عمران خان نے جرم کیا ہے تو سزا بھگتنے کیلئے تیار رہیں، شاہد خاقان عباسی

20abbbasikhanwarnsaza.jpg

حکمران جماعت کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ جو بھی قانون توڑے گا اسے سزا ملے گی، اگر عمران خان نے جرم کیا ہے تو سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوجائیں۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ گفتگو سماءٹی وی کے پروگرام"میرے سوال"میں میزبان منصور علی خان کےسوالوں جواب دیتےہوئے کی اور کہا کہ عمران خان نے بغیر کسی الزام کے لوگوں کو گرفتار کیا ، چار وزرائے اعظم کو بغیر کسی الزام کے جیلوں میں ڈالا گیا، عمران خان نے جو کام کیے ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔

آڈیو لیکس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آڈیو لیکس میں سامنے آنے والی باتیں باعث شرم ہیں،وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو ریکارڈنگ تشویش کی بات ہے، اگر اس ملک میں وزیراعظم کا آفس ہی محفوظ نہیں ہے تو کون سی رازداری رہ گئی ہے، ہمارے ملک کی تاریخ بہت تلخ ہے اور پاکستان کی تاریخ ہمیشہ خود کو دہراتی ہے، سارا ملک جانتا ہے عمران خان کس طرح حکومت میں آئے، انہیں الیکشن چوری کرکےلایا گیا تھا۔


ملکی معیشت کے بارے میں سوال کےجواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا، اب اسحاق ڈاراس کام کو آگے لےکر چلیں گے،4 سال میں عمران خان نے جو حالات پیدا کردیئے اس کو سنبھالنا مشکل ہے، حالات کو درست کرنےکیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے عمران خان سے مشاورت سےمتعلق سوال کےجواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نےبھی تقرریاں کی ہیں، کیا انہوں نے اس کیلئے کسی سے مشاورت کی، آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔