خبریں

آج سپریم کورٹ میں نورمقدم قتل کیس کے ملزمان ذاکرجعفر،عصمت جعفرکی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی سپریم کورٹ نے ظاہر جعفر کی والدہ عصمت آدم کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ سپریم کورٹ نے عصمت آدم کو خاتون ہونے کی وجہ سے ضمانت پر رہائی دی اس موقع پر عدالت نے عصمت آدم کو 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا سپریم کورٹ نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی اس سے قبل ملزمان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں درخواست گزارمرکزی ملزمان نہیں، ملزمان پر قتل چھپانے اور پولیس کو اطلاع نہ دینے کا الزام ہے، قتل چھپانے کے حوالے سے ملزم کا بیان اور کالز ریکارڈ ہی شواہد ہیں، 6:45 ‎سے 9 بجے تک والد ملزم سے رابطے میں رہا۔ خواجہ حارث کا مزید کہنا تھا کہ والد کے بات ہونے کے شواہد نہیں ہیں۔ اس پر جسٹس قاضی امین نے سوال کیا کہ ضمانت کے مقدمہ میں اپنے رائے دے کرہم پراسیکوشن کے مقدمہ کو تو ختم نہیں کر سکتے، جسٹس منصور علی شاہ‎ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کالز میں والد قتل کا کہہ رہا ہو ،یہ بھی ممکن ہے روک رہا ہو۔ جس پر ملزمان کے وکیل نے خواجہ حارث نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے بیٹا باپ کو سچ بتا ہی نہ رہا ہو۔کال ریکارڈز کی قانونا کوئی اہمیت نہیں ہوتی ‎ ‎ جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ کیا ملزم کی ذہنی حالت جانچنے کیلئے میڈیکل کروایا گیا۔‎ ‎ اس پر وکیل مدعی کے وکیل شاہ خاور‎ نے کہا کہ ملزم کا صرف منشیات کا ٹیسٹ کروایا گیا ہے، ذہنی کیفیت جانچنے کیلئے کوئی معائئنہ نہیں ہوا۔ ‎ جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ ملزم انکار کرے تو ذہنی کیفیت نہیں دیکھی جاتی، ذہنی کیفیت کا سوال صرف اقرار جرم کی صورت میں اٹھتا ہے۔ ‎ ‎ جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ ٹرائل کی کیا صورت حال ہے؟‎ ‎ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے جواب دیا کہ فرد جرم عائد ہو چکی آٹھ ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت بھی ہے۔ ‎ ‎ اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بظاہر ماں کے جرم میں شامل کے شواہد نہیں۔جائزہ لیں گے کہ پولیس کو بلانے کی بجائے تھراپی کا کیوں کہا گیا‎ ‎ جسٹس منصور علی شاہ‎ نے کہا کہ ایک سفاک قتل ہے جس کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔جسٹس قاضی محمد امین‎ نے کہا کہ وقوعہ کے بعد بھی ملزمان کا رویہ دیکھا جاتا ہے، ‎ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کا کہنا تھا کہ والدہ کی بھی 11 کالز کا ریکارڈ موجود ہے ‎ ‎ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ اتنے سفاک قتل میں تمام پہلووں کو دیکھتے ہوئے ضمانت کس بنیاد پر ہونی چاہئے؟ اگر کال ریکارڈز کو بھول بھی جائیں، تو ذاکر جعفر نے قتل سے متعلق پولیس کو اطلاع کیوں نہیں دی؟
خبر رساں ادارے ایکسپریس کے مطبق لاہور ہائیکورٹ میں شوگر ملز کو جرمانے کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس جواد حسن نے شوگر ملز مالکان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ مہنگی چینی بیچنے کا الزام لگا کر شوگر ملز کو جرمانے کیے گئے، مسابقتی کمیشن نے جرمانوں کی وصولی کے لیے نوٹسز جاری کردیئے، معاملہ پہلے سے عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جرمانے نہیں کیے جا سکتے، عدالت جرمانوں کی وصولی کا نوٹس کالعدم قرار دے۔ عدالت نے شوگر ملز کو جرمانے کرنے کے فیصلہ پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے، اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے مہنگی چینی بیچنے والے شوگر ملز مالکان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد شوگر ملز مالکان پر جرمانے عائد کیے تھے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا تھا کہ قانون شکنی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی مقررہ سے زائد قیمت پر فروخت کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی، چینی کی ایکس مل قیمت 84.75، ریٹیل 89.75 روپے فی کلو گرام سے زائد پر فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں۔ پنجاب حکومت نے قانون کی خلاف ورزی میں ملوث شوگر ملوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے چنار شوگر ملز فیصل آباد، شکر گنج شوگر ملز جھنگ اور پسرور شوگر ملز گوجرانوالہ کے مالکان اور انتظامیہ کیخلاف مقدمات درج کرلیے تھے اور چنار شوگر ملز کے مالک جاوید کیانی و شکر گنج شوگر ملز کے مالک پرویز احمد کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔
وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کی ناکامی کی خبروں کی تردید کر دی، بیان میں کہا کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم وضاحت کرتے ہوئے کہا مذاکرات کی ناکامی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، جمعہ کو مذاکرات جہاں ختم ہوئے پیرسے دوبارہ اُسی نقطے سے بات چیت کا آغاز ہوگا۔ ترجمان وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات بلاتعطل پیر سے دوبارہ شروع ہوں گے، مذاکرات ختم ہونے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں ہے، آئی ایم ایف سے کامیابی تک مذاکرات جاری رہیں گے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے سیکریٹری خزانہ اوران کی ٹیم واشنگٹن میں موجود ہے جبکہ شوکت ترین اورگورنراسٹیٹ بینک شیڈول کے مطابق نیویارک میں اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کی تھی، شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے، حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے مان لیں پھر بھی مذاکرات ناکام ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترامیم کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیب قوانین میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کرلیا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے کرنے کے فرائض سونپ دیئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا جبکہ حکومتی ٹیم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر ترامیم پر کام کرے گی اور جن ترامیم پر اتفاق ہو گا اس کو ایکٹ کے لئے بل میں شامل کیا جائے گا۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے، پوری دنیا میں اس وقت مشکل حالات ہیں، کورونا نے پوری دنیا کی معیشت متاثر کی اور خطے کے حالات تبدیل ہورہے ہیں، ہمارے ملک کی سمت درست ہوچکی، ہماری قوم کی خوداری میں اضافہ ہواہے، وزیراعظم کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں وہ صرف اور صرف اپنی قوم اور ملک کا سوچتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دور میں صرف دو پارٹیوں نے حکومت کی ہے ،کوئی ایسا قومی ادارہ نہیں چھوڑا تھا جو منافع میں ہو، پی ٹی آئی حکومت میں صوابی کے عوام کو شناخت ملی، پہلی بار پختونوں کو قومی حکومت ملی ہے۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ میرا مشن ہے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کروں گا، بیس کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کے میدان بنائیں جائیں گے۔
صنعتیں تاریخی منافع کمارہی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پروپیگنڈاکیا جارہاہے،فواد چوہدری وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ تیل کی قیمت میں اضافے پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جیسے ہم کوئی دنیا سےعلیحدہ سیارے پر ہوں،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہورہی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے،دنیا میں تیل، گیس اوپر جائے گا تو پاکستان میں بھی اوپر جائیگا، سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں، کل کم ہو جائینگی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی۔ فواد چوہدری نےمزید کہا کہ معاشی مشکلات عارضی ہیں، انڈسٹری، زراعت و تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں، نجی سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہ میں اضافہ کرے، تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے، آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائی کا توڑ ہے۔ دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئی ہیں، پوری دنیا میں مہنگائی ہے، پاکستان میں مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائےگا،ڈالر افغانستان اسمگل ہونے کے باعث مہنگا ہوا، ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہےہیں،کوئی خوش فہمی میں نہ رہے۔ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔ CVGYjn-hM9D
کراچی کے علاقے صدر میں پٹاخوں کے گودام میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا گیا، آگ لگنے سے پٹاخوں کے گودام کے قریب کھڑی 4 گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، جب کہ پولیس نے ایک ایسے شخص کو بھی گرفتار کیا جو غیر قانونی گودام کا مالک ہے۔ صدر میں سی بریز اسپتال کے قریب بس اڈے سے متصل خالی پلاٹ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ جس پر فائر بریگیڈ کے 6فائر ٹینڈرز نے قابو پایا۔ آگ لگنے کے باعث پٹاخے دھماکے سے پھٹنے لگے، جن سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع ابلاغ کا واقعہ متعلق دعویٰ ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں، آگ کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید 4 گاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 3 سال سے رہائشی پلاٹ پر پٹاخوں کا گودام بنایا ہوا ہے جس کے خلاف اب تک کوئی کارروائی کرنے نہیں آیا۔ پٹاخوں کا مذکورہ گودام حنیف نامی شخص کا ہے، اسی علاقے میں حنیف کے دوسرے گودام میں چند برس قبل بھی آگ لگی تھی۔ پولیس نے رہائشی علاقے میں غیر قانونی گودام بنانے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ جب کہ آتشزدگی کے نتیجے میں قریب کھڑی 4 گاڑیاں بھی جل گئی ہیں، تاہم آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی نے سی او ہیلتھ ،ڈی ایچ او ،ایم ایس اور دیگر ڈاکٹروں کی میٹنگ بلوائی جس میں مبینہ طور پر آغاز ہی گالم گلوچ سے ہوا جس کے نتیجے میں میٹنگ ہال میدان جنگ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے 16 اکتوبر کی رات 11 بجے ایک ہنگامی میٹنگ کال کی جس میں سی او ہیلتھ ،ڈی ایچ او ،ایم ایس اور دیگر ڈاکٹروں کو فوری پہنچنےکی ہدایت کی گئی۔ میٹنگ کے شروع ہوتے ہیں ڈپٹی کمشنر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ڈاکٹروں کو گالیاں و دیگر مغلظات بکنا شروع کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال کی جانب سے ہتک آمیز رویے پر ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمان بلال نے احتجاج کیا تو ڈی سی آغا ظہیر عباس شیرازی نے اپنے گن مین کو ڈاکٹر کو گولی مارنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر کی بات سننے کے بعد ڈاکٹر بلال نے اپنا گریبان کھول کر کہا کہ مجھے گولی مار کر دکھاؤ۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمان بلال کا کہنا تھا کہ میٹنگ ہال میدان جنگ بن گیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے پولیس فورس کو طلب کیا، پولیس نے مشتعل ڈاکٹروں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارچ کیا۔ ڈاکٹروں نے سی او ہیلتھ آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ گالیاں دینے والا اور کرپٹ ڈپٹی کمشنر خانیوال میں ہے وہ احتجاجاً کام نہیں کریں گے۔ سی او ہیلتھ خانیوال نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے اپنے ایک کلرک منظر کے ہاتھوں ان سے 5 لاکھ روپے رشوت لی اور ہمیں میٹنگ میں یہ غلیظ گالیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ آج کی میٹنگ میں تو اخلاقیات کا جنازہ نکالا گیا ہے اور ہمیں ننگی گالیاں دی گئی ہیں۔ پولیس کے ذریعے ہمیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ہڑتال پر جارہے ہیں یہ ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک اس بدعنوان اور بداخلاق ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کو معطل نہیں کیا جاتا ڈاکٹرز کام نہیں کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع ابلاغ کے مختلف نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال سے رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی جواب نہ دیا بلکہ متعدد نمائندوں کے فون کال ریسیو بھی نہیں کیے۔
سندھ حکو مت نے مشترکہ مفادات کونسل کا متبادل توانائی سے متعلق فیصلے کو پارلیمنٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے متبادل توانائی سے متعلق پالیسی کے خلاف آئین کے آرٹیکل154 کے تحت پارلیمنٹ کو ریفرنس ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر اجلاس طلب کرکے ووٹنگ کروائی جائے۔ اس حوالے سے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر اور وزیراعظم عمران خان کو خط بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ متبادل توانائی سے متعلق نئی پالیسی صوبوں پر زبردستی مسلط نہیں کی جاسکتی۔ خط میں مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ ہائیڈل پاور کو متبادل توانائی کے طور پر شامل نہیں کیا جاسکتا، سندھ کے عوام تاریخ کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں، متبادل توانائی کی پالیسی اور بجلی کی پیداوار کے حوالے سے قومی ضرورتوں کا غلط تعین کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پالیسی سستے بجلی گھروں کو ختم کردے گی،وفاقی پالیسی میں ہائیڈل پاور کو شامل کرکے سستے بجلی گھروں کے منصوبوں کا شدید نقصان پہنچایا جائے گا، ہوا اور شمسی توانائی کے ذیادہ تر منصوبے سندھ میں ہیں، اس پالیسی سے سندھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
سماء نیوز کے مطابق تعلیمی بورڈ لاہور نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا جس میں 707 طلبا نے پورے 100 فیصد یعنی 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کئے ہیں۔ چیئرمین بورڈ مرزا حبیب کا کہنا ہے کہ معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کورونا پابندیوں کے باعث رواں سال این سی او سی نے ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ سے صرف اختیاری مضامین کے پرچے لینے کی ہدایت کی تھی۔ چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور نے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا، جس کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 92 ہزار 836 بچوں نے حصہ لیا۔ رواں سال 2 لاکھ 88 ہزار617 بچوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور کامیابی کا تناسب 98.58 فیصد رہا۔ اس طرح لاہور بورڈ کے امتحانی نتائج میں حیرت انگیز طور پر 707 طلبہ کو 1100 میں سے 1100 نمبرز دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ لازمی مضامین کے نمبر پورے آتے ہیں دیگر مضامین میں بھی طلبہ کو پورے نمبر دے دیئے گئے ہیں، بورڈ اس معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔
صوبۂ خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی کے علاقہ کالو خان میں شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی اور 2 بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔۔ شوہر نے بھانجے کے ساتھ مل کر بیوی اور بیٹیوں پر فائرنگ کی۔ نجی چینل جیو نیوز کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اس کی بیوی اور 2 بیٹیاں موقع پر جاں بحق ہو گئیں جبکہ ملزمان قتل کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے 1 ماہ قبل مردان اسپتال سے نومولود بچہ اغواء کیا تھا۔ بچے کو خاتون کے گھر سے بازیاب کر کے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا تھا، خاتون 7 دن قبل جیل سے رہائی ملی تھی۔ دوسری جانب مظفرگڑھ کے نواحی علاقے پیر جہانیاں میں گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 18 سال سے 2 ماہ کے درمیان ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اہل خانہ گھر میں سوئے تھے کہ آگ لگ گئی، جاں بحق افراد میں 4 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثاء کے مطابق گھر کے ایک رہائشی عرف کالا نےقبل روہیلا نوالی کے علاقے ماہرہ میں فوزیہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، آتشزدگی کا واقعہ بھی مبینہ طور پر محبوب عرف کالا کے سسرالیوں کی کارروائی ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں اور ایک پیٹرول کی خالی بوتل بھی ملی ہے۔ لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد محبوب عرف کالا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
راولپنڈی میں عدالت نے خاتون سے گینگ ریپ اور بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کے ملزمان کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ۔ فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج ٹیکسلا خالد محمود چیمہ نے سنایا۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت نے گینگ ریپ کا شکار ہونے کے بعد قتل ہونیوالی خاتون کے 3 مجرمان کو دو دو مرتبہ سزائے موت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ سزا پانے والے نثار خان، عمر شہزاد اور نعیم سجاد شامل ہیں۔ ملزمان نے گزشتہ سال ستمبر میں ٹیکسلا کے علاقے میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کر دیا تھا اور لاش ایک کنوئیں میں پھینک دی تھی۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر 1122 نے لاش کنویں سےنکال لی، قتل پر پردہ ڈالنے کے لیے کنویں میں بھاری مقدارمیں کچرا پھینکا گیا، کنویں سے لاش نکالنے کے لیےدو دن تک آپریشن جاری رہا۔ خاتون کو اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھر سے کسی کے گھر کام کرنے کے لیے جا رہی تھی۔ملزمان نے خاتون کو مسلسل مزاحمت کرنے پر قتل کیا تھا۔ بعدازاں پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے میڈیکل اور دیگر ٹیسٹ کرائے تو ڈی این اے رپورٹ سے خاتون سے اجتماعی زیادتی اور قتل ثابت ہو گیا۔ پولیس نے کئی ہفتوں کی کڑی تفتیش کے بعد ڈی این سے ٹیسٹ کی مدد سے 3 ملزمان نثار خان،عمر شہزاد اور نعیم سجاد کو گرفتار کیا تھا۔
کراچی کے نجی بینک کے صارفین کے ساتھ فراڈ کرنے والی بینک کی ریلیشن مینجر نیہا کو والد اور بھائی سمیت سزا سنادی گئی ہے جبکہ ایک ملزم رومان حسن کو ثبوتوں کے عدم موجودگی پر رہا کردیا گیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی بینکنگ کورٹ نے نجی بینک کی پریمئر ریلیشن مینجر نیہا کو صارفین کے اکاؤنٹس سے پیسے نکال کر فیملی ممبرز کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرنے پر سزا سنادی ہے، عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیا اور انہیں جیل بھیج دیا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے نیہا کے ساتھ ساتھ اس کے والد اور بھائی کو بھی سزا سنائی، عدالت نے نیہا کو 34 سال قید اور 15 کروڑ 7لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنائی، ملزمہ کے والدضیا الحسن اور بھائی اشعر کو کو 14،14 سال قید50،50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزمہ نیہا نے اپنی برانچ کے صارفین کے اکاؤنٹس سے پیسے نکال کر اپنے خاندان کے لوگوں کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے ، ان پیسوں سے گھر والوں کیلئے گاڑیاں، زیورات خریدے گئے اور رہائشی فلیٹس کا کرایہ بھی ادا کیا جاتا رہا۔ واضح رہے کہ 2012 میں ایف آئی اے بینکنگ سرکل میں نجی بینک کی ریلیشن مینجر سمیت دیگر ملزمان پر 7 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا تھا، ایف آئی اے نے ملزمہ کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے دیگر ملزمان کے ہمراہ اس کی والدہ کو بھی نامزد کیا تھا تاہم دوران ٹرائلز ان کا انتقال ہوگیا۔ دوسری جانب سرگودھا میں شہریوں کی جائیدادوں کا ریکارڈ ردی میں فروخت کردیا گیا جس پر سرکاری ریکارڈ فروخت کرنیوالے جونئیر کلرک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ کی بھرتی کیلئے لیے جانے والے انٹری ٹیسٹ کے مایوس کن تنائج کے بعد اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے مایوس کن نتائج کو دیکھتے ہوئے اساتذہ کی بھرتی کی پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تجاویز بھی تیار کرلی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم کی تیار کردہ تجاویز کیلئے صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ مرتب کردہ تجاویز کے مطابق اساتذہ کی بھرتی کیلئے خواتین امیدواروں کیلئے پاسنگ مارکس میں رعایت دی جائے اور پاسنگ مارکس کی حد کو 40 تک محدود کردیا جائے، تاہم مرد امیدواروں کیلئے پاسنگ مارکس 55 ہی رہیں گے۔ اسی طرح امیدواروں کیلئے ہر مضمون میں 45 فیصد نمبرز حاصل کرنے کی لازمی شرط کو بھی ختم کردیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم سندھ نے تجویزد ی ہے کہ اس نرمی کے باوجود اگر سندھ میں آسامیاں خالی رہیں تو پالیسی کو مزید نرم کردیا جائے گا، تجاویز منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھجوادی گئی ہیں جہاں سے منظوری کے بعد سندھ میں اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل دوبارہ سے شروع کیا جائے گا۔
ترکی کی ایک تعمیراتی کمپنی نے پاکستان کے خلاف ورلڈ بینک کے ذیلی ادارے سے رجوع کرکے حکومت پاکستان کو ایک پھر عالمی سطح پر تنازعہ کا شکار کردیا ہے۔ خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی تعمیراتی کمپنی نے 12 اکتوبر کو معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کے خلاف ورلڈ بینک کے عالمی تنازعات کے ادارے ' انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انوسیٹمنٹ ڈسپیوٹس سے رجوع کیا۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات کی تفصیلات تو سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم عالمی تنازعات کو دیکھنے کیلئے قائم حکومتی ادارے انٹرنیشنل ڈسپیوٹس یونٹ کا کہنا ہے کہ درخواست ہائی وے کی تعمیر کے حوالے سے دی گئی ہے، پاکستان کے مفادات کا ہر ممکن طور پر دفاع کیا جائے گا۔ ترک کمپنی نے یہ درخواست 1995 میں پاکستان اور ترکی کے مابین ہونے والے بائی لیٹرل انویسٹمنٹ ٹریٹی کے معاہدے کے تحت دی گئی۔ واضح رہے کہ اسی معاہدے کے تحت ترک کمپنی نے 2003 میں بھی پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر ایک مقدمہ دائر کیا تھا جو 6 سال چلا، 2009 میں برطانیہ، جرمنی اور سائزرلینڈ پر مشتمل اراکین نے اس مقدمے کو مسترد کردیا تھا۔
وفاقی حکومت نے محکمہ پولیس میں ایس ایچ او رینک پر تقرری کیلئے کم از کم تعلیم بی اے مقرر کرنے کیلئے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر(ایس ایچ او) کے کم از کم بی اے پاس ہونے کیلئے قانون سازی کررہے ہیں۔ وزیر قانون فروغ نسیم کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ حکومت فوجداری مقدما ت کیلئے اصلاحات کررہی ہے، ان اصلاحات کے نافذ ہونے کے بعد فوجداری مقدمات 9 ماہ میں نمٹائے جاسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے قانون ملکیت میں ترمیم کیلئے بل پیش کیا تو وکیل ہمارے خلاف ہوگئے کیونکہ اس قانون کے پاس ہونے کے بعد وکیلوں کے کیسز کم ہوجائیں گے، تاہم جتنی بھی مخالفت ہوجائے حکومت پرواہ نہیں کرے گی، حق و سچ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ ہمارے پورے عدالتی نظام کا مرکز انگریزی زبان میں ہے لہذا ایسی قانون سازی کریں گے کہ ایک تھانے کا ایس ایچ او کم از کم بی اے پاس تو ہو، فرانزک کی اہمیت کے حوالے سے بھی قانون سازی کی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے جس کے بعد تحریک انصاف کے دور حکومت میں مجموعی طور پر بجلی کی اوسط قیمت 52 فیصد بڑھ گئی ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 1 روپیہ39 پیسے اضافہ کیا ہے جس کے بعد فی یونٹ اوسط قیمت 17روپے 83 پیسے تک پہنچ چکی ہے۔ اوسط قیمت میں فی یونٹ بنیادی ٹیرف اور سہہ ماہی ٹیرف بھی شامل ہے، حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کیا جاتا ہے جبکہ ڈیڑھ فیصد ڈیوٹی بھی شامل ہوتی ہے، فی یونٹ 45 پیسے فنانشل کاسٹ چارجز علیحدہ سے صارفین سے وصول کیے جاتے ہیں اور پی ٹی وی فیس 35 روپے فی بل مقرر ہے۔ نیپرا کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت آنے سے پہلے بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 11 روپے 72 پیسے تھی جس میں مجموعی طور پر 6روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ نیپرا کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے بجلی کی اوسط قیمت میں اب تک 52 فیصد اضافہ کردیا ہے جس سے فی یونٹ اوسط قیمت 17 روپے83 پیسے ہوگئی ہے۔
ایوان صدر کو بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا، دنیا کی پہلی گرین پریزیڈنسی بن گئی، ایوان صدر میں گرین پریزیڈینسی اور آئی ایس او 50001سرٹیفیکیشن کے حوالے سے تقریب ہوئی، تقریب سے خطاب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ گرین پریزیڈنسی منصوبے سے قومی خزانے کو 72.5 ملین روپے کی بچت ہوگی،جبکہ اس سے 35 فیصد توانائی بچائی جاسکے گی،منصوبے سے مکمل طور پر ایوانِ صدر کی توانائی کی ضروریات کو شمسی توانائی سے پورا کیا جاسکے گا۔ صدر علوی نے مزید کہا کہ اس اقدام سے سالانہ 3144 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ماحول میں شامل ہونے سے روکا جاسکتا ہے،جس سے ماحول کی بہتری میں مدد ملے گی،کیونکہ ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت ہے،لوگوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنے اور آگاہی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ پانی کے تحفظ اور وسائل کے ضیاع کے بارے میں پیغمبر اسلام ﷺکی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے توانائی کے تحفظ کے لیے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے اقدامات اپنائیں جس سے ماحولیاتی صٖفائی اور پانی کا ضیاع روکا جاسکے۔ بارسلونا کی مثال دیتے ہوئے صدر نے عمارتوں کی چھتوں کو شجرکاری یا سولر پینلز کے استعمال پر بھی زور دیا،انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ایوان صدر میں میاواکی جنگل بھی تیار کیا جا رہا ہے،صدر عارف علوی نے 2018 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹریٹ کے توانائی کے استعمال کو کم کرنے اور اسے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں منتقل کرنے کے لیے گرین پریذیڈنسی قائم کی تھی۔ ایسوسی ایشن آف انرجی انجینئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بل کینٹ نے اپنے ورچوئل خطاب میں صدر عارف علوی اور ان کی ٹیم کو ایوان صدر کو دنیا کی پہلی گرین پریزیڈینسی کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی،انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفیکیشن پاکستان کی صاف توانائی اور توانائی کی کارکردگی کے اہداف کو حاصل کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے،پاکستان توانائی کے وسائل سے مالا مال ہے،اگر اس کا مکمل استعمال کیا جائے تو یہ ملک عالمی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔
حکومت سندھ کی بے حسی، ریپ کا شکار لڑکی کو انصاف دلانے کے بجائے تماشا لگانے کا مشورہ دے دیا ہے،پنوعاقل میں اسکول کی طالبات کے ساتھ ریپ کے بعد نازیبا وڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کرنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی اور سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن ایم پی اے شمیم ممتاز نے متاثرہ لڑکی کو مشورہ دیا کہ وڈیرے علاقے کے باپ ہوتے ہیں جرگہ بلا کر فیصلہ کرلیا جائے۔ شمیم ممتاز نے پنوعاقل میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کی،جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالت سے انصاف میں تاخیر ہوجائے گی اس لیے بہتر ہے کہ دونوں فریقین آپس میں بیٹھ کر صلح کرلیں، وڈیرہ گاؤں کا باپ ہوتا ہے، انہیں دعوت دیتی ہوں کہ وہ معاملے کا فیصلہ کروائیں، سندھ حکومت انصاف کیلئے بھرپور ساتھ دے گی۔ حکومتی رکن کی جانب سے اس طرح کے بیان نے متاثرہ لڑکی کے والدین کو مایوس کردیا، سول سوسائٹی نے معاملے کی سخت لفظوں میں مذمت کردی، وکلاء اور سول سوسائٹی نے بیان کو توہین عدالت قرار دے دیا۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ 16 سال قبل ہی صوبے میں جرگوں پر پابندی لگاچکی ہے، اس کے باجود ایک خاتون عہدیدار کا ایسا بیان شرم کا باعث ہے،پنوعاقل میں 8 سے زائد بچیوں کے نازیبا وڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کرنے کی شکایات پر پولیس نے چار ملزمان کو حراست میں لے چکی ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ملک بھر کے عوام پیٹرول کی بڑھتی قیمت سے سخت پریشان، لیکن حکومت کا ایک ہی کام، پاکستان میں پیٹرول اب بھی خطے کے دیگر ممالک سے سستا ہے، دنیا بھرکے مختلف ممالک میں پیٹرول کی قیمت پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق دنیا میں سب سے سستا پیٹرول اس وقت وینز ویلامیں ہے جہاں پاکستانی 7 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت ہورہا ہے،دوسرا نمبر ہے ایران کا جہاں فی لیٹر پیٹرول دس روپے فی لیٹر اور تیسرے نمبر پر شام میں چالیس روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت ہورہاہے،ملائیشیا میں فی لیٹر پیٹرول 85 روپے اور۔ گیس اور تیل سے مالامال قطر میں 96 روپے فی لیٹر قیمت ہے۔ سعودیہ میں ایک لیٹر پیٹرول 106 روپے اور دبئی سمیت عرب امارات میں 116 روپے تک قیمت جاپہنچی ہے،افغانستان میں پیٹرول کی قیمت 116 روپے کے درمیان ہے، سری لنکا میں 158 روپے ، امریکا میں 164 اور بنگلا دیش میں 188 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت ہورہا ہے ۔ پاکستان کے دوست ملک چین میں پیٹرول کی قیمت 209 روپے تک پہنچ چکی ہے،بھارت میں ایک لیٹر پیٹرول 240 روپے ہے،نیوزی لینڈ میں پیٹرول 302 روپے فی لیٹر اور برطانیہ میں پیٹرول کی قیمت 324 روپے ہوچکی ہے، دنیا میں سب سے مہنگا پیٹرول اس وقت ہانگ کانگ میں 444 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہاہے۔ دنیا بھر کے ان ممالک میں پیٹرول کی قیمت ان کی کرنسی کی ویلیو اور ملک میں آمدنی کے لحاظ سے ہے، جبکہ پاکستان میں آمدنی کم اور مہنگائی بلند ترین سظح پر ہے، پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
چیئرمین نادرا (نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) طارق ملک نے خواتین کی اس کشمکش کو ختم کر دیا ہے کہ شادی کے بعد وہ اپنے شناختی کارڈ پر والد کا ہی نام رہنے دیں یا شوہر کا نام لکھوائیں۔ نادرا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ خاتون کی مرضی ہے اگر وہ اپنے شناختی کارڈ پر اپنے شوہر کا نام لکھوانا چاہتی ہو تو ہی اس کے شناختی کارڈ پر نام تبدیل کیا جائے گا ورنہ اس کے والد کا ہی نام رہنے دیا جائے گا۔ چیئرمین نادرا نے دیہی خواتین کی سالانہ کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نادرا کی پالیسی میں تبدیلی کی ہے جس کے بعد اب نیا رول لاگو ہو گا کہ شادی کے بعد عورت کی مرضی ہے شناختی کارڈ میں باپ کا نام لکھوائے یا خاوند کا، عورتوں کی رجسٹریشن کے لیے نادرا میں خواتین پر مبنی سپیشل ڈیپارٹمنٹ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیپارٹمنٹ خواتین کی رجسٹریشن کی پالیسی مرتب کرے گا، تمام خواتین کو کارڈ بنوانا چاہیے، ہم اقلیتی برادری کی ترجیح بنیادوں پر رجسٹریشن کر رہے ہیں، نادرا میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ مختلف کیسز میں 262 ملازمین چارج شیٹ ہو چکے ہیں اور 107 کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے۔ پہلا شناختی کارڈ فری دیا جاتا ہے، اگر کوئی فیس وصول کرے تو نادرا میں شکایات درج کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے بچوں کو نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ کروائیں، اگر بیس سال کی عمر کے بعد کروائیں گے تو مختلف پہلووؤں سے تحقیق کی جاتی ہے۔

Back
Top