ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالر کی فلڈ ریلیف سپورٹ دے گا؟

ADP-ishaq-dar-bank-pakistan.jpg


وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ ژی نے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کنٹری پارٹنرشپ 25-2021 پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہا اور سیلاب سے پاکستانی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا۔

اے ڈی بی کےکنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پراظہار افسوس کیا اور سماجی تحفظ، خوراک اور توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر سے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر تک فلڈ ریلیف سپورٹ فراہم کرے گا۔ ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری اسی ماہ متوقع ہے۔

جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت نے معیشت کو بچانے کیلئے اور ترقی کے لیے نئی سمت دی ہے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔