پاکستان نے پیٹرول پر سبسڈی کا اعلان کرنے سے قبل مشاورت نہیں کی: آئی ایم ایف

IMF-shebaz-sharif-govt.jpg


پیٹرول پر سبسڈی کا اعلان کیا لیکن آئی ایم ایف کو اعتماد میں نہیں لیا

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کردیا،ترجمان آئی ایم ایف نے کہا پاکستانی حکام نے پیٹرول پر سبسڈی کا اعلان کرنے سے پہلے مشاورت نہیں کی، آئی ایم ایف سستا پیٹرول فراہم کرنے کی اسکیم کی لاگت،اہداف اور آپریشن کی تفصیلات پر بات کر رہا ہے۔

ترجمان آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق سستا پیٹرول اسکیم میں فراڈ روکنے، ہونے والے نقصان کو پورا کرنے پر پاکستانی حکام سے بات کریں گے، مستحقین اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے براہ راست کیش کفالت کا بہتر طریقہ ہے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز کے مطابق پالیسی ایجنڈے کے نفاذ میں معاونت کے لیے مالی اعانت یقینی بنانا اوّلین ترجیح ہے، کچھ باقی پوائنٹس پورے ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا۔

گزشتہ دنوں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، موٹرسائیکل سواروں کو فی لیٹر پیٹرول پر 50 نہیں بلکہ 100 روپےکا ریلیف ملےگا۔

مصدق ملک نے کہا تھا کہ موٹر سائیکل والے ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں، انہیں 21 لیٹر پیٹرول سستا ملے گا،21 لیٹر سے زیادہ استعمال کرنے پر پوری قیمت دینی پڑے گی۔