پاکستان سری لنکا کو20 کروڑ ڈالر قرض دے گا، سری لنکن میڈیا

4paksrilanka.jpg

سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو 20 کروڑ ڈالر کا قرض دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے دی نیوز نے سری لنکن ڈیلی مرر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے کولمبو کو چاول اور سیمنٹ خریدنے کیلئے 200 ملین ڈالر قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ سری لنکن وزیر تجارت کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران کیا گیا ہے ، تاہم دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر ابھی مزید مذاکرات ہونے باقی ہیں جس میں معاہدے کی شرائط طے کی جائیں گی۔


رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے سری لنکا ان پیسوں سے پاکستان سے چاول اور سیمنٹ امپورٹ کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن سیکرٹری خزانہ سجیتھ اتی گالے نے اسلام آباد کے ساتھ اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 200 ملین ڈالر کے اس معاہدے پر دونوں ملکوں کے درمیان اتفاق پیدا ہوگیا ہے ، تاہم اس قرض کی دیگر شرائط ابھی طے ہونا باقی ہیں۔

یہاں قابل ذکر امر یہ ہے کہ سری لنکا کو اس وقت سیمنٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔