خبریں

کراچی میں بیوی نے گھریلو جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے سے وار کرکے اپنے 45 سالہ شوہر کو شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں معمولی تکرار پر بیوی غصہ میں آگئی اور تیزدھار آلے سے وار کر کے اپنےپینتالیس سالہ شوہرخالد کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی کی وجہ شوہر کا بیوی کو مانہ خرچ نہ دینا بنی۔متاثرہ شخص کچھ سال قبل فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور حال ہی میں اس نے کنسٹرکشن کا کاروبار شروع کیا تھا مگر وہ ناکام ہوگیا اور آج کل بیروزگار تھا۔ ایس ایچ او کے مطابق ملزمہ نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کی کوشش کی مگر آلۂ قتل تیز دھار نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی کوشش میں ناکام رہی۔ پولیس کے مطابق زخمی شوہر کو اسپتال منتقل کردیا گیاگیا ہے جبکہ مقدمہ درج کرکے خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔شوہر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمہ اور متاثرہ شخص ایک ہی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، واقعے کہ بعد بڑی تعداد میں ان کے رشتہ دار تھانے پہنچ گئے اور میاں بیوی میں صلح کروادی۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے میں شوہر کو قتل کرنے کئے بعد اسکی لاش ٹکڑے کرنے کے کیس میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ پولیس کی انویسٹی گیشن کے مطابق 70 سالہ شوہر کو بے دردی سے قتل کرنے والی خاتون آئس نشے کی عادی ہے اور خاتون عاصمہ رباب اور اس کا شوہر شیخ سہیل دونوں گزشتہ 7 سال سے آئس کا نشہ کررہے تھ۔ انویسٹی گیشن ٹیم کے مطابق جس رات قتل ہوا ، اس رات دونوں مل کر آئس کا نشہ کررہے تھے، خاتون حد سے زیادہ نشہ کرچکی تھی تاہم مقتول نشہ کرتا اور باہر آتا جاتا رہا جس کی وجہ سے خاتون دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔خاتون نے اپنے شوہر کے سر پر لوہے کی راڈ ماری اور زخمی کردیا اور تشدد کا نشانہ بناتی رہی جس کی وجہ سے شوہر زندگی کی بازی ہارگیا۔ خاتون نے اپنے شوہر کی لاش کے ٹکرے کرنا شروع کر دیے، پہلے گردن اور بعد میں ہاتھ کاٹے اور کھڑکی سے باہر پھینک دئیے ۔
کراچی: صدر کے علاقے میں شوہر کو قتل کرنے کئے بعد اسکی لاش ٹکڑے کرنے کے کیس میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں 70 سال کے شخص کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ٹکڑےکرنے کے کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔پولیس کی انویسٹی گیشن کے مطابق 70 سالہ شوہر کو بے دردی سے قتل کرنے والی عاصمہ نامی خاتون آئس نشے کی عادی ہے۔ پولیس تفتیش کے مطابق خاتون عاصمہ رباب اور اس کا شوہر شیخ سہیل دونوں گزشتہ 7 سال سے آئس کا نشہ کررہے تھے، 2013 میں مقتول شیخ سہیل اور گرفتار خاتون رباب عرف عاصمہ کی شادی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی اکثر نشے میں ایک دوسرے سے لڑتے اور 2،2 ماہ تک ناراض بھی رہتے تھے۔پولیس انویستی گیشن کے مطابق جس رات قتل ہوا ۔ اس رات دونوں مل کر آئس کا نشہ کررہے تھے، خاتون حد سے زیادہ نشہ کرچکی تھی تاہم مقتول نشہ کرتا اور باہر آتا جاتا رہا جس کی وجہ سے خاتون دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔ خاتون نے نشے کی حالت میں پہلے شوہر کو تھپڑ مارا جس پر دونوں گتھم گھا ہوگئے، اسی دوران خاتون کے ہاتھ ایک لوہے کی راڈ لگی جو اس نے اپنے شوہر کے سر پر راڈ ماری جس سے اسکے سر سے خون نکلنے لگا۔ خون بہتا دیکھ کر خاتون شوہر کا خون صاف کرنے لگی لیکن اس دوران دونوں کے درمیان پھر تلخ کلامی شروع ہوگئی جس پر خاتون زخمی شوہر کو تشدد کا نشانہ بناتی رہی اور شوہر زندگی کی بازی ہار گیا۔ خاتون نے پھر لاش کے ٹکرے کرنا شروع کر دیے، پہلے گردن اور بعد میں ہاتھ کاٹے اور کھڑکی سے باہر پھینک دئیے ۔مقتول کے ہاتھ کھڑکی سے باہر پھینکتے ہوئے چوکیدار نے دیکھا، خاتون نیچے آئی اور دونوں ہاتھ اٹھا کر ساتھ لے گئی پولیس کے مطابق خاتون گرفتاری کے 2 روز بعد تک نشے میں تھی۔خاتون کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ عدالت پیشی کے موقع پر مسکرارہی تھی اور ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ نشے کی حالت میں ہو۔
لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزمان قرار دے دیا اورایف آئی اے نے شہباز ،حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ایف آئی اے نے چالان بینکنگ جرائم کورٹ میں جمع کرایا ، چالان میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا۔ایف آئی اے کا چالان سات والیمز پر مشتمل ہے چالان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی ملزمان نے 16.3 ارب روپے کرپشن سے جمع کئے۔رمضان اور العربیہ شوگر مل کے چودہ ملازمین کے اکاونٹ میں سولہ ارب روپے سے زائد رقم جمع کروائی گئی ، ان ملازمین کے اٹھائیس اکاونٹس میں سترہ ہزار ٹرانزیکشنز کے ثبوت موجود ہے۔ چالان کے مطابق ملازمین نے اپنے بیانات میں کہا اربوں روپے انکے نہیں ہیں، بطور وزیراعلیٰ شہباز شریف ،حمزہ شہباز نےیہ رقم بےنامی اکاؤنٹس میں جمع کرائی، 17000ہزاربینک ٹرانزیکشن کے4000صفحات کے7والیمزجمع کراچکے۔ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے مؤقف میں کہا ہے کہ دونوں مرکزی ملزمان سے بارہا منی ٹریل کا پوچھا گیا لیکن وہ اس سے متعلق کچھ پیش نہ کرسکے۔شہباز شریف نے ہر سوال کے جواب میں کہا کہ انکے بیٹوں سے پوچھیں جبکہ حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ میرا چھوٹا بھائی سلمان شہباز کاروبار دیکھتا تھا، اس سے پوچھیں۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ چالان میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی ۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف 100 گواہ عدالت میں گواہی دیں گے ۔ چالان میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ سلمان شہباز سمیت تین ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری ہو چکے ہیں
بار کونسل کے ممبر اور وکیل عرفان مہر کے قتل کی گتھیاں سلجھنے لگیں۔۔ قتل میں سالا ، سالیاں اور بیوی ملوث نکلیں۔پولیس کے مطابق عرفان مہر کی قاتلہ اس کی بیوی ہے، جس نے گھریلو ناچاکیوں اور سسرال سے حسد میں اپنے بھائی کو قتل کی سپاری دی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وکیل عرفان مہر کے قتل میں ملوث ملزم اکبر مقتول کا سالا اور اسکی 2 سگی بہینیں ہے جن میں سے ایک مقتول کی بیوی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قتل ہونے والے ایڈوکیٹ عرفان مہر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایک ملزم کی شناخت اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔ کراچی چیف پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اکبر مقتول عرفان مہر کا سالا ہے، جب کہ قاتل کی دو سگی بہنیں بھی اس واردات میں ملوث ہیں۔ملزم محکمہ تعلیم میں چپڑاسی کی حیثیت سے ملازمت کررہا ہے، جسے 6 سال سے تنخواہ نہیں ملی تھی اور مقروض تھا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ قاتل اکبر کی ایک بہن اور مقتول کی بیوی نے اپنے بھائی اکبر کو اسلحہ خریدنے اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کے لئے پیسے بھی دیئے۔مقتول کی بیوی نے اپنے بھائی کو دو لاکھ بیس ہزار روپے بھی دیے۔ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ملزمان کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ گھریلو رنجش کی بناء پر ملزم اکبر نے بہنوئی کو پلاننگ کرکے تحت قتل کیا۔ ہمارا یہ تاثر تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے لیے عرفان مہر کو قتل کیا گیا۔ عرفان مہر کے قتل کا سراغ لگانے والی سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کے انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق عرفان مہر کو قتل کرنے کا ٹاسک اس کی بیوی صاحبزادی اور سالی شبانہ عرف کراڑی عرف چھوٹی نے اپنے بھائی ملزم غلام اکبر کو دیا ۔ گرفتار ملزم غلام اکبر نے قتل کی وجہ یہ بتائی کہ عرفان مہر اس کی بہن (عرفان مہرکی بیوی)کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا تھا جس سے وہ تنگ تھی اور تینوں بہن بھائیوں نے مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔ ملزم کے مطابق وہ یہ واردات اسلئے سرانجام دینا چاہتا تھا کیونکہ وہ 30 لاکھ لاکھ روپے کا مقروض تھا جبکہ عرفان مہر کے قتل کی صورت میں انہیں مقتول کے پاس کیش کی شکل میں موجود لگ بھگ 70،80 لاکھ روپے ملنے کی اُمید تھی۔ ملزم کے مطابق اس کی بہن صاحبزادی نے اس کام کے لیے ابتدائی طور پر اسے ایک لاکھ 60 ہزار روپے اور پھر چند دن بعد مزید 60 ہزار روپے دیے۔ جس سے اس نے اسلحہ اور واردات میں استعمال کرنے کیلئے موٹرسائیکل کرائے پر لی ۔ اکبر نامی ملزم کے نے بتایا کہ اس نے مقتول عرفان مہر کی خود ریکی کی اور اور قتل کے بعد شکارپور چلے گئے۔
گوجرانوالا میں برقع پہن کر بازار میں آنے والی خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے شخص کو دکانداروں نے پکڑ کر درگت بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق ملزم عمر عدیل ڈسکہ کا رہائشی اور گھر سے برقع پہن کر آتا تھا اور بازاروں میں خواتین کو ہراساں کرتا تھا۔ خواتین نے چھیڑ خانی کرنے پر برقع کے نیچے مرد کی موجودگی کا علم ہوتے ہی اس کی خوب پٹائی کی اور پھر اسے قانون کے حوالے کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف کئی روز سے خواتین کی شکایات موصول ہو رہی تھیں تاہم آج یہ شخص قصابوں والا گلہ بازار سے گرفتار ہوا ہے جہاں وہ برقع پہنچ کر عورتوں کے درمیان گھس گیا اور ان کے ساتھ نازیبا حرکتیں شروع کر دیں جس پر دکانداروں نے ملزم کو پکڑ لیا۔ بعدازاں دکانداروں نے پٹائی کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تھائی لینڈ میں ایک خاتون نے اپنے باس سے ناراضگی کے سبب مبینہ طور پر تیل کے گودام کو آگ لگادی جہاں وہ کام کرتی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں پیش آنے والے ایک انوکھے واقعے نےسب کو حیرت میں ڈال دیا، 38 سالہ خاتون نے باس کے ڈانٹنے پر تیل کے گودام کو آگ لگا دی۔ این سریا نامی تھائی ملازمہ نے پراپاکورن نامی گودام میں تیل کے کنٹینر پر کاغذ کے ٹکڑے کو پھینکنے سے قبل لائٹر سے آگ لگائی تھی۔ 29 نومبر کو واقعے کے دوران زخمی حالت میں پائی جانے والی ناراض ملازمہ نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ اس نے جگہ کو آگ اپنے باس پر غصے کی وجہ سے لگائی تھی، جس کے باعث خاتون نے انتہائی خوفناک اقدام اٹھاتے ہوئے تیل کے گودام کو آگ لگا دی۔ آگ سے 40 ملین سے زائد تھائی بھات (21 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) مالیت کا نقصان ہوا اور وہ تیزی سے اس عمارت میں پھیل گئی جس کو ہزاروں لیٹر تیل کے ٹینک ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں آگ کو فائر ٹینڈرز کی مدد سے بجھاتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے باس کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض تھی، باس کی جانب سے خاتون کو کام بہتر بنانے کے ہدایات کی جاتی تھیں جس سے تنگ آکر خاتون نے گودام کو آگ لگا دی۔
سندھ کے ضلع جامشورو کے علاقے سیہون شریف کے انسپکٹر نے ساتھیوں سے مل کر 19سالہ نوجوان کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق سیہون شریف میں پولیس انسپکٹر نے 19 سالہ نوجوان لڑکے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈلا ۔ نوجوان کے والد کی درخواست پر پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان کے والد کی مدعیت میں ملزم انسپکٹر ایس ایچ او پیراللہ بچایو و دیگر 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مدعی کے بیان کے مطابق نوجوان کوچ پر ڈرائیور ہے، ملزمان نے نوجوان کو جوس میں نشہ آور دوا دی اور بے ہوشی کی حالت میں ملزم عباس ٹالپر کی اوطاق پر لے گئے۔ پولیس انسپکٹر کے دوست کی اوطاق پر نوجوان کو ہوس کا نشانہ بنایا گیا جب متاثرہ نوجوان کے ورثا جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزمان فرار ہوگئے۔ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے اوطاق کے مالک کو گرفتار کر لیا جبکہ انسپکٹر سمیت دیگر ملزمان فرار ہیں۔
خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں پشتخرہ کے علاقے میں تاج آباد قبرستان میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ملزموں پر پولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات کے علاوہ بھتہ خوری کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے۔ سی سی پی او پشاور عباس احسن نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پہلے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں کارروائی کی گئی، ناصر باغ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار راحت زخمی ہوا۔ جس کے بعد ملزمان ناصر باغ سے فرار ہو کر تھانہ پشتخرہ کی حدود تاج آباد قبرستان میں روپوش ہوئے، اطلاع ملنے پر جیسے ہی پولیس ٹیم تاج آباد قبرستان پہنچی تو ملزمان نے دوبارہ پولیس پہ اندھا دھند فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے گاؤں شادہ گرہ میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا، اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد شہید ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی لاش اسپتال منتقل کردی۔
ننکانہ صاحب میں رہنے والے ایک سکھ خاندان کی بیٹی رجمیت کور نے اپنے ہمسائے جنید سے شادی کر لی۔ اس سے پہلے اس نے جڑانوالہ کی ایک مسجد میں اسلام قبول کیا اور وہیں ان کا نکاح پڑھوا دیا گیا۔ رجمیت کور نے مسلمان ہونے پر اپنا نام جنت بی بی رکھا۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق اپنے شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر ایک سکھ شہری نے بتایا کہ رجمیت کور اور جنید دونوں ایک دوسرے کو چاہتے تھے وہ پہلے بھی اپنے گھر والوں کی مرضی کے بغیر گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی تاہم مقامی شخصیت کی مداخلت پر لڑکی کو واپس اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ رجمیت کور7 دسمبر کی رات کو اپنے گھر سے گئی اس نے جڑانوالہ کی ایک مقامی مسجد میں اسلام قبول کیا اور اپنے لیے جنت بی بی نام کا انتخاب کیا۔ اس کے بعد جنید اور جنت میں نکاح کرا دیا گیا۔ لڑکی نے والدین کے خوف سے تحفظ کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی۔ جس پر ننکانہ صاحب اور فیصل آباد کی انتظامیہ نے نوبیاہتا جوڑے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنت بی بی (رجمیت کور) اپنے شوہر جنید کے ساتھ جانے پر بضد ہے جب کہ والدین لڑکی کے اس فیصلے کے خلاف ہیں جس پر انتظامیہ نے لڑکی کو دارالامان لاہور منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب سکھ مذہب کے لاہور سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما نے اس معاملے پر بیان دیا ہے کہ وہ اس معاملے کوخوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کریں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ لڑکی بالغ ہے اوراپنی رضامندی سے اس نے اسلام قبول کرکے شادی کی ہے۔ اگراسے زبردستی اغوا کرکے جبری مذہب تبدیل کروایا جاتا توپھر وہ اس کے حق میں آواز اٹھاتے۔ ادھر رجمیت کور کے والد رنجیت سنگھ نے مقامی برادری سے مدد طلب کی ہے جنہوں نے اس معاملے کو مقامی مسلم بزرگوں کے ساتھ اٹھایا ہے لیکن اس کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔ اس سے قبل بھی اسی خاندان کی ایک لڑکی نے اسلام قبول کر کے مسلم نوجوان سے شادی کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں ماہی گیروں کی جانب سے جاری احتجاج کا نوٹس لے لیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نےگوادر میں محنتی ماہی گیروں کےجائز مطالبات کانوٹس لیا۔ وزیراعظم نے لکھا کہ ٹرالرز کے ذریعے غیرقانونی ماہی گیری کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی معاملے پر بات کروں گا۔ یاد رہے کہ گوادر میں ماہی گیروں کی جانب سے گزشتہ کئی دنوں سے بلوچستان کو حق دو کے نام سے تحریک جاری ہے، مظاہروں کی قیادت مولانا ہدایت الرحمان کر رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق گوادر کے تین بڑے مسائل ہیں، ان میں سرفہرست ٹرالنگ ہے، جس پر حکومت نے سمندر میں 12 ناٹیکل میل تک پابندی لگا رکھی ہے۔ ان کا دوسرا مسئلہ سرحد سے تجارت کا ہے، جو پہلے ٹوکن سسٹم پر چلتا تھا، یہاں کے لوگ کبھی ایرانی تیل اور خوردنی تیل وغیرہ لاتے تھے، اسے بھی اب بند کردیا گیا ہے۔ تیسرا مسئلہ وہ کشتیاں ہیں، جو کوسٹ گارڈ نے پکڑ رکھی ہیں یا جن لوگوں کی گاڑیاں بند کی گئی ہیں۔ ماہی گیروں کی جانب سے کئی دنوں سے احتجاج جاری ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ ماہی گیروں کو سمندر تک رسائی کے علاوہ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کو بھی بند کیا جائے۔ غیر قانونی ماہی گیری کا خاتمہ بھی مظاہرین کے مطالبات میں شامل ہے۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نورولی محسود کا افغان طالبان کا حصہ ہونے کا دعویٰ، افغان طالبان کے ترجمان نے دعویٰ جھوٹ پر مبنی قراردیدیا افغان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کردیا کہ امارات اسلامیہ افغانستان سے تحریک طالبان پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے،افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات اور طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے انٹرویو میں دو ٹوک کہہ دیا کہ تحریک طالبان پاکستان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے مقاصد ایک جیسے ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں اور ٹی ٹی پی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ٹی ٹی پی کو پاکستان میں امن و استحکام پر توجہ دیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ٹی ٹی پی کا مقصد ملک دشمنوں کو خطے اور پاکستان میں مداخلت سے روکنا ہونا چاہیے اور ہم پاکستان سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ خطے اور پاکستان کی بہتری کے لیے ٹی ٹی پی کے مطالبات پر غور کریں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ٹی ٹی پی امارات اسلامیہ افغانستان کا ہی حصہ ہے،جس پر طالبان کی جانب سے تردید کردی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آڈیو لیک اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسد قیصر 13 دسمبرکو طلب خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تیرہ دسمبر کو طلب کرلیا، اسد قیصر کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے،نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر صوابی نے جاری کیا۔ نوٹس میں اسپیکر اسد قیصر کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی ایم او نے کہا کہ اسد قیصر مبینہ طور پر آڈیو کلپ میں ووٹرز سے اپیل کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ڈی آر اونے اسپیکر اسد قیصر کی آڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پیمرا کو بھی خط لکھ ڈالا،چئیرمین پیمرا سے آڈیو کا فرانزک کرکے رپورٹ 15 دسمبر تک طلب کرلی گئی ہے۔ ڈی آر او پشاور نے پی ٹی آئی کے ایم این اے شوکت علی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ہے، انہیں بارہ دسمبر کو طلب کیا گیا ہے،جبکہ اے این پی کے ایم پی اے ثمر ہارون بلور کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تیرہ دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر بنوں کی جانب سے جے یو آئی کے ایم پی اے اکرم خان درانی کو تنبیہ کرکے جاری نوٹس نمٹا دیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں گزشتہ رات 2 گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے دوران شادی والے گھر کو نذر آتش کردیا گیا، واقعے میں خواتین پر مبینہ تشدد کی بھی اطلاعات ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے علاقے فاروق آباد میں گزشتہ رات ایک شادی والے گھر میں اس وقت پیش آیا جب کچھ لوگوں نے خواتین پر نوٹ نچھاور کرنے سے منع کیا جس کے بعد ایک جھگڑا شروع ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں خواتین پر نوٹ نچھاور کرنے سے منع کرنے کے معاملے پر شروع ہونے والا جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے 2 گروہوں کی شدید لڑائی میں تبدیل ہوگیا جس میں ایک گروہ نے مشتعل ہوکر شادی والے گھر کو ہی آگ لگاڈالی۔ دوسرے گروہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف گھر کو آگ لگائی بلکہ خواتین کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ 14 ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے جن میں سے ایک ملزم کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیا اور فوری طور پر آر پی او فیصل آباد سے واقعہ پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے جون 2021 سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے دوران اب تک مستحق خاندانوں میں 34 ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں کم آمدنی والے افراد کی مالی معاونت کیلئے شروع کیے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اس مرحلے کیلئے حکومت نے بجٹ میں 48 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے تھے اور اس کا ہدف 40 لاکھ کم آمدنی والے افراد تک مالی معاونت پہنچانا تھا، اس مرحلے میں اب تک 28 لاکھ افراد کے درمیان34ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں بھی مستحق افراد کو ون ٹائم12 ہزار روپے کی امداد فراہم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 14لاکھ9 ہزار271 افراد کو مالی مدد فراہم کی گئی اور ان کے درمیان16ارب91 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے، سندھ کے 6 لاکھ65 ہزار571 افراد میں 7ارب 98 کروڑ68 لاکھ 28 ہزار روپے تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح6 لاکھ16ہزار632 خیبر پختونخوا کے رہائشیوں میں 7ارب29 کروڑ95لاکھ 84ہزار ،بلوچستان کے ایک لاکھ29 ہزار855افراد میں 1ارب 55کروڑ8لاکھ 60 ہزار روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ اسلام آباد کے5 ہزار117 افراد میں 7 کروڑ 10 لاکھ4ہزار روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ حکومت نے دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے 35 ہزار 383 افراد میں 42 کروڑ 45 لاکھ 96 ہزار روپے، گلگت بلتستان کے 17 ہزار 326 افراد میں 20 کروڑ 79لاکھ12 ہزار روپے تقسیم کیے۔
وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران بھارت کی امن مخالف پالیسیوں کا معاملہ اٹھادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی سینٹرز کے چار رکنی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکا کو خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران امریکی وفد کو مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہ کہا کہ ہندوستان میں انتہا پسند بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی) کی پالیسیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط شراکت داری خطے کے امن ، سلامتی و خوشحالی کیلئے اہم ہے، پاکستان خطے کے امن و استحکام کیلئے اقدامات کیلئے تیار ہے۔ ملاقات میں افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد کی صورتحال اور خطے میں اس کے اثرات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی سینیٹرزسینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے اراکین ہیں جبکہ ایک سینیٹر آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن ہیں۔
کراچی پولیس نے ایئر پورٹ سے راستہ بھٹک کر کٹی پہاڑی پہنچنے والے چینی شہری کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہوٹل منتقل کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز چین سے بزنس ٹور پر کراچی پہنچنے والا چینی شہری ماؤ فینکن ایئرپورٹ سے نکل کر ہوٹل پہنچنے کے بجائے راستہ بھٹک کر کٹی پہاڑی پہنچ گیا۔ نارتھ ناظم آباد پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کے ایک چینی شہری اپنے سفری سامان کے ہمراہ کٹی پہاڑی کے علاقے میں گھومتا دیکھا گیا ہے جس پر پولیس نے فوری طور پر ایک ٹیم کو مذکورہ مقام پر روانہ کیا،۔ ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں پولیس اسٹیشن نے پولیس پارٹی کو ہدایات کی کہ چینی شہری کو تلاش کیا جائے، پولیس بھٹکے ہوئے چینی شہری کو تلاش کرکے تھانے لے آئی جہاں اس سے پوچھا گیا کہ وہ اس علاقے میں خود پہنچا یا کوئی غلط فہمی ہوگئی ہے۔ ماؤ فینکن نے پولیس کو بتایا کہ وہ غلط فہمی سے اس علاقے میں پہنچ گیا تھا اس نے ایئرپورٹ سے اپنے ہوٹل جانا تھا مگر زبان اور علاقوں سے مکمل جان کاری نہ ہونے کی وجہ سے وہ غلط جگہ پہنچ گیا۔ پولیس نے چینی شہری سے اس کے ہوٹل سے متعلق معلومات حاصل کرکے انہیں ہوٹل بھجوانے کے انتظامات کیے جس کے بعد چینی شہری بحفاظت اپنے ہوٹل پہنچ گیا۔
امریکا میں ایک بار پھر مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، اس بار مہنگائی کا چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،پیٹرول کی قیمت میں 6اعشاریہ 1 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ اعدادو شمار کے مطابق رواں برس نومبر تک قیمتوں میں مجموعی طور پر 6اعشاریہ 8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ امریکا میں ایندھن اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں 1982 کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں،امریکی محکمہ برائے افرادی قوت و شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس میں رواں سال اکتوبر تا نومبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد کا اضافہ ہوا،جس سے افراط زر کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ افراط زر کے اعداد و شمار توقعات کے مطابق ہیں کیوں کہ یہ ڈیٹا کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کو ’ پریشان کن‘ قرار دینے سے پہلے جمع کیا گیا تھا، جس سے اس بات کے خدشات پیداہوگئے تھے کہ پہلے کی طرح اس بار بھی لاک ڈاؤن لگنے سے کاروبار متاثر ہوگا۔ مہنگائی چالیس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے عوام کیلئے گزارا شدید مشکل ہوگیا ہے،کم آمدن والہ طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہورہاہے،برطانوی میڈیا کے مطابق نیویارک کی ایک خاتون نے کہا کہ مہنگائی سے اتنا برا حال ہے کہ وہ صرف ایک وقت کھانا کھارہے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں کنزیومر پرائس انڈیکس 6 اعشاریہ 8 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا،جس پر ماہرین کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران بھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی تھی،امریکا میں بڑھتی مہنگائی پر ریپبلکنز نے حکمراں جماعت ڈیموکریٹس پر تنقید کردی، کہا ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے،امریکی صدر جوبائیڈن کی ناقص پالیسیوں سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز امریکی صدر بائیڈن نے سربراہی کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم نے ساٹھ سالوں میں اتنی ترقی کبھی نہیں کی، لیکن مہنگائی لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہی ہے۔ مہنگائی کی اس لہر نے صرف امریکا کو ہی اپنی لپیٹ میں نہیں لیا بلکہ دنیا کے تقریبا تمام ملک اس وقت بدترین مہنگائی کا شکار ہیں، رپورٹس کے مطابق مصر میں اس وقت مہنگائی کی شرح 8 فیصد ہے اور یہ 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح جرمنی میں 5اعشاریہ 2 فیصد کی مہنگائی کا 29 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ناروے میں 13 سال بعد مہنگائی کی شرح 5اعشاریہ 1 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ میکسیکو میں یہ شرح7اعشاریہ 37 فیصد ہے جو کہ20 سال کا ریکارڈ توڑتی ہے۔ جنوبی کوریا میں مہنگائی کی شرح نے ایک دہائی کا ریکارڈ توڑا ہے ، سنگاپور میں 2013 کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہے جبکہ جنوبی کوریا میں 5اعشاریہ 2 فیصد کے ساتھ مہنگائی کا 2 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر مہنگائی کی اس لہر میں پاکستان بھی آگیا ہے اور یہاں بھی نومبر 2021 میں مہنگائی کی شرح11اعشاریہ5 فیصد تک پہنچ گئی ہے، 2020 میں پاکستان کی مہنگائی کی شرح9اعشاریہ 7 فیصد تھی۔
تجزیہ کار ارشاد بھٹی سے آصف زرداری کیخلاف نیب ریفرنسز کا ریکارڈ غائب کے انکشاف پر تبصرہ کیا، انہوں نے کہا کہ نیب سات سال سے کیس چلا رہی ہے، جب ریکارڈ ہی نہیں تو کیس ہی ختم کردیا جائے،اپیل ہی ختم کردو،درخواست دے کر سائیڈ پر ہو جاؤ۔ جیونیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ کب کیس ہوا یہ رہنے دیں،زرداری صاحب پہلے کیسے بری ہوئے، یہ رہنے دیں،دوہزار چودہ میں زرداری صاحب کی بریت کیخلاف اپیل ہوئی، پہلے لاہور ہائیکورٹ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سات سال سے اپیل پڑی انڈے بچے دیتی رہی آج اس سے مٹی جھاڑی گئی، نیب کو بے شک بند کردیا جائے لیکن ملک لوٹ کر کھانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ نیب کے پاس ریکارڈ ہی نہیں رہا تو آصف زرداری کیخلاف کیس ختم کردے،مبینہ طور پر یہ ریکارڈ غائب کروایا گیا تھا ، عدالت انکوائری کرے کہ ریکارڈ کیسے اور کس نے غائب کروایا،ایسا کیوں ہوتا کہ اصل ریکارڈ ہوتا ہی نہیں، یاتو جل جاتا یا کھو جاتا،آصف زرداری ریفرنسز میں ریکارڈ غائب ہونے کی ذمہ داری نیب پر بنتی ہے۔
ایک نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے افسر کو گولی مار کر خود کو بھی گولی مار لی، شدید زخمی حالت میں دونوں کو اسپتال لے جایا گیا لیکن گارڈ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے ایک نجی بینک میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں سیکیورٹی گارڈ نے بینک کے کسٹم کیئر افسر کو گولی مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بینک افسر کو گولی مارنے کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے خود کو بھی گولی مارلی، شدید زخمی حالت میں دونوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن گارڈ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ بینک افسر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ اسے حیدرآباد ریفر کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چوہدری نے سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کی تصدیق کردی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بلاول بھٹو سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں پر جرمانے عائد کردیئے ہیں۔ خبررساں ادارے ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کےدوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا تھا جس پر آج فیصلہ سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور خورشیدشاہ پر فی کس 50 ہزار روپےجرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراطلاعات و نشریات سندھ سعید غنی، عبدالقادر پٹیل ، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑوکو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50،50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رہنما پیپلزپارٹی نگہت اورکزئی کو جرمانہ عائد نہیں کیا تاہم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور میں پیپلزپارٹی کے ایک جلسے میں بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنما ؤں کی شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے تمام رہنماؤں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے نوٹسز جاری کیے تھے۔ الیکشن کمیشن نے ان نوٹسز میں کہا تھا کہ پبلک آفس ہولڈر کوئی بھی سیاستدان کسی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بن سکتا ،پبلک آفس ہولڈرز کی جانب سے جلسے میں شرکت اور تقاریر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

Back
Top