کوئن الزبتھ کے انتقال پر جمائما نے عمران خان کے ساتھ تصویر شیئر کردی

jamaima%20queen%20imran%20khan.jpg



پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر پرانی یادرگار تصاویر شیئر کردی، سابق شوہر عمران خان کے ہمراہ ملکہ الزبتھ دوم کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جمائما کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں جمائما نے سر پر دوپٹہ اوڑھا ہوا ہے اور عمران خان نے روایتی لباس کے ساتھ سیاہ ویسٹ کوٹ پہنی ہوئی ہے،جمائما گولڈ اسمتھ نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

برطانوی ملکہ الزبتھ دوم چھیانوے برس کی عمر میں گزشتہ روز انتقال کرگئیں، انیس سو باون میں تخت نشین ہونے والی ملکہ نے بالمورل کاسل میں آخری سانسیں لیں،ملکہ کے انتقال پر برطانیہ میں دس روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے،آخری رسومات دس دن بعد ادا کی جائیں گی، وزیراعظم لزٹرس نے کہا ملکہ الزبتھ، برطانیہ کی روح تھیں۔



آنجہانی ملکہ کے بڑے بیٹے چارلس برطانیہ کے بادشاہ ہوگئے، چارلس کو باقاعدہ کنگ چارلس تھری کا خطاب دے دیا گیا ہے، کنگ چارلس نے والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کینیڈا، آسٹریلیا سمیت چودہ ملکوں کی سربراہ مملکت تھیں،عالمی رہنما ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں،امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ملکہ الزبتھ دوم ایک عہد ساز اور باوقار شخصیت کی مالک تھیں۔

کینیڈا نے ملکہ کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ملکہ الزبتھ ان کی پسندیدہ شخصیات میں سے ایک تھیں، برازیل نے بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔