کراچی:جناح اسپتال:کئی وارڈزبرسوں سےسربراہوں کےبغیرچلنےکاانکشاف،اسٹاف کی قلت

hospital-karachi-ak.jpg


کراچی کے سب سے بڑے اسپتال میں کئی ایسے وارڈز ہیں جن میں کئی برسوں سے فیکلٹی پروفیسرز موجود نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے اسپتال میں ڈاکٹرز اور اسٹاف کی قلت سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں کئی وارڈز کا برسوں سے بغیر سربراہوں کے چلنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

خبررساں ادارے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جناح اسپتال کے ڈائریکٹر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ اسپتال کو فوری طور پر100 اسپیشلسٹ کیڈر ڈاکٹرز،ساڑھے پانچ سوسے زائد پیرا میڈیکل ٹیکنیشنز اور 850 سے زائد اسٹاف نرسز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بھرتیوں کیلئے اجازت دیدی ہے، جلد درخواستیں طلب کریں گے، اس وقت اسپتال میں 227 اسپیشلسٹس، 236 کنسلٹنٹس جبکہ 2 ہزار اسٹاف کی بھرتی کی بھی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ جناح اسپتال کے کئی وارڈز میں کئی برسوں سے فیکلٹی پروفیسر تعینات نہیں ہیں، اس وقت درجنوں کی تعداد میں ہونے والے آپریشنز بھی چند ایک تک محدود رہ گئی ہے۔