خیبر پختونخوا حکومت : عوام کیلئے جگر،گردے کی مفت پیوند کاری کرانے کا اعلان

dr-kpk-free.jpg


خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں مفت ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت ، پی کے ایل آئی انتظامیہ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان اس منصوبے کی یاداشت پر دستخط کردیئے گئے ہیں

اس منصوبے کے تحت کے پی کے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو صوبائی حکومت کے صحت کارڈ کے ذریعے پی کے ایل آئی میں مفت جگر و گردے کی پیوند کاری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

منصوبے کے تحت کے پی کے کے گردے اور جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت ٹرانسپلانٹ کیا جائے گا، جگر کے ٹرانسپلانٹ پر فی مریض 50 لاکھ جبکہ گردے کی پیوند کاری پرفی مریض 14 لاکھ روپے کا خرچ کے پی کے حکومت برداشت کرے گی۔

معاہدے کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر وزیراعلی کے پی کے محمود خان کا کہنا تھا کہ ایسے شاندار ادارے میں جگر و گردے کی مفت پیوند کاری کی سہولت کے پی کے کی عوام کیلئے صوبائی حکومت کا ایک تحفہ ہے، صوبے کے عوام کو صرف پی کے ایل آئی میں نہیں بلکہ ملک دیگر اہم اداروں میں بھی مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ منصوبے میں دیگر بیماریوں کے ساتھ ساتھ کینسر کے مفت علاج کو شامل کیا جائے گا اور جلد ہی مفت او پی ڈی سروسز کو بھی صحت کارڈ سے منسلک کردیا جائے گا۔