رہنما تحریک انصاف و سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نامعلوم نمبروں سے پارٹی چھوڑنے کیلئے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور نہ چھوڑنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
فیاض چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں فون کالز کے ریکارڈ کا سکرین شاٹ بھی شیئر کیا اور کہا کہ مجھے نامعلوم کالز کے ذریعے پی ٹی آئی نہ چھوڑنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں کون دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا بیگم صفدر اعوان کا سٹریٹیجک میڈیا سیل کمال عیاری سے اداروں اور عوام کے درمیان خلیج اور نفرت پیدا کرنے کی کیسے کوشش کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ن لیگ کا میڈیا سیل یہ کام کرتا رہا ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے فون کال کرنے والے کی خوب عزت افزائی کی ہے اور اسے جو کچھ کہا ہے وہ اس طرح بتایا بھی نہیں جا سکتا ہے مگر ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں کہ کون ہے جو ایک سیاسی رہنما کو اس طرح دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2015 اور 2016 کے دوران بھی بیگم صفدر اعوان کا میڈیا سیل یہی کام کر رہا تھا آئی ایس آئی، آئی بی اور دیگر حساس اداروں کو دیکھنا چاہیے کہ یہ سازش کامیاب نہ ہو سکے۔ اور ان سازشی عناصر کا قلع قمع کیا جائے۔