کراچی، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ماں کے سامنے بیٹا قتل

karachi-police-son.jpg


اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کشمیر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں چند گھنٹوں کے دوران تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر روڈ پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں اسٹریٹ کریمنل نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون کے سامنے اس کا بیٹا دم توڑ گیا۔ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

فوٹیج میں مسلح ملزم کو مقتول شاہ رخ پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم نے گھر کی دہلیز پر لوٹ مار کی، مقتول کی والدہ نے گھر کی بیل بجائی، شاہ رخ گیٹ کھولتے ہی ڈاکو پر لپکا جس پر ملزم نے فائرنگ کردی۔

ملزم فائرنگ کرنے کے بعد زیورات لوٹ کر موٹر سائیکل پر باآسانی فرار ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چند گھنٹوں میں اسٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں میں تین شہری جان سے گئے ہیں، سچل میں بزرگ شہری کو قتل کیا گیا جبکہ کلفٹن میں نوجوان کو 70 لاکھ روپے لوٹ کر ڈکیتی مزاحمت پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

ادھر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہرمیں ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لے لیا ہے، ڈکیتی واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ جبکہ پولیس کو تمام وسائل بروئے کار لاکر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے تمام فیلڈ آفیسرز کو پیٹرولنگ کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سچل میں شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔