لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 8لڑکیوں سمیت10 افراد اغوا

13%D9%84%D8%A7%DA%BE%DB%81%D8%B1%DA%A9%DB%8C%D9%86%D8%AF%D9%86%D8%A7%D9%BE%DB%8C%D9%86%D8%A8%D8%A7%D8%B1%DA%BE%DA%AF%D8%A7%DB%8C.jpg

صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن و امان کی صورتحال پرسوالات اٹھنے لگے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر سے 8 لڑکیوں سمیت 10 افراد اغوا ہوگئے ۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف پولیس اسٹیشنز میں 24 گھنٹوں کے دوران اغوا کے10 مقدمات درج کیے گئےہیں،جن کے مطابق شہر میں 8 لڑکیوں اور 2 لڑکوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق ہنجروال کی رہائشی فوزیہ کے مطابق مسلحہ افراد اس کے شوہرکو اٹھا کرلے گئے ، کاہنہ میں اللہ رکھا کے 24 سالہ ذہنی معذور نوجوان کو اغوا کاروں نے اٹھا لیا۔

اسی طرح نواب ٹاؤن کےرہائشی محمد نعیم کی بیوی جو روٹیاں لینے گئی تھی ، غائب ہے، کاہنہ میں سودا لینے جانے والی جواں سالہ ملائکہ کو گن پوائنٹ پر اغوا کیا گیا،لیاقت آباد سے18 سالہ مہوش اور 17 سالہ آمنہ کو نامعلوم ملزمان نے اٹھالیا ہے۔

جوہر ٹاؤن کی رہائشی شہناز نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا ہے کہ زنیرہ کونامعلوم افراد نے اٹھالیا ہے، چوہنگ سےمسرت بی بی کی بیٹی شاہین اغوا ہوگئی ہے جبکہ سندر کے رہائشی کریم بخش کی بیٹی ثریا کا بھی کچھ اتاپتا نہیں ہے۔

شہری اپنے پیاروں کی تلاش میں مارےمارے پھر رہے ہیں مگر پولیس اورارباب اقتدار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایک دن میں اغوا کی اتنی وارداتوں نے ایک طرف جہاں شہریوں میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے وہیں صوبائی دارالحکومت کی پولیس کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا ہے۔