کوئٹہ میں مولاناہدایت الرحمان کو اپنے دفتر میں نظربند کردیاگیا:جماعت اسلامی

Maulana-Hidayat-ur-Rehman.gif


گوادر کو حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان کو کوئٹہ دفتر میں نظربند کردیا گیا۔
ترجمان جماعت اسلامی بلوچستان کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان نے دھرنے میں شرکت کے لیے چمن جانا تھا,ترجمان عبدالولی شاکر نے بتایا جمہوری جدوجہد اور حقوق کے حصول سے روکا نہیں جاسکتا۔

دوسری جانب ڈی ایس پی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کو نظر بند نہیں کیا، جماعت اسلامی کی دفتر پر ایک پولیس اہلکار سیکیورٹی کے لیے تعینات ہے

حق دو تحریک کے مولانا ہدایت الرحمان کو گوادر میں احاطہ عدالت سے رواں سال جنوری میں کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر فوجداری مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی حالیہ ضمانت نے جہاں ان کے کارکنان کو خوش کر دیا ہے وہیں کئی سوالات کو بھی جنم دیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان کی ضمانت ایک ایسے وقت میں ہوئی تھی جب ملک بھر میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان کی گرفتاریاں جاری تھیں۔

مولانا ہدایت نے بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ’میرے خلاف جعلی مقدمات درج کیے گئے۔ منصوبہ تو یہی تھا کہ مجھے بند رکھنا ہے کیونکہ کوئی ٹھوس مقدمہ تو ہے نہیں,اب وہ مجھے الیکشن تک بند رکھیں یا الیکشن کے بعد تک، اس کا انحصار اداروں پر ہی تھا۔

مولانا ہدایت الرحمان گوادر میں جماعتِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل رہ چکے ہیں اور حق دو تحریک کے بانی بھی ہیں۔ گوادر کے ماہی گیروں کے مسائل ہوں یا پھر فوجی چیک پوسٹوں پر عام عوام سے روزانہ کی پوچھ گچھ، مولانا ان تمام معاملات پر برملا بات کرتے اور احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔