پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سےجلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کا مطالبہ کردیا

election-pakistan-zardari-pak-ppp.jpg


پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے جلد عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، شیری رحمان اور سید نوید قمر موجود تھے۔

پی پی پی کے جنرل سیکرٹری نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں پیپلزپارٹی نے موقف اپنایا ہے کہ ہمارا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن نئے انتخابات کی تاریخ دے، قوم بہت اضطراب اور بے چینی کا شکار ہے اس لیے بہت ضروری ہے کہ نئے انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو کے دیئے ہوا آئین وفاقیت کی ضمانت ہے اور پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ آئین میں انتخابات کے حوالے سے موجود شقوں پر عمل درآمد کیا جائے، آئین کے آرٹیکل224 میں وقت متعین کیا گیا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد اس مدت میں انتخابات منعقد کروائے جائیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا پیپلزپارٹی کےوفد کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا جس کی پیپلزپارٹی کےوفد نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا انعقاد آئین 90 دن میں ہونا چاہیے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے پیپلزپارٹی کے وفد کو یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن جلد از جلد حلقہ بندیوں سے متعلق امور کو نمٹاتے ہوئے فوری الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے گا۔