سارہ انعام کے والدین پاکستان پہنچ گئے، مقتولہ کی مرسڈیزکار بھی برآمد

sara-inaam-police-isbd-ayaz-mair.jpg


اسلام آباد چک شہزاد کے علاقے میں فارم ہاؤس میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی 37 سالہ سارہ انعام کے والدین کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے ہیں، جو مبینہ طور پر اپنی بیٹی کے قتل کی پیروی کریں گے۔


تفصیلات کے مطابق مقتولہ سارہ کے والد انجنیئر انعام الرحمان اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد آئے ہیں۔ سارہ کے لواحقین کی غیر موجودگی کی وجہ سے یہ مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او نوازش علی خان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا تاہم اب سارہ کی میت ان کے والدین کے حوالے کی جائے گی۔

یاد رہے کہ معروف صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے اپنے 37 سالہ اہلیہ سارہ انعام کو23 ستمبر کو نجی جھگڑے کے نتیجے میں باڈی بلڈنگ کیلئے استعمال ہونے والے ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ تب سارہ کے اہلخانہ ملک میں نہیں تھے اس لیے مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔

ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں کے مطابق کینیڈا کی شہریت رکھنے والی 37 سالہ مقتولہ سارہ 19 سے20 ستمبر کے درمیان دبئی سے پاکستان پہنچی تھیں جہاں وہ ملازمت کرتی تھیں۔ ان کی شادی کو ابھی کچھ ہی ماہ ہوئے تھے، دونوں میں شادی سے قبل سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔

اُدھر مرکزی ملزم شاہنواز کے ساتھ اس کے والد صحافی ایازامیر بھی پولیس کسٹڈی میں ہیں جن کا ریمانڈ آج ختم ہو رہا ہے، پولیس نے ایاز امیر کو قتل کے اگلے روز 24 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ قتل میں ایازامیر بھی نامزد ملزم ہیں ان پر بھی تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور 109 لگائی گئی ہے۔

کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے ایازامیر کی سابق اہلیہ اور مرکزی ملزم شاہنواز کی والدہ ثمینہ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، انہوں نے ہی پولیس کو اس قتل اور وقوعہ سے متعلق مطلع کیا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے کیس کی تحقیقات کیلئے گزشہ روز کارروائی کی تو شاہنواز کی تحویل سے ایک مرسڈیز کار برآمد کی جو کہ سارہ انعام کی ملکیت تھی۔ فارم ہاؤس سے سارہ انعام کا پرس اور ایک غیر قانونی کلاشنکوف بھی برآمد کی ہے۔

اس کے علاوہ مقتولہ کے پرس سے بھاری مقدار میں متحدہ عرب امارات کے درہم اور امریکی ڈالر بھی برآمد ہوئے ہیں، پولیس نے یہ رقم اپنے قبضے میں لی ہے ، پولیس کے مطابق متوفیہ کے مختلف بینک کارڈز، ڈیبٹ کارڈز اور ایک شرٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔
 
Last edited by a moderator: