کوئہ چیز بیکار نہیں، پلاسٹک کو ری سائیکل کرکے سڑک تیار کرلی گئی،پاکستان میں پہلی بار پلاسٹک سے روڈ بنانے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا ہے۔
پلاسٹک روڈ کانسیپٹ کے تحت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں پلاسٹک سے سڑک تعمیر کی گئی ہے،اسلام آباد میں سی ڈی اے اور نجی کمپنی کے اشتراک سے ایف نائن پارک میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا، جس میں ابتدائی طور پر ایک کلومیٹر سڑک بنائی گئی ہے۔
سڑک کی تعمیر کیلئے سڑک سے روزانہ جمع کیا جانے والا کچرا ری سائیکل کرکے استعمال کیا گیا ہے، حکام کو امید ہے کہ پلاسٹک سے تیار کردہ سڑک روایتی سڑکوں سے زیادہ پائیدار ہوں گی اور ماحول دوست ثابت ہوگی، کیونکہ اس طرح کچرہ بھی استعمال میں آجائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ سال خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار بازاروں میں اکٹھے کیے جانے والے کچرے سے نامیاتی کھاد بنانے کا تجربہ کیا گیا تھا، غیر سرکاری ادارے ڈاکٹر اختر حمید خان ٹرسٹ اور غیرملکی این جی او نارویجن چرچ اینڈ این سی اے کے تعاون سے مردان میں انٹیگریٹڈ ریسورس ریکوری سینٹر بنایا گیا، جہاں گلی کوچوں اور منڈیوں کے کچرے کو کارآمد بنا کر نامیاتی کھاد بنائی جارہی ہے۔