خبریں

پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 133 ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار کے نام کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے133لاہورضمنی الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن نے مرحوم رہنما پرویزملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا، جس کی پارلیمانی بورڈ نے منظوری دے دی۔ ن لیگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شائشہ پرویزملک این اے133ضمنی الیکشن میں امیدوارہوں گی۔نوازشریف اور شہباز شریف نے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے پرویز ملک کی پارٹی کیلئے خدمات کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسلامی احکامات کے مطابق شائستہ پرویز ملک صاحبہ عدت پوری کرینگی ۔انتخابی مہم وہ نہیں مگرpmlnاورانکا خاندان چلائیں گے-سینیئر خاتون سیاسی رہنماکا براہ راست انتخاب خواتین کوقیادت دینے کی کاوش ھے ۔رکن اسمبلی کی وفات پرانکی فیملی کو پارٹی ٹکٹ دینا ھر جماعت کی روایت ھے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 133 کے لیے اپنے امیدوار کے نام کا حتمی اعلان کیا۔ جمشید اقبال کو این اے 133 کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کردیا۔ این اے 133میں چوہدری اسلم گل پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے ۔ پیپلزپارٹی رہنما راجہ پرویزاشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھرپورطریقےسےانتخابی مہم چلائیں گے، پیپلزپارٹی لاہور ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرے گی۔ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کارکنان ضمنی انتخاب کےحوالے سے پرجوش ہیں، عام آدمی کی آوازحکمرانوں کوسنائی نہیں دے رہی، حکومتی ترجمانوں کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے۔حکومت نے ہر طبقے اورکمیونٹی کو پریشان کردیا ہے ، کنٹینرز پر کھڑے ہو کر لوگوں کو سبز باغ دکھائےگئے۔ تینوں جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ، ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک جبکہ پیپلزپارٹی کے اسلم گل مدمقابل ہوں گے لیکن اصل مقابلہ تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان ہوگا۔ اس حلقے میں تحریک لبیک کا بھی اچھا خاصا ووٹ بنک ہے۔ تحریک لبیک کی جانب سے مطلوب انقلابی یا چوہدری کاشف کو ٹکٹ ملنے کاامکان ہے۔ یاد رہے کہ چن روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن لاہورکے صدر اور سینئر رہنما پرویز ملک انتقال کر گئے تھے۔
خبررساں ادارے جنگ کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستان کے سابق ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالباسط نے دعویٰ کیا ہے کہ یو اے ای مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جو کہ بھارت کی بڑی کامیابی ہے۔ اب یہ معاملہ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے، لگتا ہے ہماری کوئی کشمیر پالیسی باقی نہیں۔ پاکستان کے سابق ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ بھارت اور یو اے ای کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہونے والا معاہدہ بھارت کی بڑی کامیابی ہے کیوں کہ او آئی سی ارکان ہمیشہ ہی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی حساسیت کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی منصوبہ بندی میں ہمیشہ ہی ایک اہم عنصر شامل ہوتا ہے، وہ یہ کہ کس طرح کچھ مسلم ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے سفارتخانے کھولنے اور سرمایہ کاری کی جانب راغب کرسکیں۔ اس کا مقصد او آئی سی کو اندر سے کمزور کرنا ہے تاکہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف میں کمزور ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خبر سامنے آئی ہے کہ دبئی حکومت نے بھارتی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دبئی مقبوضہ کشمیر میں انفراسٹرکچر کے حوالے سے سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ باتیں دنیا کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اس معاہدے میں جو بات سب سے زیادہ پاکستان کے لیے تکلیف دہ ہے وہ متحدہ عرب امارات کی او آئی سی میں مضبوط موجودگی ہے۔ ڈاکٹر عبدالباسط نے موجودہ پاکستانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب چونکہ معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں تو یہ واضح ہے کہ معاملہ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہماری کوئی کشمیر پالیسی باقی نہیں ہے۔ ماضی کی حکومتوں کا بھی کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی کمزور پالیسی میں کردار ہے۔ تاہم، اس کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ کشمیر کے مسئلے کا اب کوئی حل نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط مقبوضہ کشمیر کے محکمہ صنعت و تجارت کے پرنسپل سیکرٹری اور دبئی کے رولرز کورٹ کے ڈی جی محمد ابراہیم ال شیبانی نے کیے تھے۔ یہی نہیں ابھی تو خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شا 23 اکتوبر کو سری نگر اور شارجہ کی براہ راست فلائٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔
کراچی میں برنی ٹرسٹ کے چیئرمین صارم برنی کی رہائش گاہ پر انسداد منشیات فورس نے چھاپا مارا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسداد منشیات فورس نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں واقع صارم برنی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم گھر سے تلاشی کے دوران کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔ صارم برنی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شام کو پانچ بج کر 45 منٹ پر سرکاری نمبر پلیٹ والی تین گاڑیوں پر سوار اے این ایف کی ٹیم نے گھر پر چھاپہ مارا،انسداد منشیات فورس کی چھاپہ مار ٹیم کے پاس نہ تو کوئی سرچ وارنٹ تھا اور نہ ہی ان کے ہمراہ کوئی خاتون اہلکار تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت چھاپہ مارا گیا اس وقت گھر میں میری ہمشیرہ اور 2 بیٹے موجود تھے، میں گھر میں موجود نہیں تھا اہل خانہ نے اے این ایف کے اہلکاروں کے گھر میں گھسنے کے بعد کسی ایوب نامی شخص سے میری بات کروائی جس نے کہا کہ میرے گھر کے کچن میں منشیات کی موجودگی کی اطلاع اے این ایف کو موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں کچن کی تلاشی لینے کی اجازت دی تاہم انہیں کچن اور اردگرد کی جگہوں پر تلاشی کے باوجود کچھ نہیں ملا، مجھے اس علاقے میں رہتے 50 بر س ہوچکے ہیں اے این ایف نے چھاپہ مار کر میری عزت کو پامال کیا ہے، ایسا تاثر دیا گیا کہ اس گھر میں کسی سماجی رہنما کے بجائے کوئی منشیات ڈیلر رہتا ہے، اے این ایف کے سربراہ کی ذمہ داری ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کروائیں وگرنہ میں بھی قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔
ملک میں احتجاجی تحاریک زور پکڑنے لگی ہیں، ایک طرف کالعدم تنظیم کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں دوسری طرف پاکستان انجمن تاجران نے 26 اکتوبر کو فیض آباد میں دھرناد ینے کی دھمکی دیدی ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک ماہ قبل ایف بی آر کی جانب سے ہمارے مطالبات نہ مانے جانے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا اور شاہراہ دستور پر دھرنا دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 26 اکتوبر فیض آباد دھرنے کی اجازت دے اور فیض آباد کو ہمارے لیے خالی کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات ناجائز نہیں ہے حکومت دکانوں پر سیل ڈیوائس لگانے کی ضد کررہی ہے، اس فیصلے کے پیچھے سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن چھپی ہوئی ہے، یہ کوشش پرویز مشرف کے دور میں بھی کی گئی تاہم یہ ناکام رہی، چھوٹے کاروباروں کیلئے سیل ڈیوائس لگانا ناممکن ہے۔ واضح رہے کہ لاہور میں کالعدم تنظیم نے کئی روز سے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے میں 2 پولیس اہلکار شہید بھی ہوگئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ لاہور میں کالعدم تنظیم کے مظاہرے سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات کی ہدایات کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امو رسے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ، وزیراعظم عمران خان نے نورالحق قادری کو فوری طور پر دیگر وزراء کے ہمراہ لاہور پہنچ کر کالعدم تنظیم سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران نے کالعدم تنظیم سے مذاکرات کیلئے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت شامل ہیں، کمیٹی آج ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے علمائے کرام سے رابطہ کیا اور کہا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہماری اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ دوسری جانب کالعدم ٹی ایل پی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے اپنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس میں مفتی محمد وزیر علی، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی عمیر الظاہری شامل ہیں۔
سترہ سال غلط فہمی میں قید رکھا اور اب کراچی کے ڈرائیور کو گوانتاناموبے جیل سے رہائی کا پروانہ مل گیا، برطانوی این جی او کے مطابق غلط فہمی کی بنا پر 17 سال بدنام زمانہ امریکی جیل میں گزارنے والے احمد ربانی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے،امریکا کی چھ سیکیورٹی ایجنسیوں نے مشترکہ فیصلے میں احمد ربانی کو رہا کا فیصلہ دیا، برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کے ادارے ’ری پریو نے احمد ربانی کیلئے قانونی جنگ لڑی۔ برطانوی انسانی حقوق کے ادارے ’ری پریو، نے بتایا کہ احمد ربانی کو غلط فہمی کی بنا پر پاکستان سے افغانستان منتقل کیا گیا، جہاں مختلف مراکز میں انہیں 545 دنوں تک شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا،یہ تمام تر حقائق اور تفصیلات امریکی حکام کی جانب سے سینیٹ میں پیش کی گئی،ری پریو، کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ احمد ربانی کو جب کراچی سے گرفتار کیا گیا تو اس کے ٹھیک 2 دن بعد ہی انہیں اس بات کی تصدیق ہوگئی تھی کہ انہوں نے غلط شخص کو گرفتار کیا،احمد کیخلاف نہ کوئی چارج شیٹ فائل کی گئی اور نہ ہی کبھی ٹرائل کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا۔ احمد ربانی نے ہر اپیل ناکام ہونے کے بعد جیل میں تادمِ مرگ بھوک ہڑتال کر رکھی تھی،ری پریو کے سربراہ کا کہنا ہے کہ احمد ربانی کا القاعدہ یا کسی اور دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان سے یہ اعترافات تشدد کے ذریعے حاصل کیے گئے،احمد ربانی کے بیٹے جواد کے مطابق ان کے پیدائش والد کی گرفتاری کے بعد ہوئی،انہیں اپنے والد کے بارے میں گوگل سے علم ہوا اور وہ آج تک اپنے والد سے نہیں ملے ہیں۔ ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام نے ربانی کو ایک دہشت گرد حسن گل کے دھوکے میں پانچ ہزار ڈالر کے عوض امریکا کے حوالے کر دیا تھا جو انہیں کابل کی بگرام جیل میں لے گئے، 2004 میں خود حسن گل بھی گرفتار ہو کر اسی بگرام جیل میں ربانی کے ساتھ قید رہے اور صرف 3 سال قید کے بعد امریکیوں نے انہیں چھوڑ دیا،سربراہ اسٹیفرڈ کے مطابق حسن گل دوبارہ جا کر دہشت گردوں سے مل گئے اور 2012 میں وزیرستان میں ایک ڈرون حملے میں مارے گئے۔ دوسری جانب نیو یارک ٹائمز‘ کی شائع کردہ سرکاری امریکی محکمہ دفاع کے دستاویزات کے مطابق احمد ربانی کو القاعدہ کا رکن بنایا گیا تھا،دستاویزات کے مطابق سعودی عرب میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہری محمد احمد ربانی نے اعتراف کیا تھا کہ وہ القاعدہ کے سہولت کار ہیں اور انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ وہ القاعدہ کے سینئر منصوبہ ساز خالد شیخ محمد کے لیے براہِ راست کام کرتے تھے۔ نیویارک ٹائمز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دورہ حکومت میں انہیں 5000 امریکی ڈالر کے بدلے فروخت کیا گیا۔ دوسری جانب امریکی صدر کو لکھی گئی اپیل میں احمد ربانی کا کہنا تھا کہ انہیں 10ستمبر2002 کو حسن گل نامی ایک بدنام دہشت گرد سمجھ کر امریکیوں کے ہاتھ فروخت کر دیا گیا تھا، امریکی انہیں کابل لے گئے جہاں ربانی کے بقول ان پر بدترین تشدد کیا گیا۔
سرکاری ادارے پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورز نے ایک تحقیق کے بعد جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کے پانی کو آلودہ ترین قرار دیدیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورز نے پنجاب کے مختلف شہروں کے زیر زمین پانی پر تحقیق کی جس کے مطابق ملتان کا زیر زمین پانی پنجاب میں سب سے زیادہ آلودہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملتان کے پانی کے نمونوں کی جانچ کےدوران انکشاف ہوا ہے کہ اس میں 94 فیصد آلودگی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملتان کے پانی میں آلودگی کی شرح 94 فیصد پائی گئی ہے جبکہ اس پانی میں آرسینک کی مقدار کی شرح63 فیصد سے بھی زائد ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملتان کے پانی میں 10 فیصد آلودگی کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسرے نمبر پر پنجاب کے شہر بہاولپور کے پانی میں آلودگی کی شرح 76 فیصد تھی جبکہ گوجرانوالہ سے لیے گئے 14 نمونوں میں سے 7 میں آلودگی پائی گئی، پانی میں آلودگی کی شرح 50 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ باقی شہروں میں اسلام آباد کے 29 فیصد، فیصل آباد کے 59 فیصد، لاہورکے 31 فیصد، راولپنڈی کے 38 فیصد اور سرگودھا کے 83 فیصد پانی کے نمونوں میں آلودگی پائی گئی۔
لاہور میں کالعدم تنظیم کے احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ایم اے او کالج چوک میں کالعدم تنظیم کا احتجاجی دھرنا جاری تھا کہ اچانک پولیس اور مظاہرے کے درمیان جھڑ پ شروع ہوگئی، تصادم کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور اسی دوران مظاہرین کی ایک گاڑی نے 2 پولیس اہلکاروں کو روند ڈالا، جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق دونوں پولیس اہلکار لاہور کے تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھے، شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت خالد اور ایوب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان سربراہ سعد رضوی کی رہائی کیلئے لاہور میں دھرنا دیئےہوئے تھے آج مظاہرین نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردیا ہے، راستے میں متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اس حوالے سے مذاکرات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں صوبائی وزیر قانون راجا بشارت اور وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین شامل ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان دوران سماعت فرش پر لیٹ کر دہائی دیتے رہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں مقتول کے والد، مدعی، گواہ اور وکیل پیش ہوئے، اس موقع پر ملزم کو عاطف زمان کو بھی عدالت میں پیش کیا مگر ان کے وکیل محمد نوا ز غیر حاضر رہے۔ دوران سماعت ایک موقع پر کارروائی دلچسپ صورتحال اختیار کرگئی جب ملزم عاطف زمان کمرہ عدالت میں فرش پر لیٹ کر دہائی دینے لگے۔ ملزم نے زمین پر لیٹ کر کہا کہ میں اپنڈیکس کی تکلیف میں مبتلا ہوں اور میرے ڈاکٹرز نے مجھے فوری آپریشن کی ہدایات کی ہیں۔ ملزم کی دہائی پر عدالت نے اگلی سماعت سے قبل ملزم کا ضروری علاج کروانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر ملزم کو علاج کے بعد پیش کیا جائے ، عدالت نے یہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت کو 9 نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا ۔ اینکر مرید عباس کی اہلیہ زارا نور نے ٹویٹ کر کے کہا کہ حیران کن طور پہ ملزم اور اسکے وکیل کی جانب سے "ماڈل کورٹ" میں بھی تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ میرے شوہر کا قاتل عاطف زمان اپنے گھر والوں کے ساتھ آرام سے بیٹھا سگریٹ پی رہا تھا، مجھے دیکھ کر طنزیہ مسکرایا اور جب عدالت میں حاضر ہوا تو پیٹ پکڑ کہ نیچے لیٹ گیا اور عدالت کو کہا مجھے Apendix کا درد ہے ڈاکٹر نے ایمرجنسی میں اوپریٹ کرنے کا کہا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر حیرانی نہیں ہوئی کیوں کی عاطف زمان جتنا بڑا مکار فریبی اور ڈھونگی ہے وہ سب جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ ملزم عاطف زمان نے نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی اپنے کاروباری شراکت داروں کو 9 جولائی 2019 کو قتل کیا اور بعد میں خودکشی کی کوشش کی مگر ناکام رہا جس کے بعد اسے پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق مہنگائی کی شرح 14 اعشاریہ 48 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 29 ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہائی اسپیڈ ڈیزل 12 روپے 38 اور پیٹرول 10 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا اور ایل پی جی گھریلو سلنڈر 154 روپے 15 پیسے مہنگا ہوا ۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 27 روپے56 پیسےکااضافہ ہوا، ویجیٹیبل گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 67 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 5لیٹرخوردنی تیل بھی 26روپے33 پیسے مہنگا ہوا، لہسن فی کلو 5 روپے 9 پیسے اور آلو فی کلو 84 پیسے مہنگے ہوئے، انڈے فی درجن 2 روپے 21 پیسے مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق چائے، چینی، تازہ دودھ، دہی، چاول، دال ماش اور مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ اس ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
لاہور کی مقامی عدالت نے مدرسے کے طالب علم سے بدفعلی کیس میں مفتی عزیزالرحمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج نعمان نعیم نے کی، دلائل کے دوران ملزم عزیز الرحمان کے وکیل نے کہا کہ سازش کے تحت کیس میں ملوث کیا گیا، جس ویڈیو کے وائرل ہونے پر گرفتار کیا گیا ایسی ویڈیو چند منٹ میں کمپیوٹر پر بنائی جا سکتی ہے۔ اے آر وائے کے مطابق وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے ایسے میں ملزم کو جیل میں قید رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل نے کہا ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں اور ضمانت ملنے پر وہ کیس پر اثر انداز ہو سکتا ہے لہٰذا درخواست مسترد کی جاٸے، عدالت نے وکلا کے دلاٸل سن کر مفتی عزیز الرحمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ یاد رہے مفتی عزیز الرحمان کی نازیبا ویڈیو لیک ہونے پر پولیس نے بدفعلی کا شکار ہونے والے نوجوان صابر شاہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا، صابر شاہ کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمات میں 337 اور 506 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ملزم کے تین بیٹے اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ، جس کے بعد پولیس نے عزیز الرحمان اور ان کے ایک بیٹے کو گرفتار کرلیا تھا۔
نجی خبر رساں چینل اے آر وائے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں فحش ویب سائٹس بلاک کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیر اخلاقی مواد سے بچانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نسل نو کی کردار سازی بہت اہم ہے، جدید ٹیکنالوجی کے آلات نے لوگوں کی ہر قسم کے مواد تک رسائی ممکن بنا دی ہے، نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیراخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو آن لائن مواد کی موثر گیٹ کیپنگ کو یقینی بنا نے کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ پی ٹی اے کو آئی ایس پیز، سی ڈی اینز سے مل کر کام کرنیکی ضرورت ہے تاکہ سی ڈی این، خاص طور پر کلاڈ فیئر کے ذریعے فحش موادکو روکا جا سکے۔ یہ بھی کہا گیا کہ کہ پی ٹی اے کو اپنے ویئر ہاؤس مینجمنٹ سسٹم کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چینی چہر چنگ داؤ اور پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد کے درمیان "سسٹرسٹی" کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دونوں شہروں کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا سبب بنے گا۔ اس حوالے سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ دونوں شہروں کے درمیان اس معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں، یہ معاہدہ شہری سفارت کاری کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سسٹر سٹی کے مطاہدے سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان براہ راست اور کاروبار سے کاروبار تعاون بڑھے گا، اس کے علاوہ سیاحتی و ثقافتی شعبوں میں بھی بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ چینی شہر چنگ داؤ کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں ، جن شعبوں میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے ان میں زراعت، سروسز اور الیکٹرانکس کے شعبے قابل ذکر ہیں۔
پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس نے منشیات بنانے والی تین فیکٹریوں پر چھاپے مارے ہیں جس میں کروڑوں مالیت کی منشیات بشمول آئس برآمد کرلی گئی ہیں، ملزمان گرفتار۔ نجی خبررساں ادارے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کے رہائشی علاقے کے تین مکانوں میں آئس سمیت دیگر نشہ آور مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ان مکانوں پر چھاپہ مارا تو مکان کے اندر سے آئس اور دیگر منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے، برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت کروڑوں میں بتائی جاتی ہے، فیکٹری میں موجود ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان خیبر پختونخوا کے مطابق فیکٹری سے 126 کلو گرام نشہ آور کیمیکل،5 کلو گرائم آئس، 1 لاکھ 46 ہزار سے زائد تیار گولیاں اور منشیات تیار کرنے والی مشینیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں میں آئس کی گولیاں تیار کی جاتی تھیں جو مقامی سطح پر فروخت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اسمگل بھی کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق فیکٹریوں پر چھاپے کے دوران تین موٹر سائیکلیں، 9 لاکھ روپے کیش رقم بھی برآمد ہوئی ہے ، موٹر سائیکلوں اور کیش کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے دوران تفتیش ملزمان سے اہم انکشافات کا بھی امکان ہے۔۔
انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ہوتی کے علاقے کی ایک مقامی مسجد میں شہری نے لاؤڈ اسپیکر پر مہنگائی سے تنگ آ کر عمران خان کی حکومت کیلئے بددعائیں دینے کی اپیل کی جس پر پولیس نے گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کر دیا، عدالت نے غفران نامی شہری کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے چاٹو چوک میں مسجد کا لاؤڈ اسپیکر چلا کر لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ملک میں مہنگائی ہو رہی ہے لہٰذا خواتین و حضرات سے اپیل ہے کہ وہ دعا کریں کہ عمران خان کی حکومت سے جان چھوٹ جائے۔ اس عمل پر شہری کو گرفتار کر کے چالان کیا گیا تاہم عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔ اس شہری کی موجودہ حکومت کے لیے اس طرح بددعائیں دینے کی اپیل کی باقاعدہ ایک ویڈیو بھی موجود ہے جو کہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ پولیس نے اس شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات شامل ہیں۔ پی پی سی (پاکستان پینل کوڈ) کے تحت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر کسی بھی شہری کو ایک مہینہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ایک قانونی ماہر کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے مطابق مسجد کا اسپیکر اذان کے علاوہ کسی مقصد کیلئے نہیں استعمال کیا جا سکتا۔ یاد رہے کہ ملک میں اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے کیونکہ پٹرول کی قیمت 137 روپے سے زائد ہے جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ہوا ہے اور نتیجے کے طور پر تمام اشیائے خورونوش مہنگی ہو گئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ سال مہنگائی اس سے بھی زیادہ ہو گی، البتہ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ 2023 میں مہنگائی کا طوفان کسی حد تک تھم جائے گا۔
سپریم کورٹ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ آج امیدواران کے انٹرویو کئے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا، اصل مسئلہ یہ ہے یہ اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے۔ عدالت نے دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے رولز نہیں بنا سکتی۔ یاد رہے کہ درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ جس پر عدالت نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیتے ہوئے اس کام کیلئے پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ، افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے ۔ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیر خارجہ کے اس دورہ ء کابل کا مقصد معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے افغان عوام کی حمایت ، پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تجارت، اقتصادی و عوامی سطح پر تعاون کو بڑھانا ہے کابل ہوائی اڈے پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی ، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر ایمبیسڈر منصور احمد خان اور وزارت خارجہ افغانستان کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی ،چیرمین پی آئی اے ایر مارشل (ر) ارشد ملک ،چیرمین نادرا طارق ملک ،کسٹم ،ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،ایک روزہ دورے کے دوران افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند، وزیر خارجہ امیر خان متقی و دیگر قیادت سے ملاقات کریں گے ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں ، باہمی دلچسپی کے شعبوں بالخصوص تجارت میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر غور و خوض کیا جائے گا وزیر خارجہ، افغان قائدین کو افغانستان میں امن و امان کے قیام اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے قریبی برادر ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے سے پاکستان، علاقائی امن اور استحکام کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے،پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں سہولت کیلئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے "کوویڈ پروٹوکول" کے تحت افغان بھائیوں کی نقل و حرکت اور سفری سہولت کے لیے نئ ویزہ رجیم متعارف کروائی، ہم، افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ اور کارگو کی آمد و رفت میں سہولت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان نے جذبہ ء خیر سگالی کے تحت، حالیہ دنوں میں اشیائے خورونوش اور ادویات کی شکل میں انسانی امداد افغانستان بھجوائی۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے محض ایک نکتے کی دوری، پاکستان نے فیٹف کی جانب سے عائد کی گئی 27 شرائط پر 100 فیصد عملدرآمد مکمل کرلیا ہے، کمپلائنس رپورٹ کے جائزے کے بعد فیصلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف کی جانب سے عائد کی گئی 27 شرائط پر 100 فیصد عملدرآمد مکمل کرلیا، مکمل کمپلائنس کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر جن 27 پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا گیا تھا ان پوائنٹس پر 100 فیصد عملدرآمد کیا گیا ہے، چونکہ بھارتی لابی پاکستان کے خلاف سرگرم ہے اور فیٹف ممبران کے عدم تعاون کی صورت میں فیٹف اپنی شرائط کو ایشیاء پیسفک گروپ کے 40 پوائنٹس پر عملدرآمد سے مشروط کرسکتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو مزید کچھ عرصے کیلئے گرے لسٹ میں رکھے جانے کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے پیرس میں جاری تین روزہ اجلاس میں پاکستان کا ایجنڈا آج مکمل ہوگیا ہے اب فیٹف کے فیصلے کا انتظار ہے جو رات گئے کسی وقت یا جمعرات کو متوقع ہے جس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں رکھنے یا نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ کیخلاف اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے فیٹف کو بھجوائی جانے والی کمپلائنس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیش رفت میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات، سزاوٴں، ملزمان کے اثاثے ضبط کرنے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں، اب پیش رفت کی بنیاد پر نام گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنے سے متعلق فیصلہ ہوگا، نام گرے لسٹ سے نکالنے سے پہلے فیٹف کی تکنیکی ٹیم پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے یا پھر پاکستان کو چند ماہ کی مزید مہلت دی جا سکتی ہے۔ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پاکستان کے اسٹیٹس میں تبدیلی کا فیصلہ آئندہ سال کرے گا، تبدیلی کا فیصلہ اپریل 2022 تک کئے جانے کا امکان ہے۔
تحریک انصاف کے پارٹی کے اجلاس میں پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کی تجویز زیر غورآئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں مجموعی مہنگائی کی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر اجلاس میں کم آمدنی والے طبقے کو پیٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دینے کے منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کہا کہ ہمیں مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے اسی لیے تو ہم نے صحت کارڈ، کسان کارڈاور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھارہے ہیں، وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات کی کہ ملک میں کمزور طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا پروگرام جلد شروع کیا جائے۔ اجلاس میں شرکاء کی جانب سے کم آمدنی والے طبقے کیلئے پیٹرول پر بھی سبسڈی دینے کی تجویز سامنے آئی جس پر غور بھی کیا جارہا ہے۔ اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ وزیراعظم نے پیٹرول پر کم آمدنی والے طبقے کو سبسڈی دینے کیلئے پروگرام تشکیل دینے کی ہدایات کی ہے جس کے تحت رکشہ، عوامی سواریوں کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیا جائے گا۔
حکومت نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی سکیورٹی واپس لے لی، سکیورٹی کے لئے تعینات پولیس کے اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے رکن سندھ اور رکن بلوچستان کو فراہم کی گئی سیکیورٹی واپس لے لی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی سیکیورٹی بھی واپس لے لی جبکہ دو پولیس اہلکاروں کو ان کی حفاظت پر مامور کر دیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکریڑی اور الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کہ سیکریٹری داخلہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور الیکشن کمیشن ارکان کی سیکیورٹی واپسی سے متعلق معاملے کو وزیر داخلہ کے سامنے رکھیں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اہم کیسوں کی سماعت مقرر کر دی، 21 اکتوبر کو اعظم سواتی کو جاری کیے گئے نوٹس کی سماعت ہو گی۔ غیر پارلیمانی، تضحیک آمیز زبان کا استعمال، بے بنیاد الزامات اور پاکستان کے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دینے پر اعظم خان سواتی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

Back
Top