چینی کی پیداواری صلاحیت میں پاکستان خود کفیل ہو گیا

sugar-cane.jpg


روزنامہ جنگ کا دعویٰ ہے کہ وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق پاکستان چینی کی پیداواری صلاحیت میں خود کفیل ہو گیا ہے۔ ایکس ملز ریٹ 85سے 86روپے چالیس پیسے فی کلو تک پہنچ گئے، پاکستانی قوم کی چینی کی سالانہ ضرورت 64لاکھ ٹن سالانہ ہے۔

موجودہ کرشنگ سیزن میں کم از کم 67لاکھ ٹن چینی ملک کی 82شوگر ملیں بنائیں گی۔شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے گنے کی بمپر فصل ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دال مونگ کی پیداوار میں بھی پاکستان خود کفیل ہو چکا ہے۔ 22-2021 میں فصل کے پہلے اندازے کے مطابق دال کی پیداوار 2 لاکھ 53 ہزار ٹن تھی جبکہ ملکی ضرورت اس سے کم تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار ٹن ہے۔

کچھ عرصہ قبل چینی بحران کی وجہ سے پاکستان میں چینی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا ۔