بھارتی کرکٹ شائقین نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستانی مداحوں کو علی ظفر اور فواد خان کے بدلے میں ویرات کوہلی دینے کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بھارتی عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس کے علاوہ ان کی کم سن بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی۔
ایسے میں ایک پاکستانی خاتون نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی عوام کو طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ویرات پسند نہیں تو پھر انہیں پاکستان کے حوالے کردیا جائے۔ سوہا نامی خاتون نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیں دے دو ویرات کوہلی اگر پسند نہیں آ رہا تو۔
دیکھتے ہی دیکھتے پاکستانی خاتون کی ٹوئٹ وائرل ہوگئی اور اس پر نہ صرف پاکستانی کرکٹ اور شوبز مداح بلکہ بھارتی فلم و کرکٹ شائقین نے بھی کمنٹس کئے اور دونوں ممالک کے مداحوں کے درمیان شخصیات کے تبادلے کی بحث شروع ہوگئی۔
بھارتی عوام نے علی ظفر اور فواد خان کے بدلے ویرات کوہلی پاکستان کو دینے کی ہامی بھرلی۔ کچھ بھارتی مداحوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویرات کوہلی کو لے جائیں اور علی ظفر کو بھارت بھجوا دیں۔ جبکہ کچھ بھارتی مداحوں نے ویرات کوہلی کے ساتھ میں روہت شرما اور رشابھ پنت مفت میں دینے کی ہامی بھی بھرلی۔
متعدد بھارتی مداحوں نے پاکستانیوں کو کھلے دل سے یہ پیشکش کی کہ وہ ویرات کوہلی کے بدلے بابر اعظم کو بھارت کے حوالے کریں اور ساتھ میں رشابھ پنت بھی مفت میں لے لو۔
ایک بھارتی مداح نے متنبہ کیا کہ ویرات کوہلی ان کی کرکٹ ٹیم کو بھی بھارتی ٹیم کی طرح برباد کردے گا۔ ایک مداح نے تو اداکار فواد خان کے بدلے پوری بھارتی ٹیم پاکستانیوں کو دینے کی پیشکش کرڈالی۔
ایک بھارتی خاتون نے تو پاکستانیوں سے قوی خان، زاہد احمد، عدنان صدیقی، سمیع خان، نعمان اعجاز، مدیحہ امام اور سجل علی بھی مانگتے ہوئے درخواست کی کہ ان سے ویرات کوہلی نہ مانگا جائے بلکہ اس کے بدلے روی شاستری کو لے لیں۔
دوسری جانب بھارتی خاتون کی ٹوئٹ پر ایک اور مداح نے پاکستانیوں کو مہوش حیات اور نیلم منیر کے بدلے راکھی ساونت دینے کی پیشکش کردی۔