ڈیم میں 30 سال قبل زیر آب آنے والی قدیم مسجددوبارہ منظر عام پر آ گئی

8nawadamasjid.jpg

بھارت میں 30 سال قبل زیر آب آنے والی قدیم مسجد دریا کا پانی اترنے سے دوبارہ منظر عام پر آگئی ہے، لوگوں کی بڑی تعداد مسجد دیکھنے کیلئے موقع پر پہنچ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ضلع نواڈا میں 30 سال قبل ڈیم بننے کی وجہ سے یہ ایک قدیم مسجد زیر آب آگئی ہے جو رواں ماہ خشک سالی کے باعث دوبارہ ابھر آئی ہے، 30 سال پانی کے اندر رہنے کے باوجود مسجد کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور یہ جوں کی توں ہے۔

https://twitter.com/x/status/1567230617263435777
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواڈا میں واقع پھلواریا ڈیم کے جنوبی حصہ میں پانی ختم ہونے کیوجہ سے ابھرنے والی مسجد سے متعلق علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس مسجد کا نام نوری ہے، فن تعمیر کے اعتبار سے یہ تقریبا 600 سال پرانی تعمیر ہے، کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ مسجد20 ویں صدی میں تعمیر ہوئی تھی۔


30 فٹ بلند مسجد کی عمارت1985میں پھلواریا ڈیم کی تعمیر کے بعد زیر آب آگئی تھی، مقامی لوگوں کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کیوجہ سے کبھی کبھار مسجد کا بالائی دیدہ زیب گنبد نظرآنے لگتا تھا جو پانی کی سطح بلند ہونےپر دوبارہ غائب ہوجاتاتھا۔

پانی سے باہر آنے والی مسجد کو دیکھنے کیلئے آنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ 1985میں ڈیم کی تعمیر سے قبل مسجد کے اطراف میں آبادی ہوا کرتی تھی ، تاہم ڈیم کی تعمیر کی وجہ سے یہاں کے لوگوں سے یہ زمین خالی کروالی گئی اور حکومت نے اس علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔