ترکی کی ویزہ پالیسی میں نئی شرائط سے متعلق خبروں کی تردید

pakistan-turkey-visa-and-mtt.jpg


ترکی میں پاکستانی سفارتخانے نے ویزہ پالیسی میں سخت شرائط عائد کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ٹویٹر پر آفیشل اکاؤنٹ سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں غلط معلومات پھیلائے جانے کو دیکھتے ہوئے یہ وضاحت کرنا ضروری ہے کہ ترکی کی جانب سے ویزہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ترک حکومت نے نہ صرف ویزہ پالیسی میں کوئی تبدیلی کی ہے بلکہ ترکی میں رہائش پزیر پاکستانیوں یا امیگریشن کے خواہش مند افراد کیلئے بھی کوئی سخت شرط عائد نہیں کی ہے، پاکستانی سفارتخانہ ایسے تمام معاملات کے حوالے سے ترک انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

https://twitter.com/x/status/1520003671697891329
واضح رہے کہ چند روز قبل مختلف خبررساں اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں نشر کی جارہی تھیں اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ ترکی میں پاکستانیوں کے جرائم کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے بعد ترک حکومت نے ویزہ پالیسی سخت کردی ہے اور ساتھ ہی عارضی رہائش کا اجازت نامی جاری کرنا بھی بند کردیا ہے۔