 پیسے اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ سمری منظور ہونے کے بعد پیراسیٹامول گولی کی قیمت 1 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 2 روپے 67 پیسے ہو جائے گی جبکہ پیراسیٹامول 120 ملی لیٹر سیرپ کی قیمت میں 12 روپے 18 پیسے کا اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، سمری منظور ہونے پر سیرپ کی قیمت 104.82 سے بڑھ کر 117 روپے ہو جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پیراسیٹامول گولی اور سیرپ کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ مینوفیکچررز کی طرف سے کیا گیا ہے جبکہ ڈریپ کی ڈرگ پراسیسنگ کمیٹی کی طرف سے قیمتوں کی اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

دریں اثنا ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر پاکستان فارما سیوٹیکل اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے کراچی میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے انڈسٹری مسائل کا شکار ہے، ادویات کی قیمتوں میں40 سے 60 فیصد تک اضافے کی باتیں صرف افواہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں جعلی ادویات کی فروخت نہ ہو اس لیے فارما انڈسٹری کے جائز مطالبات تسلیم کرینگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت صحت اور پی پی ایم مل کر پریذنٹیشن تیار کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کو تحریری طور پر پیش کی جائے گی۔