ایم کیو ایم لندن کا وکیل ریاست مخالف نعرے بازی پر گرفتار

mqm-altaf-husian-workers-al.jpg


حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں ریاست کے خلاف نعرے لگانے پر پولیس نے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے کارکن (وکیل) شکیل ضیا کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 جنوری کو اے سیکشن تھانے کے سب انسپیکرکی شکایت پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 123 (اے)، 124 (اے) اور 34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مشتبہ ملزمان نثار پنہور، عبدالرشید بھیہ (سابق ڈپٹی مئیر ایچ ایم سی)، راحیل، عبدالمجید خان، ایم کیو ایم لندن کے کارکن شکیل ضیا سمیت 4 سے 5 ملزمان نے لطیف آباد یونٹ 7 میں شادی کی تقریب کے دوران الطاف حسین کی حمایت اور پاکستان مخالف نعرے لگائے۔

انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ثابت ہوا ہے کہ ملزمان نے ریاست کے خلاف نعرے لگائے تھے۔ پولیس نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن اور ایم کیو ایم لندن کے کارکن شکیل ضیا کا ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے سول جج کی عدالت میں پیش کیا۔

حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کیس میں ملزم کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے اس معاملے کو سیشن جج کے ساتھ اٹھایا۔ کیس میں ایک اور ملزم عبدالمجید کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔