عامر لیاقت حسین اپنی تیسری شادی کی ناکامی کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، ویڈیو لیک ہونے کے بعد عامر لیاقت نے جذباتی ویڈیو پیغام میں ملک چھوڑنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
عامرلیاقت حسین نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے اپنی کردار کشی کا الزام فواد چوہدری پر عائد کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وطن چھوڑنے سے قبل عمران خان اور فواد چوہدری کو سرپرائز دوں گا۔
سوشل میڈیا پیغام میں عامر لیاقت نے کہا کہ ایف آئی اے نے سائبر کرائم کے اعلیٰ ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے جس ٹولے کو فواد چوہدری دیکھتے ہیں انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت میری کردار کشی کی مہم چلوائی تاکہ عمران خان جو مجھ سے سخت ناراض ہیں، خوش ہوسکیں۔
عامر لیاقت نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب میں تو یہاں سے جا رہا ہوں لیکن دیکھ لیجیے،آپ کے چاپلوسوں نے پانچ دن تک آپ کی سیاست کو چونا لگا دیا،میں نفرت و محبت کے جذبات کا ایک ایسا عکس ہوں کہ پاکستان میں جب مجھ پر بحث شروع ہوتی ہے تو گھر گھر کبھی شادی اور کبھی تنسیخ نکاح کا دعویٰ ہی اتنا اہم موضوع بن جاتا ہے کہ آپ کے جلسے لگتا ہے کل سے شروع ہوں گے۔
عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ ابھی یہ بات تحقیقات کے مراحل میں ہے لیکن فواد پھپھولے کی یہ حرکت درست ثابت ہوئی تو میں قوم کو کل اپنا درد اور کردار بتا چکا کہ میں کسی کی کردار کشی یا خواب گاہ کی رودادوں بلکہ کسی بھی نجی معاملے کی تشہیر پر یقین نہیں رکھتا مگر وعدہ ہے قبل از روانگی آپ کو اور فواد کو سرپرائز دوں گا۔