خلیل الرحمان قمر کا مبینہ لیک فون کال پر ردعمل آ گیا

7khloaudleakradml.jpg

میرے پاس تم ہو جیسے بہترین ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر ایک مقبول پاکستانی مصنف ہیں جنہیں ہمیشہ اپنے بیانات کے بعد مختلف تنازعات کا سامنا رہتا ہے۔

اس مرتبہ وہ ایک خاتون کے ساتھ لیک مبینہ آڈیو کال کی وجہ سے سرخیوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں جس میں وہ ایک خاتون کو شوہر سے چھپ کر اُن سے ملنے آنے اور تصاویر بھیجنے کی بات کر تے سنائی دیئے۔

خلیل الرحمان قمر نے اس حوالے سے ایک آن لائن پلیٹ فارم سے بات کی ہے اور اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آڈیو کال میں جو ان کی آواز ہے وہ ٹھیک ہے مگر جو اس میں خاتون کا حصہ ہے اسے ایڈیٹ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ شروع میں جب میں نے حقوق نسواں کے خلاف آواز اٹھائی تو میری توہین کے لیے میرے خلاف پروگرامز چلائے گئے، عامر لیاقت نے میری توہین کی، لیکن ان کی روح کو سکون ملے کیونکہ انہوں نے بعد میں معافی مانگ لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک گناہگار انسان ہوں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی بہتری کے لیے کام کرتا ہوں، صرف اللہ جانتا ہے کہ میں کون ہوں۔ یہ آڈیو 3 سال پہلے لیک ہوئی تھی لیکن اس وقت کسی نے شور نہیں کیا تھا، مجھے بدنام کرنے کیلئے اس کو دوبارہ پھیلایا کیا گیا ہے۔


معروف ڈرامہ نگار نے مزید کہا کہ اب اسے ہائپ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میں بہت سے محاذوں پر لڑ رہا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں منتخب ہوں اور میں اپنے خلاف ایسی سازشوں کا سامنا کروں گا، اب وہ کردار کشی کر رہے ہیں، آپ آسانی سے میری آڈیو کو کسی سے بھی اسکرپٹ کر سکتے ہیں۔

خلیل الرحمان قمر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگلی بار کوئی ایسی آڈیو بنائے تو برائے کرم آڈیو میں غیر شادی شدہ لڑکی کو شامل کریں، کم از کم ایسا تو کریں۔