سندھ میں بے زبان اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہےجس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، واقعہ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ گورنر سندھ نے اونٹنی کے مالک کیلئے بڑا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بے زبان جانور کے ساتھ ظلم کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو ز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، واقعہ میں بااثر افراد نے مالی تنازعے کے بعد ایک شخص کے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی گئی ہے۔
واقعہ پر سندھ حکومت نے نوٹس لیا جبکہ واقعہ میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گورنر سندھ نے متاثرہ اونٹ کے مالک کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس معاملے پر شدید ردعمل آنا شروع ہوگیا ہے، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے واقعہ پر ڈی ایس پی کی گفتگو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ پولیس کے ڈی ایس پی نے واقعہ کو ظلم تو قرار دیدیا مگر کسی ذمہ دار کا نام لینے کی جرات نہیں کی۔
حامد میر نے کہا کہ موصوف کو یہ پتا ہے کہ جس جگہ واقعہ پیش آیا وہ غلام رسول شرکی ہے اس نے وہ رقبہ جعفر پنجابی کو ٹھیکے پر دیا مگر پولیس نےایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف کاٹی ہے۔
عارف حمید بھٹی نے کہا جس ملک میں انسانوں کوبے گناہ مار دیا جائے یا انتقامی کاروائیاں معمول ہوں، جہاں جج انصاف دینے کی بجائے خود غیر محفوظ ہوں، جہاں کرپٹ مافیا کی نشاندھی صحافی کا جرم بن جائے۔ ایسے حالات میں انسانوں اور جانوروں پر ظلم سے کوئی فرق نہیں پڑتا!!
واقعہ پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے زخمی اونٹ کی تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ ظالم وڈیرے نے اپنی فصل میں گھسنے والے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی، پولیس نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی، کیونکہ بااثر وڈیرے کو سیاسی لوگوں کی آشرواد حاصل ہے۔
صحافی ثمر عباس نے اس معاملے پر شرجیل انعام میمن کا بیان اور گرفتار ملزمان کی تصاویر شیئر کیں اور ایف آئی آر کی نقل بھی شیئر کی۔
ایک صارف نے اونٹ کی ٹانگ کاٹے جانے کے بعد کی ویڈیو شیئر کی جس میں اونٹ کی آنکھوں سے نکلنے والے آنسو واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
امتیاز چانڈیو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وحشی درندے غلام رسول شر نے بے چارے اونت پر بے رحمانہ ظلم کرتے ہوئے اس کی ٹانگ کاٹ دی، اونٹ چلاتا رہا مگر جانور وڈیرے کو رحم نہیں آیا ، ابھی تک اس معاملے پر پولیس نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
ہرمیت سنگھ نے کہا کہ فرعون توویسے ہی بدنام ہے، اس ملک میں ہر کوئی ناخدا بنا بیٹھا ہے جس کے پاس تھوڑی بہت طاقت آجائے، شدید کرب میں مبتلا اس بے زبان جانور کے ساتھ جو ظلم اس ظالم وڈیرے نے کیا ایک پل کیلئے بھی اس معصوم جانور پر ترس نہیں آیا۔