کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ریٹائرڈ پولیس افسر کے گھر پر چھاپہ نما ڈکیتی

1701337725906.png


کراچی پولیس کے اہلکاروں کی چھاپے نما ڈکیتی کی ایک اور واردات سامنے آگئی، اہلکاروں نے اس بار اپنے ہی محکمے کے ریٹائرڈ افسر کو نشانہ بنایا۔

واقعہ سعید آباد سیکٹر 14 میں پیش آیا جہاں پولیس اہلکاروں نے ریٹائرڈ پولیس افسر کے گھر چھاپہ نما ڈکیتی کی واردات کی اور طلائی زیوارت کے علاوہ دو لاکھ روپے نقدی لوٹ کر لے گئے۔
ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر بشیر حسین نے بتایا کہ باروردی اہلکاروں نے آج چھاپہ مار کر لوٹ مار کی۔

دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی نے واقعے کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی اور کہا کہ کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ ڈی ایس پی بلدیہ کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی اپنی رپورٹ میں ملوث افراد کا پتہ لگائے گی جس کے بعد اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ سعید آباد میں پولیس آفیسر کے گھر میں لوٹ مار کی تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ واردات میں سی ٹی ڈی کے اہلکار ملوث ہیں، جن کے خلاف سعید آباد تھانے میں مقدمہ درج کررہے ہیں,اسد رضا نے کہا کہ ساؤتھ زون میں اس طرح کی وارداتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

گزشتہ دنوں اورنگی ٹاؤن میں ڈی ایس پی کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مارا اور 2 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی تھی، جس پر ڈی ایس پی اور ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی کو معطل کردیا گیا ہے۔