مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنے گھر کی سیڑھیوں سے پھسل کر زخمی ہوگئے ہیں۔پھسلنے سے وہ ایک مرتبہ پھر کمر کی شدید تکلیف سے دوچار ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے طبی معالجین نے معائنہ کیا اور ایکسرے لئے ہیں۔
شہباز شریف کو ڈاکٹروں نے میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں 2 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دے دیا ہے ، جس پر انہوں نے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
اس پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے شہباز شریف بڑی چوٹ سےمحفوظ رہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہباز شریف پاﺅں پھسلنے سے سیڑھیوں پر گرگئے تھے۔طبی معالج نے شہباز شریف کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز نے شہباز شریف کو مکمل آرام اور فزیوتھراپی کا کہا ہے
اس پر ڈاکٹر شہباز گل نے ردعمل دیا کہ اوہو اور آپ کو یہ بتانے میں کل کا اور آج کا پورا دن لگا۔ کبھی چٹا سفید جھوٹ بولتے ندامت ہوئی تو ہوگی
حیرانی کی بات ہے شہباز شریف صاحب کو تنظیم سازی کرتے ہوئے تو کمر میں کچھ نہیں ہوتا۔جیسے ہی FIA کے کیس کی خبر پہنچی تو کمر دکھ گئی۔
ڈاکٹر شہبازگل نے مزید کہا کہ نوٹ: پچھلا پورا ہفتہ شہباز شریف صاحب سیالکوٹ راولپنڈی اور دوسری جگہوں پر پارٹی کی تنظیم سازی اور جلسے فرما رہے تھے۔
نجی چینل کے رپورٹر اسداللہ خان کے مطابق کل شہباز شریف نے نیب کے جج نسیم احمد کےسامنے پیش ہوناتھا،منی لانڈرنگ الزامات میں اہلیہ نصرت شہباز پہ کل فرد جرم عائد ہونی تھی،آج شہباز شریف سیڑھیوں سے گر گئے.ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے،شہباز شریف نہ آئے تو اہلیہ پر فردجرم عائد نہیں ہوگی اللہ پاک انہیں جلد صحت یاب کرے
دوسری جانب ن لیگ کے مخالف سوشل میڈیا صارفین بھی شہبازشریف کی سیڑھیوں سے گرنے کی خبر کو ایف آئی اے اور عدالت پیشی سے جوڑرہے ہیں اور اسے پیش نہ ہونے کا بہانہ قرار دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے شہبازشریف کو ایک سوالنامہ بھجوایا تھا جس میں شہباز شریف سے انکی جائیدادوں اور بنکوں میں آنے والی رقوم سے متعلق سوالات پوچھے گئے تھے۔