باجوہ کو ایکسٹینشن سے متعلق میری رائے غلط تھی: اسدعمر

gen-bajwa-imrna-khan-govtt.jpg


پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کو ایکسٹینشن دینے میں، میں نے بھی رائے دی تھی، میری رائے غلط تھی، جلدی ایکسٹینشن نہیں دینی چاہیے تھی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ ہم مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل (ریٹائرڈ) باجوہ نے انٹرویو دے کر اپنا نقصان کیا، جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کے وقت میں کابینہ کا حصہ نہیں تھا لیکن مجھے میٹنگ میں بلایا گیا تھا، مجھے نہیں پتہ تھا میٹنگ کس چیز پر تھی۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے عمران خان کو گرفتار کیا جائے، وہ پی ٹی آئی کی پوری سیاست کا محور ہیں۔ عدالتیں ویڈیو لنک کے ذریعے لوگوں کو سنتی ہیں، عمران خان کی عدالتی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے خدشات حقیقی ہیں۔ عمران خان کا گھر میں رہنا پی ٹی آئی کی سیاست کا بہت بڑا نقصان ہے، جیل بھرو تحریک منظم طریقے سے شروع کریں گے۔


ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی حکمت عملی میں بہت کامیاب ہے، بدترین مہنگائی کے او پر کل انہوں نے منی بجٹ پیش کیا۔ سوشل میڈیا پرآڈیو لیک ہوتی ہے، آڈیو وائرل بھی نہیں ہوئی تھی رانا ثنااللہ پریس کانفرنس کرنے پہنچ جاتے ہیں اور آتے ہی رانا ثنااللہ پرویزالہٰی کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔