ممنوعہ فنڈنگ کیس، عدالت کا ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم

FIA-fundaing-case-pakkk.jpg


ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی انکوائری کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کو حراست میں لیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے کیسز 19 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہیں، کیا یہ اسی طرح کا کیس ہے؟ پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ جی یہ وہی کیسز ہیں، پہلے بینکنگ سرکل اور اب سائبر کرائم یہ انکوائری کر رہا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ نامنظور ڈاٹ کام سے فنڈنگ سے متعلق سائبر کرائم نے نئی انکوائری شروع کی ہے۔ عدالت نے پہلے سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیسز کے ساتھ درخواست منسلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں 3 روز قبل ایف آئی اے نے مبینہ عدم تعاون پر ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نامزد پارٹی ارکان کی گرفتاری کے لیے لاہور اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے تھے، جبکہ سینیٹر سیف اللہ نیازی اور حامد زمان کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔