بلین ٹری پراجیکٹ،پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کتنے درخت لگے؟

8btsbalochistan.jpg

تحریک انصاف حکومت کے بلین ٹری منصوبے کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے مطابق رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں صرف 60 لاکھ درخت لگائے گئے ۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ کے اجلاس کے دوران پلاننگ کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلین ٹری منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران پلاننگ کمیشن نے انکشاف کیا کہ منصوبے کے تحت بلوچستان میں صرف 60 لاکھ درخت لگائے گئے، اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار نے بتایا کہ اس منصوبے میں بلوچستان کیلئے صرف 60 لاکھ پودے ہی رکھے گئے تھے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ نے اس انکشاف پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے ملک کا 45 فیصد حصہ بلوچستان ہے، اتنے بڑے صوبے میں کہا ں کہاں پودے لگائے گئے؟


چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ اس وقت پودے کس سائز کے ہوچکے ہیں؟ بلوچستان سےتعلق رکھنے والے 2 ارکان کو تو صوبے میں ایک پودا بھی دکھائی نہیں دیا ہے۔

سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کمیٹی کو بلوچستان میں لگائے گئے 60 لاکھ پودوں کی تفصیلات پیش کریں، چیئرمین کمیٹی نے کلائمیٹ چینج سے تمام صوبوں میں بلین ٹری منصوبے کے تحت لگائے گئے منصوبوں کی تفصیلات سمیت کمیٹی میں پیش ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔