وزیراعظم کےریلیف فنڈ پر اعتماد نہیں:سائرہ بانو کا اپنی تنخواہ دینے سے انکار

saira-bano-shebaz-sharif-ss-flood.jpg


جی ڈی اے (گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیے جانے والے وزیراعظم فنڈز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تنخواہ رضاکارانہ طور پر دینے سے انکار کردیا۔

جی ڈی اے کی ممبر سائرہ بانو نے وزیراعظم کے سیلاب فنڈ اور اس کی تقسیم پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا اور کہا میری تنخواہ سیلاب فنڈ میں جے ڈی سی اور الخدمت کو یکساں تقسیم کی جائے۔

سائرہ بانو نے اسپیکر قومی اسمبلی کو احتجاجی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہماری تنخواہ ہم سے پوچھے بغیر نہیں کاٹی جا سکتی، ملک اس وقت شدید ترین سیلابی صورت حال سے دوچار ہے۔

سائرہ بانو نے اپنے خط میں لکھا کہ متاثرہ لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کی ضرورت ہے۔ مختلف تنظیمیں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہی ہیں مگر یہ وقت بتائے گا یہ فنڈز کتنے شفاف اور مساویانہ انداز میں تقسیم کئے گئے۔

خاتون رکن قومی اسمبلی نے لکھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی آپ نے ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹ لی تاکہ اُسے ریلیف فنڈ میں جمع کروایا جا سکے؟ فنڈز کٹوتی کے سلسلے میں نہ تو متعلقہ ایم این ایز سے مشاورت کی گئی اور نہ انکی مرضی معلوم کی گئی۔

انہوں نے کہا جو فنڈز جلد بازی میں قائم کیا گیا اس میں بھی پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت نہیں کی گئی، اس وجہ سے اس کی شفافیت اور مانیٹرنگ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ یہ ہر ایم این اے کا اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی کی قابل اعتماد تنظیم کو فنڈ دے۔

انہوں نے خط می استدعا کی کہ میری ایک ماہ کی تنخواہ الخدمت فاﺅنڈیشن اور جے ڈی سی میں برابر کی تقسیم کرکے اس کی رسید دی جائے.