عثمان خواجہ نے اپنے جوتے نیلام کرکے فلسطینی بچوں کی مدد کا اعلان کردیا

usm11i1.jpg


آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنےجوتے نیلا م کرکے حاصل ہونے والی رقم کو فلسطینی بچوں کی امداد پر خرچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مظلوم فلسطینیوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانے والے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ اپنے جوتے نیلامی کیلئے پیش کررہے ہیں، نیلامی 12 فروری تک جاری رہے گی، جوتوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطینی بچوں کیلئے ہوگی جنہیں مدد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

عثمان خواجہ نے "آزادی اور برابری" والے جوتوں کے پرنٹ والی ٹی شرٹس بھی متعارف کروادی ہیں اور کہا ہے کہ ان شرٹس کی فروخت سے حاصل ہونے والا سارا منافع یونیسف غزہ کے بچوں کی امداد کیلئے قائم کردہ فنڈ میں جمع کروایا جائے گا، جو یہ خرید سکتے ہیں وہ جدوجہد کرنے والے فلسطینیوں کی مدد کیلئے یہ شرٹس ضرور خریدیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عثمان خواجہ نے ایک میچ میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے مخصوص جوتے پہننے کا اعلان کیا تھا جس پر آئی سی سی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایسے جوتے پہننےسے روک دیا تھا۔