خبریں

وزیراعظم ہاؤس کا جعلہ افسر بن کر عوام کو لوٹنے والا قانون کی گرفت میں آگیا،ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے کی کامیاب کارروائی سامنے آگئی۔ ایف آئی اے کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کا جعلی افسر بن کر لوگوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے،جعلساز مصطفیٰ انصاری نے وزیراعظم ہاؤس کا سیکشن افسر بن کر لوٹ مار مچائی ہوئی تھی،ملزم نے پارٹی کے نام پر تین لاکھ سے زائد لوگوں سے پیسے بٹورے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم جعلی پارٹی نیشنل پیس کونسل فار انٹر ففتھ ہارمونی پاکستان کا خود ساختہ چیئرمین بھی بن گیا تھا، اتنا ہی نہیں تنظیم نیشنل پیس کونسل انٹر ففتھ ہارمونی پاکستان کا عہدہ دینے کے فراڈ میں بھی ملوث پایا گیا،مصطفی انصاری لوگوں سے لاکھوں روپے کے عوض جعلی لیٹر پر گاڑیوں کیلئے گرین نمبر پلیٹ کا جعلی این او سی جاری کرتا تھا،ملزم سے وزیر اعظم ہاؤس کے جعلی لیٹر پیڈ، کمپیوٹرز، مختلف محکموں کی مہریں اور جعلی سرکاری دستاویز برآمد کی جاچکی ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم نے نیشنل پیس کونسل کی جعلی ویب سائٹ بھی بنارکھی تھی، جسے پی ٹی اے سے بلاک کروادیا گیا ہے،نیشنل پیس کونسل کے نام سے رجسٹرڈ پارٹی کو الیکشن کمیشن نے منسوخ کردیا،ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے پولیس اہلکار کی معطلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا پولیس میں سب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہیں؟ کیا ریاست کا کام صرف مقدمات درج کر کے اپنا اور دوسروں کا مذاق بنانا ہے؟ عدالت نے پنجاب پولیس اور پراسیکیوشن کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا پنجاب پولیس نے مدعیوں سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟ پولیس کی پیٹی بھائی کو سزا دلوانے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں، پنجاب پولیس میں سب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے اہلکار شاہد نذیر کیخلاف مقدمات سے متعلق پوچھا تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ مجموعی مقدمات 14جبکہ چارج شیٹ میں 8 کا ذکر ہے، پولیس اہلکار موبائل، نقدی اور زیورات چوری میں ملوث ہے، مدعی کے پیش نہ ہونے پر مقدمات داخل دفتر ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اپنایا کہ محکمے نے برطرف کیا لیکن سروس ٹربیونل نے سزا کم کر کے 2سال سروس معطل کردی۔ سپریم کورٹ نے لاہور پولیس کے اہلکار کے چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہونے جیسے الزامات کی بنیاد پر سروس ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھا، اب اہلکار شاہد نذیر2 سال تک معطلی کی سزا برقرار رہے گی۔
ورلڈ پوسٹل یونین نےسال 21-2020 کی پوسٹل رینکنگ جاری کر دی ہے، یونیورسل پوسٹل یونین میں دنیا بھر سے 192ممالک شامل ہیں۔ جن میں پاکستان پوسٹ رینکنگ میں 5 درجے بہتری کے بعد 62 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ نے پچھلے 3 سال میں بین الاقوامی سطح پر32 درجے بہتری کی۔ 2017 میں پاکستان پوسٹ 94 ویں نمبر پر تھا ، سال 19–2018 میں پاکستان پوسٹ 74 ویں نمبر پر آیا تھا جبکہ سال 20–2019 میں پاکستان پوسٹ نے رینکنگ مزید بہتر کر کے 67 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ انہی 3 سالوں کے دوران پاکستان پوسٹ نے اپنی آمدن میں 5 ارب روپے کا اضافہ بھی کیا اور سالانہ خسارے میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ اس کامیابی پر وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ کی طرف سے پاکستانیوں کو مبارکباد دی اور اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انشااللہ پاکستان پوسٹ اپنی سروس میں مزید بہتری لائے گا۔ ڈی جی پاکستان پوسٹ نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے ڈیجیٹل فرینچائزز اور ڈیجیٹیلائزیشن مکمل ہونے کے بعد نہ صرف عوام کو معیاری سہولت بلکہ رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔ ڈی جی پاکستان پوسٹ نے یہ بھی کہا کہ اگلے سال تک پاکستان دنیا بھر میں ٹاپ 50 پر نظریں جمائے بیٹھا ہے اور انشااللہ انتھک محنت سے اس ٹاسک کو پورا کیا جائے گا۔
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں سرکاری اسکول کے خاکروب نے اسکول میں پڑھنے والی پانچویں جماعت کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ہاؤسنگ کالونی کے خاکروب یونس مسیح نے اسکول ہی میں پڑھنے والی ایک پانچویں کلاس کی 10 سالہ طالبہ سے زیادتی کی، بچی نے گھر پہنچ کر سارا ماجرا اپنی ماں سے بیان کیا۔ متاثرہ بچی کی والدہ نے پولیس کو مقدمے کیلئے درخواست دی تو پولیس نے فوری طور پر ملزم یونس مسیح کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکولیگل رپورٹ میں بچی سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب : نیو کراچی ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے جامع مسجد محمد کے پیش امام جاں بحق ہوگئے، مقتول کو اذان فجر کے دوران عقب سے دو گولیاں ماری گئیں ، مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختونخواہ سے تھا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ ویال بڈ خان ولد عالم خان کے نام سے کی گئی ۔مقتول کے بیٹے کے مطابق انکے والد مذکورہ مسجد کے پیش امام تھے جنہیں نامعلوم ملزمان نے فجر کی اذان دینے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور سے 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا 55 سالا شخص گرفتار کیا گیا تھا۔ اس واقعہ میں 10 سالہ بچی کوئی چیز خریدنے گھر سے نکلی تو 55 سالہ خالد اسے ورغلا کر ویرانے میں لے گیا اور زیادتی کی کوشش کی لیکن بچی کے شور مچانے پر ملزم فرار ہو گیا۔
ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) نے اپنے فیلڈ فارمشنز کے لیے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ ٹیکس دہندہ ادارے یا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پرنسپل آفیسر یا مالک کو آگاہ کرنے کی شرط ختم کردی ہے۔ بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر سے پیشگی منظوری لینے کی شرط بھی واپس لے لی گئی ہے۔ ایف بی آر نے اس مقصد کیلئے ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر کے چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو ٹیکس دہندگان سے ٹیکس واجبات کی ریکوری کے لیے پانچ مئی 2019 اور دس اکتوبر 2019 کو لکھے جانے والے لیٹرز میں ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے متعلق جو ہدایات دی گئی تھیں وہ واپس لے لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 5 مئی 2019 اور 10 اکتوبر 2019 کو لکھے جانے والے لیٹرز میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی ٹیکس افسر کو یا فیلڈ فارمشنز کو کسی بھی ٹیکس دہندہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا ہوں گے تو اس کے لیے اکاونٹس منجمد کرنے سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ ٹیکس دہندہ آفس کے سی ای او، پرنسپل آفیسر یا مالک کو آگاہ کرنا ہوگا۔ اسی طرح بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے قبل چیئرمین ایف بی آر سے منظوری لینا ہوتی تھی مگر اب یہ ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔ اب فیلڈ فارمشنز مروجہ قانون میں دیئے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے معمول کے مطابق ٹیکس دہندگان کے بینک اکاونٹس منجمد کرسکیں گے تاکہ ان سے ٹیکس واجبات کی ریکوری کی جاسکے۔ اب متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کسی بھی ٹیکس دہندہ کو نوٹس جاری کرسکے گا اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرسکے گا، اسی طرح ٹیکس واجبات کی ریکوری بھی بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکلوا کر کی جاسکے گی۔ ایف بی آر کے مطابق اب فیلڈ فارمشنز و ٹیکس حکام کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 140 کے تحت حاصل اختیارات بحال کردیئے گئے ہیں اسی طرح سیلز ٹیکس میں بھی 2 اپریل 2020 کو جاری کردہ ایس آر او نمبری 274()I)/2020 کے تحت حاصل اختیارات اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 48 کے تحت حاصل اختیارات معمول کے مطابق استعمال کرسکتے ہیں۔
پنجاب ٹریفک پولیس کا کارنامہ، ٹریفک پولیس لاہور نے کئی درجن چالانز والی 2 گاڑیاں، موٹر سائیکل پکڑلیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس لاہور نے 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل کو پکڑ لیا جن کے کئی درجن ای چالانز ہو چکے ہیں، ایک گاڑی پر 63 جبکہ دوسری کے 49 ای چالان ہوچکے تھے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ 63 چالان والے ڈرائیور پر 45,500 روپے جبکہ 49 چالان والے ڈرائیور پر 29,750 روپے جرمانہ عائد ہے۔ ٹریفک پولیس کا مزید کہنا ہے کہ 50 ای چالانز والی موٹر سائیکل پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہے۔ ٹریفک پولیس لاہور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پکڑی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکل کو تھانہ مزنگ اور شمالی چھاؤنی میں بند کردیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پولیس نے 30 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنیوالی گاڑی پکڑی تھی جس پر 24 ہزار 400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا گزشتہ ماہ ہی پولیس نے ایک اور گاڑی پکڑی تھی جس پر63 چالان تھے، اس کار کے ڈرائیور نے تینتیس مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔ گیارہ مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی۔ انیس مرتبہ حد رفتار سے تجاوز کیا۔ اس گاڑی ڈرائیور کو انتیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ گاڑی کو تھانہ میں بند کردیا گیا تھا
پنجاب حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کےسربراہ سعد رضوی کو رہا کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے جس میں کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سعد رضوی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کیے ہیں۔ درخواست میں پنجاب حکومت نے سعد رضوی کے چچا امیر حسین کو بھی فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کو سعد رضوی کے خلاف کیس کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کیں، سعد رضوی کو نظر بند کرنے کا صوبائی حکومت کا فیصلہ قانونی طور پر غلط نہیں تھا۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے سعد رضوی کو رہا کرنے کے لاہور ہایئ کورٹ کے فیصلے کا کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔ واضح ہو کہ یکم اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کو نظر بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد 9 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور نے سعد رضوی کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے تھے۔ یادرہے کہ علامہ سعد رضوی کورواں برس 12 اپریل کو ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کے اعلان کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر قانون وصی ظفر کے بیٹے وقار وصی کو جہیز واپس نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی فیملی کورٹ میں وقار وصی کے خلاف جہیز واپس نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت سینئر سول جج قدرت اللہ نے کی ، دوران سماعت عدالت نے ملزم کو ایک سال قید کی سزا سنائی جس کے بعد پولیس نے وقار وصی کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ وقار وصی نے اگر ایک سال قید کے دوران عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروادیا تو انہیں اسی وقت جیل سے رہا کردیا جائے گا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے طویل عرصہ گزر جانے کے بعد نہ ہی سامنا واپس کیا اور نہ ہی وہ عدالت میں سامان واپس نہ کرنے کا کوئی جواز پیش کرسکے۔ واضح رہے کہ 2 سال قبل 20 مارچ 2018 کو عدالت نے وقار وصی کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کے زیورات واپس کرے،تاہم وقار وصی نے طویل عرصہ گزرنے کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا اور زیورات سمیت سابقہ بیوی کا جہیز کا سامان واپس نہیں کیا۔ خیال رہے کہ سابق وقار وصی کے والد وصی ظفر نے پرویز مشرف کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر قانون فرائض سرانجام دیئے تھے، رواں برس ہی ان کا انتقال ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ بختاور بھٹو زرداری جن کی شادی رواں سال جنوری میں ہوئی تھی، نے ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ہمشیرہ بختاور کے ہاں ننھے مہمان کی آمد پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا میں آفیشلی ماموں بن گیا ہوں۔ آصف زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ میں آفیشلی خالہ بن گئی ہوں۔ الحمد للہ واضح رہے کہ کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری کی شادی 29 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چودھری کے ساتھ ہوئی تھی۔ کورونا وبا کی وجہ سے نکاح کی تقریب کو محدود کیا گیا تھا، نکاح کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان اور محمود چودھری کے رشتے دار شریک ہوئے،شادی کی تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔ بختاور بھٹو کی رسم حنا کی مرکزی تقریب 27 جنوری کو ہوئی تھی جبکہ 28 جنوری کو بھی سندھی و بلوچی رسومات کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بختاور بھٹو کے شوہر محمود چوہدری کے والد یونس چوہدری کا خاندان متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے جہاں محمود تعمیرات، فنانس اور ٹیکنالوجی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔
کراچی کےعلاقے اورنگی ٹاؤن سے پوليس نے 3 ملزمان پر مشتمل ڈکيت گينگ کو گرفتار کرليا۔ ملزمان میں آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والا ملزم بھی شامل ہے۔ ملزم ذاکر 500 روپے کےعوض موبائل کا آئی ايم ای آئی نمبر تبديل کر ديتا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز نے بتایا ہے کہ اس گروہ ميں شامل ملزمان نے دوران انٹروگیشن برآمد موبائل فونز ضلع ویسٹ اور کیماڑی کے مختلف علاقوں سے اسلحہ کے زور پر چھیننے کا انکشاف کیا۔ گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف 4 اکتوبر کو مین شاہراہ اورنگی روڈ سے شہری سے نقدی اور موبائل فون چھینے کی واردات کا مقدمہ الزام نمبر 1175 بجرم دفعہ 392،397،34 متاثرہ شہری کی مدعیت میں تھانہ اورنگی میں درج ہے۔ گرفتار ملزمان سے 20 موبائل فون، 2 غیر قانونی پسٹلز بمعہ گولیاں، نقدی اورموٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات 2 مختلف تھانوں میں مزید مقدمات درج ہیں۔ ملزمان سے برآمد موبائل فونز کو سائنسی تجزیئے اور اسلحہ کو فارنزک معائنے کیلئے بھیجا جائے گا۔ گرفتار ملزمان میں عثمان ولد رفیق احمد، گلفام ولد منیر علی خان اور موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی ٹیمپر کرنے والا ذاکر شامل ہے۔
بلوچستان میں حکمراں جماعت اور اتحادیوں کے ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد پر 14 ارکان کے دستخط ہیں۔ ناراض ارکان میں بیشتر کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے جبکہ بی این پی عوامی کے تین، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے 2، جے ڈبلیو پی اور پی ٹی آئی کے ایک رکن بھی اس عدم اعتماد کا حصہ ہیں۔ تحریک عدم اعتماد منظور کرانے کیلئے 33 ارکان کی حمایت درکار ہے جبکہ ناراض اراکین کی تعداد 33 ہے جنہیں جے یو آئی ف کے 11 حمایت ملنے کا بھی امکان ہے۔ عدم اعتماد جمع کرانے والے مستعفی وزیر ظہور بلیدی نےد عویٰ کیا ہےکہ 65 کے ایوان میں جام کمال کو صرف 24 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ مستعفی وزیر کا کہنا تھا کہ جام کمال کی عزت اسی میں ہے کہ وزیراعلیٰ عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہوجائیں۔ اسپیکر بلوچستان جلد اسمبلی اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پیش کریں۔ ایم پی اے نصیب اللّٰہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان میں پہلے دن سے اتحادی تھی، اب بھی ہے، ابھی بھی جام کمال سے کہتے ہیں کہ فوری مستعفی ہوجائیں۔
سندھ کے شہر شکارپور میں 15 سالہ لڑکے نے من پسند موبائل فون نہ دلانے پر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کے گاؤں میرل کلہوڑو میں مرضی کا موبائل فون نہ دلانے پر 15 سالہ لڑکے نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ متوفی نوجوان کئی روز سے والد سے نیا موبائل فون دلانے کی فرمائش کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق 15 سالہ عرفان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ لڑکے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں موبائل فون نہ ملنے پر 20 سالہ لڑکی نے موت کو گلے لگا لیا تھا۔ اس کیس میں بھی متوفیہ نے ماں باپ سے کئی بار موبائل فون دلانے کا کہا تھا۔ تاہم معاشی حالات کے باعث ماں باپ جواں سال بیٹی کی خواہش پوری نہ کرسکے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ والدین بغیر قانونی کارروائی کے بیٹی کی لاش گھر لے گئے تھے۔
بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے پاکستانی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط لکھا ہے، جس میں اسپیکر بھارتی لوک سبھا نے صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی 100 سالہ تقریب میں شرکت کے لئے بھارت آنے کی دعوت دی ہے. خط میں بھارتی اسپیکر نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھارت کی سب سے پرانی پارلیمانی کمیٹی ہے، ہمارے لیے اعزاز کی بات ہو گی کہ ہماری پی اے سی کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریب میں آپ شرکت کریں۔ بھارت کی جانب سے آنے والے خط میں کہا گیا ہے کہ ہمارے لیے باعث اعزاز ہوگا اگر اس تاریخی موقع پر آپ بھارت کی پارلیمنٹ کے مہمان بنیں۔ بھارتی اسپیکر کا خط ملنے کے بعد چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے مشاورت شروع کردی ہے جس کی وجہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں تناؤ ہے۔ صادق سنجرانی کا وزیراعظم عمران خان سے بھی رابطے کاامکان ہے۔ یاد رہے کہ بھارت کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تقریبات 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گی، جب کہ تقریبات کا افتتاح 4 دسمبر کو بھارت کے صدر رام ناتھ کوند کریں گے۔ اس تقریب کے اختتام پر بھارتی وزیراعظم کا خطاب بھی متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی فارن فنڈنگ کیس پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن پاکستان نے تحریک انصاف کو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے پارٹی فنڈنگ ریکارڈ تک رسائی دے دی۔ ای سی پی نے وزیر مملکت فرخ حبیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے پارٹی فنڈنگ کیس کے ریکارڈ تک رسائی دے دی۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ کے 7 اور پیپلزپارٹی کے 12 ایسے اکاؤنٹس نکل آئے ہیں جو الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے تھے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے لیے ریکارڈ تک رسائی دی جائے۔ اب ای سی پی نے فنانشل ایکسپرٹ کے ذریعے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اجازت دی ہے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم صفدر کے جعلی اکاؤنٹس سامنے لائیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جو التوا کے پیچھے چھپ جاتے تھے لیکن ہم انہیں اب بھاگنے نہیں دیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، پھر دیکھا جائے گا کہ کیا فیصلہ آتا ہے۔
بلوچستان کے شہر حب میں ایک کار بم دھماکے میں نجی ٹی وی کے رپورٹر شاہد زہری جاں بحق ہوگئے، ساتھی زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں تھانے کے قریب ایک کار میں بم دھماکا ہوا جس میں نجی ٹی وی کے صحافی شاہد زہری اپنے ساتھی کے ہمراہ موجود تھے۔ ابتدائی طور پر کہا جا رہا تھا کہ دھماکا کار کا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے موقع پر پہنچنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی گئی، پولیس نے تصدیق کی کہ دھماکا بم پھٹنے سے ہوا جو مبینہ طور پر کار میں پھینکا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو سول اسپتال حب پہنچایا گیا جہاں سے شدید زخمی صحافی شاہد زہری کو کراچی کے سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم سول اسپتال کے ٹراماسینٹر منتقل کیے جانے تک صحافی شاہد زہری جاں بحق ہو چکے تھے۔
2 لاکھ ٹن مہنگی چینی کی درآمد پر حکومت کو 13 ارب روپے کی اضافی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کو 2 لاکھ ٹن مہنگی چینی خریدنے پر 13 ارب روپے سے زائد کی اضافی ادائیگیاں کرنی پڑیں گی، حکومت کو چینی کی امپورٹ پرائس بڑھ جانے کی مد میں7 ارب 60 کروڑ روپے ادا کرنے پڑیں گے جبکہ صارفین کو 28 روپے کلو کے حساب سے سبسڈی کی مد میں 5 ارب 60 کروڑ روپے دیئے جائِیں گے۔ اس حوالے سے کین کمشنر آفس کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ پر درآمدی چینی کی قیمت 114 روپے فی کلو ہے جبکہ حکومت کی جانب سے یہ چینی عام مارکیٹ، سہولت بازاروں اور اتوار بازاروں میں 90 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرے گی، ڈیلرز کو درآمدی چینی 86 روپے کلو میں دی جائے گی اور چینی کی فروخت ڈپٹی کمشنرز کے زیر نگرانی ہو گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کو کراچی پورٹ پر 109 روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی فراہمی کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا لیکن اب ٹی سی پی نے محکمہ خوراک پنجاب کو 114 روپے فی کلو کے حساب سے انوائس بھجوائی ہے، امپورٹ میں تاخیر کے باعث حکومت کو اربوں روپے کی اضافی ادائیگی کرنا پڑے گی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے 2 لاکھ ٹن درآمدی چینی امپورٹ کی گئی ہے جس میں سے 50 ہزار ٹن چینی خِیبر پختونخوا حکومت کو دی گئی، ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی پنجاب حکومت کو دی گئی۔ درآمدی چینی کی کوالٹی کے بارے میں گارنٹی نہ ہونے کی وجہ سے ڈیلرز بھی درآمدی چینی کی بجائے مقامی طور تیار کی گئی چینی شوگر ملز سے خریدنے کی کوشش میں ہیں، اس وقت 2لاکھ 50 ہزار ٹن کے قریب چینی پنجاب کی شوگر ملز کے سٹاک میں پڑی ہے مگر ضلعی انتظامیہ نے شوگر ملز سے چینی اٹھانے سے روک دیا ہے۔ پنجاب میں اکتوبر کی ضروریات کیلئے ڈھائی لاکھ ٹن چینی کا سٹاک شوگر ملز میں موجود ہے جبکہ دس نومبر سے جنوبی پنجاب اور پندرہ نومبر تک سنٹرل پنجاب کی شوگر ملز میں کرشنگ کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔
رحیم یارخان میں 2 پیٹرول پمپس پر ڈکیتی کا واقعہ، ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے 8 افراد کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان کے علاقے چوک ماہی میں واقع 2 پیٹرول پمپس پر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اسد سرفراز نے واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی اور جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے ہدایت پر پولیس ٹیمیں کچے کے علاقے میں داخل ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہیں۔
غیر ملکی میگزین دی اکانومسٹ نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات 2023 میں بھی عمران خان ہی کامیاب ہوں گے۔ اس طرح وزیراعظم عمران خان وہ پہلے پاکستانی وزیراعظم ہوں گے جو لگاتار دوسری بار اقتدار میں آئیں گے۔ میگزین نے اپنے مضمون میں عمران خان پر تنقید بھی کی ہے اور بتایا کہ کس طرح شروع مین ان کی حکومت آنے سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد ناخوش تھی۔ لیکن اس وقت جو عالمی حالات اور سیاسی منظرنامہ ہے اس کے مطابق اگلی حکومت بھی تحریک انصاف ہی کی نظر آ رہی ہے۔ مگزین نے مزید کہا کہ حالانکہ عمران خان طالبان کے ساتھ قریبی تعلقات کے بعض پہلوؤں کو نظراندازکرتے آئے ہیں مگر پھر بھی افغانستان میں جو کچھ ہوا اس کا کریڈٹ پاکستان لیتا ہے اور اس سے نکلنے والے نتائج موجودہ پاکستانی حکومت کیلئے فائدہ مند ہوں گے۔ مضمون نے کہا کہ عمران خان آئندہ انتخابات اپنی قیادت کی وجہ سے نہیں جیتیں گے بلکہ وہ اس لیے جیتیں گے کہ موجودہ اور آنے والے وقت میں ایسے واقعات ہوں گے جو انہیں ایسے حالات میں واحد امیدوار بنائیں گے ان واقعات میں افغانستان ایک ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ پاکستان کی افغان پالیسی کے مضبوط اور محافظ رہے ہیں۔ کئی مواقع پر انہوں نے افغانستان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان کی طرف سے بھاری قربانیوں کا تفصیلی ذکر کیا۔ جس کے نتیجے میں انہیں عوامی حمایت حاصل ملی ہے۔ بہت سے پاکستانی سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں طالبان کا قبضہ ایک سازگار پیش رفت ہے۔ گیلپ پاکستان کے ایک سروے کے مطابق 55 فیصد پاکستانی خوش ہیں کہ طالبان اب افغانستان پر حکومت کریں گے۔ اکانومسٹ نے کورونا کے دوران پاکستان کی کامیابی کو بھی تسلیم کیا اور کہا کہ یہ بھی اگلے انتخابات میں کامیابی کی ایک وجہ ہوگی۔ کچھ ایسی وجوہات ہیں جن کو سمجھ پانا مشکل ہے کہ کس طرح پاکستان اپنے دیگر پڑوسی ممالک کی نسبت کورونا سے کم متاثر ہوا ہے۔ کیونکہ دیگر ممالک میں کورونا سے اموات کی شرح فی ملین پاکستان سے 10 گنا زیادہ رہی ہے۔ اکانومسٹ نے اس سروے کا بھی حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان پاکستان میں اب 48 فیصد پاکستانیوں کی پسند ہیں کیونکہ یہ ان کی حکومت بننے کے بعد اب تک کی سب سے مقبولیت کی شرح ہے۔ میگزین نے کہا کہ 2023 کے عام انتخابات میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں سے ایسے قدکاٹھ کا کوئی بھی نہیں ہو گا جو عمران خان کے مقابلے پر آ سکے اس لیے اس میں ان کی جیت یقینی نظر آ رہی ہے۔
عارف والہ کے علاقے قبولہ میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں نوجوان نے محبوبہ کی بارات کے دن اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس سے لڑکی کی ماں موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ تھانہ قبولہ کی حدود میں پیش آنے والا یہ واقعہ نواحی علاقے جھگیاں کے موضع چوغطہ میں پیش آیا۔ مقامی ایس ایچ او کے مطابق ناصر نامی نوجوان اپنے محلے کی لڑکی ثمرین سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن لڑکی کے والدین نے اس کی شادی دوسری جگہ طے کر دی۔ لڑکی کی بارات کے روز ناصر نے لڑکی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس سے لڑکی کی والدہ حفیظاں بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ جب کہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ جسے تلاش کرنے پر اس کی بھی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق ناصر کی لاش اس کے کام کی جگہ پر کوارٹر سے ملی، نوجوان نے خود اپنے سینے میں گولی مار کر خود کشی کی تھی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے رواں ماہ کے آخر میں سعودی عرب کے تین روزہ دورے کا امکان ہے، ذرائع نے دعویٰ کردیا، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم رواں ماہ کے آخر میں سعودی عرب جاسکتے ہیں جہاں وہ گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کانفرنس 25 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوگی،عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت سے ملاقات بھی کرینگے۔ وزیراعظم عمران خان رواں سال مئی میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا،وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر 7 سے 9 مئی تک سعودی عرب کا دورہ کیا تھا،وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ سمیت کابینہ کے دیگر ممبران اور اعلی سطح کا وفد بھی موجود تھا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور سعودی قیادت کے مابین مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو شامل کیا گیا تھا، دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ کیا تھا، دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ وزیر اعظم نے اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی،جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھی بات چیت کی۔

Back
Top