پی ایس ایل 9 کے آغاز سے پہلے ہی مشکلات،کئی کھلاڑی دستبردار ہو گئے

9psl999kkhhli.png

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کا 9 واں سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہونے لگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں شامل بہت سے غیرملکی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی مختلف وجوہات کی بنا پر دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے اپنے فاسٹ بائولر ریس ٹوپلے کو معمولی انجری کا شکار ہونے کے بعد پی ایس ایل کھیلنے کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریس ٹوپلے کے متبادل کے طور پر دشمنتھا چمیرا ، اولی سٹون یا ناندرے برگر ٹورنامنٹ میں ان کی جگہ لیں گے۔ ریس ٹوپلے کے علاوہ ایک اور انگلش کھلاڑی جیمی اورٹن کی طرف سے بھی پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جیمی اورٹن کے پی ایس ایل نہ کھیلنے کی وجہ سرے کائونٹی کی ایک سیزن میں انہیں تیسری لیگ کھیلنے کی اجازت دینے میں ہچکچاہٹ بتائی جا رہی ہے۔

جیمی اورٹن پی ایس ایل 9 سے پہلے متحدہ عرب امارات کی ILTٹونٹی اور آسٹریلین بگ بیش لیگ میں بھی کھیل چکے ہیں جبکہ انہیں ILTٹونٹی کے دوران معمولی انجری کا بھی شکار ہو گئے تھے۔ جنوبی افریقہ کے 2 کھلاڑیوں سی وین ڈیرڈوسن اور تبریز شمسی بھی پی ایس ایل 9 کے پہلے ہاف میں صرف ابتدائی 6 میچوں کے لیے اپنے فرنچائز کیلئے دستیاب رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تبریز شمسی اور سی وین ڈیرڈوسن کو پی ایس ایل 9 کے بعد ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران جنوبی افریقہ جانا ہو گا۔

جنوبی افریقہ کا کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پی ایس ایل 9 ٹرافی کی تقریب رونمائی صوبائی دارالحکومت لاہور کے ریس کورس پارک میں منعقد ہوئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ٹورنامنٹ کامیابی سے جاری ہے اور آج 9ویں ایڈیشن میں شامل ہونے جا رہا ہے۔