مری:ہوٹل مالکان کے شرمناک رویے پر فضا علی برہم:کونسے ہوٹل میں گئیں؟

fizza-ali-murree.jpg


مری میں طوفانی برفباری کے دوران اداکارہ فضا علی بھی دیگر پھنسے ہوئےسیاحوں کی طرح وہاں موجود ہوٹل مالکان کے شرمناک رویے پر برس پڑیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ فضا علی بھی برفباری کے دوران مری میں پھنسی رہیں، اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں ہوٹل والوں کی جانب سے دوگنے چوگنے پیسے وصول کئے جارہے ہیں لیکن کسی قسم کی سہولت نہیں دی جارہی۔

اداکارہ فضاعلی نے شدید برفباری کے دوران مری میں لیے جانے والے ہوٹل کے کمرے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں وہ ایک پراجیکٹ کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھیں ، انہوں نے برفباری دیکھنے کے لیے مری جانے کا پلان بنایا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نےمری کے اروما کیفے نامی ہوٹل میں 20 ہزار روپے میں ایک رات کے لیے کمرا کرایے پر لیا جہاں پہنچنے پر پتا چلا کہ تصویروں میں انتظامیہ کی جانب سے دکھائے گئے کمرے بالکل بھی ویسے نہیں تھے۔


فضا علی نےبتایا کہ ہوٹل کے کمروں کے واش روم میں پانی موجود نہیں تھا، جبکہ شکایت کرنے پر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ موٹر چلائی ہے پانی آجائے گا لیکن 4 گھنٹے گزرجانے کے باوجود پانی نہیں آیا، اس دوران ہم نے 3 کپ چائے آرڈر کی بوتل دیکھ کر شدید حیرانی ہوئی کیوں کہ 3 کپ چائے ہمیں 2 ہزار روپے میں دی گئی۔

تاہم کئی گھنٹے گزر نے کے باوجود بھی جب پانی نہیں آیا تو ہم نے انتظامیہ کے ساتھ اس بدانتظامی پر شدید غصہ کا اظہار کیا اور پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ،پھر ہم نے وہ ہوٹل چھوڑ دیا۔

اداکارہ فضا علی نے مزید کہا کہ سانحہ مری کے دوران عوام سے برے رویے ، ان کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے اور ان سے کرائے کی مد میں زیادہ رقم وصول کرنے والے ہوٹلوں کے نام لینے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ ایسے ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مری میں ہوٹل مالکان میں صرف 10 فیصد افراد ایسے ہیں جن کا تعلق مری سے ہے، ورنہ زیادہ تری مری کے ہوٹلز کے مالکان بڑے بڑے سیاستدان، کاروباری شخصیات اور وزیر ہیں۔

واضح رہے کہ 7 جنوری کو رات گئے مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال سنگین ہوگئی تھی جس سے 23 افراد گاڑیوں میں پھنسے رہنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔