خالہ کی بے حسی,بہن سے جھگڑے پر بھانجی اور بھانجے کو نہر میں پھینک دیا

4canalalsksjkjdhdh.png


گوجرانوالہ میں دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا, سنگ دل خالہ نے بہن کے ساتھ جھگڑے پر بھانجے اور تین بھانجیوں کو اغوا کرلیا, جس میں سے دو کو نہر میں پھینک دیا, تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ ریتانوالی گراؤنڈ نوشہرہ روڈ پر بہن کے ساتھ جھگڑے پر ملزمہ نازیہ نے اپنے بھانجے اور تین بھانجیوں کو اغوا کیا۔

بچے اپنی والدہ کے ہمراہ ننھیال آئے ہوئے تھے جہاں انکی والدہ اور خالہ کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا,ملزمہ نازیہ اپنی بہن سے انتقام لینے کیلئے بچوں کو چیز دلوانے کے بہانے گھر سے لیکر چلی گئی۔ ملزمہ کی بچوں کو گھر سے لیجانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سا منے آگئی۔

بچوں کے والد کی مدعیت میں پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو حراست میں لیا جہاں اُس نے دوران تفتیش دو بچوں کو نہر میں پھینکنے کا اعتراف کرلیا۔

اغوا ہونے والے بچوں میں ساڑھے پانچ سالہ سحر، ساڑھے تین سالہ اسوہ، ڈھائی سالہ بسمہ اور ڈیڑھ سالہ فرحان شامل ہیں,پولیس نے دو بچوں سحر اور اسوہ کو برآمد کرکے والدین کے حوالے کردیا۔ ملزمہ کی نشاندہی پر اپر چناب نہر میں بسمہ اور فرحان کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

گزشتہ ہفتے کراچی میں چاچا نے بھتیجے کو اغوا کرلیا تھا,اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ بچے کے اغوا میں سگا چاچا ملوث نکلا تھا,پولیس نے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا, پیرآباد تھانے کےعلاقے اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ معصوم بچے عمر کو نامعلوم ملزمان اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے، اغواکاروں نے بیرون ملک مقیم بچے کے والد سے بذریعہ فون 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ شاد ابنِ مسیح کی ہدایت پر مغوی بچے کی بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھی جس پر پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاطت بازیاب کرکے اس کے اغوا میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پیرآباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ہاشم ولد محمد نظر خان کے نام سے ہوئی جو کہ مغوی بچے کا سگا چچا ہے ملزم نے بیرون ملک مقیم اپنے بھائی سے ذاتی رنجش کی بناء پر اپنے بھتیجے کو اغواء کیا اور بھائی سے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 95/2024 مغوی بچے کے چچا غیرت خان کی مدعیت میں تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی اپنے ہی ایک اور بھائی کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ہوکر پیرآباد تھانے سے جیل جا چکا ہے۔