سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی نئی آڈیو لیک پر ردعمل دیدیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر میں وزیراطلاعات ہوتا اور مریم نواز شریف ایسی ہدایات مجھے دیتیں تو میں وزارت کو ٹھوکر ماردیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب دیکھنا ہے کہ مریم اورنگزیب کسی غیرت کا مظاہرہ کرتی ہیں یا نہیں۔
اپنی دوسری ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اپنی پوزیشن واضح کریں کہ کیا وہ ایک ڈمی وزیراطلاعات ہیں؟
تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نےاس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کے سب سے بڑے چیمپئن ان محترمہ کے ہاتھوں مینج ہورہے ہیں، اور جو مینج نہیں ہوتے ان پر مقدمات قائم کیے جارہے ہیں، پریس کانفرنسز میں ان کے مائیک اٹھا دیئے جاتے ہیں اور جلسوں میں ان چینلز پر تنقید بھی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہ یہ خاندان سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر کا اگلا ورژن ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آپ اندازہ کرے بغیر کسی سرکاری عہدے کے مریم صفدر سرکاری وسائل استعمال کرکے میڈیا پر اپنی دھونس چلاتی رہی ہے۔
سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک کوالیفائیڈ مجرمہ حکومت کی طرف سے وفاقی و صوبائی محکمہ اطلاعات بن چکی ہیں اور محکمہ کے ملازمین کو اپنی باندی، سرکاری فنڈز کو اپنے باپ کا مال سمجھ بیٹھی ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف کی ایک نئی مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ میڈیا کے حوالے سے کسی سے گفتگو کرتے ہوئے برہم ہوتی سنائی دے رہی ہیں۔
اس آڈیو لیک میں مریم نواز کہتی سنائی دیتی ہیں کہ "میں آپ پر ڈیپنڈنٹ ہوں، آپ انفارمیشن سیکرٹری سے بات کریں یا پی آئی ڈی سے انہیں کہیں اگر وہ نہیں مانتے مجھے وزیراعظم سے بات کرنی پڑے گی، میں میڈیا مینج کررہی ہوں تو میرے ہاتھ کیوں باندھے جارہے ہیں"۔