پاکستان کو غیر ملکی قرضوں کے حصول میں 50 فیصد کمی کا سامنا

loan-dollar-pakistan.jpg


پاکستان کو غیر ملکی قرضوں کے حصول میں 50 فیصد کمی کا سامنا ہے,ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی پاکستان کی صلاحیت میں نمایاں کمی آئی, غیر ملکی قرضوں کے حصول میں ایک ایسے وقت میں 50 فیصد کمی آئی ہے جب اسلام آباد زیادہ سے زیادہ رقوم کی آمد کے لیے شدت سے توقع کر رہا ہے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع نے پیر کو اقتصادی امور ڈویژن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے تصدیق کی کہ حکومت گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 846.76 ملین ڈالرز کے مقابلے میں نومبر 2023 میں صرف 415.99 ملین ڈالرز کے غیر ملکی قرضے حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو تقریباً 50 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

اسلام آباد بین الاقوامی منڈیوں میں بلند شرح سود کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں مالی سال کے دوران ساڑھے چار ارب ڈالرز کمانے کے منصوبے بنانے کے باوجود اب تک غیر ملکی تجارتی قرضوں کے ذریعے ایک پیسہ بھی کمانے میں ناکام رہا ہے۔

حکومت ڈیڑھ ارب ڈالرز کے تصور کے باوجود کوئی بین الاقوامی بانڈ شروع کرنے میں بھی ناکام رہی۔
اگر 2023-24 کے پانچ مہینوں (جولائی-نومبر) سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان کو کل 4.285ارب ڈالرز کے غیر ملکی قرضے ملے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5.11 ارب ڈالرز حاصل کیے گئےتھے۔

اقتصادی امور کے ڈویژن نے 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کی منظوری کے بعد انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے موصول ہونے والے 1.2ارب ڈالرز کو شامل نہیں کیا آئی ایم ایف کی قسط کو شامل کرنے کے بعد، رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ڈالر کی کل آمد 5.5 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔

اگست میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2023 میں حکومت کی جانب سے لیےگئے قرض کی تفصیلات جاری کی گئیں تھیں,جس کے مطابقحکومت نے مالی سال 2023 میں 13 ہزار 7 ارب روپے قرض لیا,اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023 کے اختتام پر حکومت کا قرض 60 ہزار 839 ارب روپے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ مالی سال 2023 کے اختتام پر حکومت کا مقامی قرض 38 ہزار 808 ارب روپے ہے جب کہ حکومت کا بیرونی قرض 22 ہزار 30 ارب روپے ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2023 میں 20 ارب 81 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل اور سود ادائیگی پر خرچ ہوئے، قرضوں کے اصل کی ادائیگی پر 16 ارب 39 کروڑ اور سود پر 4 ارب 42 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سرکاری اداروں نے مالی سال 2023 میں 53.94 لاکھ ڈالر قرضوں کا اصل ادا کیا، سرکاری اداروں نے مالی سال 23 میں 25.56 لاکھ ڈالر سود ادا کیا، بینکوں کو مالی سال میں 95 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سود ادا کیا گیا، نجی شعبے نے مالی سال 2023 میں 1 ارب 11 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل کی ادائیگی پرخرچ کیے، نجی شعبے نےمالی سال 2023 میں 75 کروڑ 81 لاکھ ڈالر سود ادا کیا۔