مہنگائی پر وزیر اعظم نےجب بھی نوٹس لیاوہ عوام کو مہنگا ہی پڑا:منصور علی خان

khan.jpg


نجی ٹی وی سے منسلک اینکر پرسن منصور علی خان نے اپنے پروگرام میں حکومت کو درپیش چیلنجز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت 3 سال مکمل کر چکی ہے اب چوتھے سال میں بھی حکومت کو کچھ مسائل کا سامنا ہے جن میں مہنگائی سب سے اہم ہے۔ حکومت نے جب بھی کوئی نوٹس لیا تو وہ عوام کو مہنگا ہی پڑا ہے۔

منصور علی خان نے اس مہنگائی کو جان لیوا کہتے ہوئے بتایا کہ پچھلے 3 سال میں اشیائے خورونوش ہوں یا جان بچانے کی ادویات، بجلی ،گیس ہو یا پٹرول عام استعمال کی ہر چیز کئی گنا مہنگی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف وزیر اعظم نے جب بھی نوٹس لیا وہ عوام کو مہنگا ہی پڑا ہے۔ اب حکومت مہنگائی کو عالمی مسئلہ قرار دے رہی ہے۔

منصور علی خان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ سرمایہ داروں کے سامنے حکومت بے بس ہے اور قیمتوں پر حکومت کو کوئی کنٹرول نہیں ہے۔


انہوں نے بتایا کہ حکومت کو ایک اور بڑا مسئلہ جو درپیش ہے وہ ہے ایسی جماعتیں جو حکومت کو بار بار چیلنج کرتی رہی ہیں۔ ان جماعتوں کو وفاقی وزراء نے عسکریت پسند اور دہشتگرد گروہ کہا پابندی لگائی اور بھارت سے فنڈنگ کے الزامات لگائے گئے اور القاعدہ جیسا سبق سکھانے کی دھ۔مکی دی پھر اسی گروہ سے خفیہ معاہدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو درپیش تیسرا مسئلہ انتخابات میں شفافیت کا فقدان ہے۔ یہ خود وہ جماعت ہیں جو ماضی میں دھاندلی کا شور کرتی رہی اور دھاندلی کے خلاف 126 دن کا دھرنا دیا۔ اس جماعت پر اقتدار میں آنے کے بعد "دھند زدہ" انتخابات کرانے جیسے الزامات لگ رہے ہیں۔ انہوں نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کو حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا۔