مدینہ منورہ:سنگین جرم میں ملوث 5 پاکستانی گرفتار

2sapakisarrst.jpg

سعودی عرب میں پاکستانی منی لانڈرنگ میں ملوث نکلے،سعودی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے 5 پاکستانیوں کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا،قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے مدینہ منورہ میں کارروائی کی اور غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرانے اور اسے بیرون ملک بھجوانے کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو حراست میں لیا۔

ملزمان کے قبضے سے خطیر رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے،عرب میڈیا کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان نے بتایاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی مخصوص ٹیم نے پانچ غیر ملکیوں کو حراست میں لیا جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔

رواں سال عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی عدالت نے 4.52 بلین ڈالر منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملکی و غیر ملکیوں کو 20 سال قید کی سزا سنائی تھی، عدالت نے ملزمان پر 75 ملین ریال تک جرمانہ بھی عائد کیا تھا، منی لانڈرنگ میں ملوث سعودی شہریوں پر 20 سال تک سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جب کہ غیر ملکیوں کو سزا پوری ہونے پر ملک بدر کردیا جائے گا۔

رواں سال سعودی عرب کی اینٹی کرپشن اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ میں ملوث 65 افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں ملکی و غیر ملکی بھی شامل تھے، ان افراد میں سے 48 کا تعلق سرکاری اداروں سے تھا جو سعودیہ عرب میں مختلف وزارتوں میں تعینات تھے۔