خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے طالبان حکومت کے غیر مناسب رویے کے باعث کابل کے لیے فضائی آپریشن معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن نے کابل کے لیے فلائیٹ آپریشن غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا اعلان کر دیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق کابل آپریشن اگلے احکامات تک معطل رہے گا، آپریشن افغان حکام کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، کابل میں غیرملکی فضائی آپریشن کیلئے غیر موزوں حالات بھی فیصلے کی وجہ ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کے بغیر انشورنس طیارے کابل نہیں جائیں گے، پی آئی اے واحد بین الاقوامی ائرلائن تھی جس نے افغانستان کے بگڑتے ہوئے حالات کے باوجود اپنے کپتان اور عملے کی جان خطرے میں ڈال کر کابل کے لیے فضائی آپریشن جاری رکھا، 3 ہزار کے قریب افراد کا انخلا کیا گیا جن میں اقوام متحدہ، عالمی بینک، آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی اداروں اور عالمی میڈیا کے اداروں کے صحافی شامل ہیں۔ دوسری جانب افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ائیر لائنز ٹکٹ کی قیمتیں 15 اگست 2021 سے پہلے والے ریٹ پر رکھیں، بصورت دیگر ان کا آپریشن بند کر دیا جائے گا۔ افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ اشرف غنی حکومت میں ائیر ٹکٹ کی قیمت 200 سے 300 ڈالر تھی جبکہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد قیمت 2 ہزار ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ قومی ائیرلائن نے افغان طالبان حکام کی جانب سے فلائٹ آپریشن میں مداخلت اور افغان سول ایوی ایشن کے عدم تعاون کے سبب فلائیٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم ظاہر جعفر نے عدالت میں معافی مانگ لی، ملزم نے کہا ہے کہ نور مقدم نے خود کو قربانی کے لیے پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد عطا ربانی نے نور مقدم کیس کی سماعت کی جس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت دیگر ملزمان کو اڈیالہ جیل سے اسلام آبا د کی ضلع کچہری لایا گیا ، ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی، ضمانت پر رہا تھراپی ورک کے چھ ملزمان بھی عدالتی نوٹس پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت ظاہر جعفر نے عدالت سے کہا کہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ میرا وکیل نہیں، وکیل جو کچھ کہہ رہا ہے وہ سب بے بنیاد ہے مجھے چھوڑدیں، میرے ساتھ کھڑے ملزمان نے نور مقدم کو مارا ہے، مجھے بولنے کا موقع دیا جائے۔ملزم نے عدالت سے ایک فون کال کرنے کی اجات مانگتے ہوئے کہا کہ میں اس کیس کو مضبوط کرنے کے لیے کال کرنا چاہتا ہوں۔ ملزم ظاہر جعفر نے گھٹنوں کے بل بیٹھتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر عدالت سے معافی مانگی، ملزم نے کہا کہ قربانی اسلام میں بھی جائز ہے اور نور مقدم نے خود کو قربان کے لیے پیش کیا، اس کو میں نے قربان کیا جبکہ اپنے والد کی پستول استعمال کی، میں قبول کرتا ہوں کہ قتل میرے ہاتھ سے ہوا تھا، وکیل جو بھی دلائل دے رہ سب بے بنیاد ہیں، مجھے چھوڑدیں، ہم لڑے تھے میری غلطی تھی وہ بھی غصے میں تھی، میں جیل کی سلاخوں میں مرنا نہیں چاہتا، میری شادی ہونی چاہیے، بچے ہونے چاہئیں، مجھے گھر میں قید کر دیں جیل میں مارتے ہیں، پھانسی دے دیں میں جیل میں نہیں رہ سکتا یا معافی دے دیں۔ ملزم نے مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت مقدم سے بھی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میرا اور آپ کی بیٹی کا تین سال کا تعلق تھا، میری زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے آپ مجھے بچا سکتے ہیں، آپ میری زندگی لینا چاہتے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے تھراپی ورک کے 6 ملزمان سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے، عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو 20 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔مرکزی ملزم ظاہر جعفر والد ذاکرجعفر، عصمت، افتخار، جمیل، جان محمد ، تھراپی ورک کے طاہر ظہور پر فردجرم عائدکی گئی۔سیشن کورٹ میں ہائی کورٹ کے حکم پر دو ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کے حکم پر عمل در آمد کا آغاز کردیا گیا ہے، عدالت نے سماعت کو 20 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) پلس اسٹیٹس میں توسیع کی یقین دہانی کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر یقین دہانی کروائی، گورنر پنجاب سمیت برسلز میں پاکستانی سفیر ظہیر اسلم اورچوہدری پرویز اقبال لوسر نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر یورپی ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد لینے کے لئے ملاقاتیں کی۔ گورنر پنجاب نائب صدر یورپی پارلیمنٹ کی دعوت پر 10 روزہ دورے پر یورپ میں موجود ہیں۔نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے افغانستان میں امن کےلیے پاکستانی کردارکو سراہا جبکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی افواج کی امن کے خلاف سازشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ڈاکٹر فابیو کے ساتھ ملاقات خوش آئند ہے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پرامید ہوں، پاکستان کے یورپ کے پارلیمانی ارکان سے خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس کی وجہ سے پاکستان کو 20ارب ڈالرز کا فائدہ ہوچکا ہے، پاکستانی حکومت یورپی یونین کےتمام کنونشنز پر عملدرآمد کس یقینی بنا رہی ہے۔ اس سے قبل یورپی یونین کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی (آئی این ٹی اے) نے پاکستان کا جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) پلس اسٹیٹس برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے یورپی ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔ یورپی کمیشن نے جی ایس پی پلس کی نئی شرائط پر بات کی ہے جن میں 6 نئے کنونشن شامل کیے گئے تھے۔یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ نئی شرائط میں معذور افراد کے حقوق، چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور ماحولیات کا تحفظ کے کنوینشن شامل ہے۔ واضح رہے کہ ڈیوٹی فری رسائی پاکستانی مصنوعات کے لیے انتہائی اہم ہے تاکہ یورپی منڈیوں میں چین، ویتنام، بھارت اور ترکی سے آنے والی یکساں مصنوعات کے ساتھ اس کی برتری بھی برقرار رہے۔ یہ اسٹیٹس یورپی یونین کو برآمد کی جانے والی مصنوعات کی 66 فیصد اقسام میں ٹیرف کے مکمل خاتمے کی سہولت دیتا ہے۔
سوڈان میں اقوام متحدہ مشن کا حصہ پاکستانی انجینئر ز نے بنتیو شہر کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچالیا ہے۔ خبررساں ادارے گلوبل ویلج اسپیس کی رپورٹ کے مطابق سوڈان میں اقوام متحدہ امن مشن میں شریک پاک فوج کے انجینئرز نے بنتیو شہر کو بروقت بند باندھ کر سیلاب کو دوسری جانب موڑ کر شہر کو بچا لیا ہے۔ پاکستان ملٹری انجینئرز ٹاسک فورس کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل حمید اکبر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ہمیں فیلڈ آفس کی جانب سے یہ اطلاع ملی کہ لوگوں کو ہماری ضرورت ہے اسی لمحے ہم ایکشن میں آگئے۔ پروجیکٹ لیڈر کیپٹن یاور عباس سیلاب بہت تیز اور شدید تھا اور ہمارے انجینئرز کیلئے اس کے راستے میں بند تعمیر کرنا کسی چیلنج سے کم نہ تھا مگر ہم ایسی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹرینڈ ہیں۔ چیئرپرسن ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی فرانسو ڈوتھ کا کہنا تھا کہ یہ ایک نازک مرحلہ تھا لہذا ہم نے تمام دیگر منصوبوں سے مشینری اور ضروری اوزاروں کو بنتیو پہنچایا اور کام شروع کردیا، اقوام متحدہ مشن کے امن قائم کرنےو الے انجینئرز نے ہمیں ایک بہت بڑی قدرتی آفت سے بچالیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس رفتار سے سیلاب شہر کی جانب بڑھ رہا تھا وہ پریشان کن تھا اگر بروقت اقدامات نہ کیےجاتے ٹاؤن اور اردگرد کے نشیبی علاقے بہت جلدی زیر آب آسکتے تھے جس سے ناقابل فراموش نقصان اٹھانا پڑسکتا تھا۔ قائم مقامی گورنر جوزف مونٹوئل کا کہنا تھا کہ صورتحال انتہائی مخدوش تھی جس کو دیکھتے ہوئے ہم نے یو این مشن کے پیس کیپرز سے مدد کی درخواست کی، اگر یہ ہماری مدد کو نہ آتے تو ہم غیر معمولی بحران کا شکار ہوسکتے تھے، پاکستانی انجینئرز کے بروقت ایکشن نے شہر کے لوگوں کو بڑے نقصان سے بچالیا ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف کمیونی کیشن اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے خواہمشند تمام طلبا داخلے سے محروم ہوگئے، میڈیا اسٹڈیز کیلئے دیئے گئے انٹری ٹیسٹ میں ایک نہیں دو نہیں پورے ایک سو بتیس طلبا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،پی ایچ ڈی کے خواہشمند تمام طلبا انٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔ 132 امیدواروں میں سے ایک بھی امیدوار 70 فیصد نمبر حاصل نہ کرسکا، اتنا ہی نہیں درجنوں فیکلٹی ممبران بھی ٹیسٹ میں فیل ہوئے، طلبہ نے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کو مشکوک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ڈیپارٹمنٹ نے انٹری ٹیسٹ این ٹی ایس کا نام لے کر لیا اور داخل نہ کرنے کے پلان کے باعث سیلیبس سے ہٹ کر سوالات دیئے، جبکہ انٹری ٹیسٹ سے 3 روز قبل سلیبس تبدیل کیا گیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی کا انٹری ٹیسٹ غیرمتوازن تھا۔ دوسری جانب یونیورسٹی ڈین پروفیسر خالد محمود نے موقف دیا کہ سلیبس تبدیل کرتے ہوئے انگریزی کو بعد میں شامل کیا گیا،این ٹی ایس سے ٹرم اینڈ کنڈیشن پر اختلافات تھا،ڈین نے طلبہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب فیل ہوگئے تب احساس ہوا کہ انٹری ٹیسٹ سلیبس سے ہٹ کر لیا گیا۔
ملک بھر میں بارہ ربیع الاول عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں، عشرہ رحمت اللعالمین بھی منایا جارہاہے، ایسے میں پنجاب میں بارہ ربیع الاول کے احترام میں اہم فیصلہ سامنے آگیا ہے، پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے صوبہ بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ میں فلم اور گانے دکھانے پر پابندی لگادی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق پابندی کا اطلاق 19 اکتوبر 12 ربیع الاول تک رہے گا،اس حوالےسے پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق شان رحمت اللعالمینﷺ تقریبات کے احترام میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں میوزک اور فلم دکھانے پر مکمل پابندی ہوگی،اس کی جگہ قرآن کریم کی تلاوت، حمد و نعت کا اہتمام کیا جائے گا، اس پابندی کیخلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو سخت کارروائی کا سامنا ہوگا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں ساٹھ دن کمی کا اعلان کرچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ‏عشرہ رحمت اللعالمینؐ اور12ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر عظیم الشان تقریبات منعقد کی جائیں گی،مرکزی تقریب 12 ربیع الاول کو ہوگی اور حسب معمول اس روزعام تعطیل ہو گی۔
ایم فور گوجرہ موٹروے پر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ لڑکی کو چلتی گاڑی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزموں نے لڑکی کو بوتیک پر نوکری کا جھانسہ دے کر گوجرہ بلایا، اسے موٹروے پر لیجا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد فیصل آباد انٹرچینج پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں متاثرہ لڑکی کی پھوپھی نے مؤقف اپنایا ہے کہ اس کی 18 سالہ جوان بھتیجی کو فون پر پیغام موصول ہوا کہ اس کا گوجرہ میں انٹرویو ہے، جب مقررہ جگہ پر پہنچے تو ملزمان لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر موٹروے پر لے گئے جہاں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کا میڈیکولیگل ہو چکا ہے اب ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔ مقدمے پر عملدرآمد کیلئے ملزموں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال میں زیادتی کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے جن میں لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے کے مقام پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ شیخورہ میں بھی موٹروے پُل کے قریب 22 سالہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
معروف ماڈل واداکارہ حرا خان نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہوں نے کسی ساتھی اداکارہ کے کہنے پر ڈائریکٹر سے کام کے سلسلے میں رابطہ کیا تو اس نے نامناسب لباس میں آدیشن دینے کا مطالبہ کر دیا۔ ماڈل حرا خان نے مذکورہ ڈائریکٹر کے ساتھ کی جانے والی گفتگو کے سکرین شاٹ بھی شیئر کر دیئے۔ CU2JsgoAJG4 تفصیلات کے مطابق ماڈل حرا خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے ایک ساتھی اداکارہ جن کو انڈسٹری میں 10 سال ہو گئے ہیں کہ کہنے پر کسی ڈائریکٹر سے رابطہ کیا، انہوں نے بتایا کہ جس نے انہیں اس ڈائریکٹر کا نمبر دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگلے پراجیکٹ میں کام کیلیے حرا کی بات کی ہے۔ مگر جب ماڈل نے اس ڈائریکٹر کے ساتھ رابطہ کیا تو اس نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے پاس آئیں اور نجی طور پر انہیں نیم عریاں آڈیشن دیں اس سارے آڈیشن کی ویڈیو بنائی جائے گی جو کہ صرف ڈائریکٹر کے پاس رہے گی اور کاسٹنگ کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اپنی ٹوئٹ میں حرا خان نے اس ہدایتکار کا نام تو نہیں بتایا البتہ انہوں نے اس کے ساتھ ہونے والی تمام گفتگو کے سکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کر دیئےہیں جن میں مذکورہ ڈائریکٹر کا نمبر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ حرا خان کے مطابق وہ مذکورہ ہدایت کار کی جانب سے ڈانس اور کیٹ واک کے مطالبے پر حیران رہ گئیں، کیوں کہ وہ اچھے ڈائریکٹر تھے اور انہیں ان سے یہ توقع نہ تھی۔ CN167vWJNVe حرا خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر سے فون پر بات کرنے کے بعد ثبوت کے طور پر ان سے مسیجنگ میں چیٹ کی تاکہ وہ دنیا کو کچھ ثبوت دکھا سکیں۔ ماڈل نے لکھا کہ عام طور پر ایسی باتوں پر یقین نہیں کیا جاتا اور یہ بھی سچ تھا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا کہ ڈائریکٹر نے ان سے نامناسب مطالبہ کیا ہے، اس لیے انہوں نے اس سے لکھ کر چیٹ کی۔ CUc0tUQjNxy اداکارہ نے ہدایت کار کے ساتھ مسیجنگ کی اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہدایت کار کی جانب سے ماڈل سے کسی نامناسب "آڈیشن" کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس میں حرا خان ہدایت سے کہہ رہی ہیں کہ انہوں نے فون پر نیم عریاں لباس میں "آڈیشن" کا مطالبہ کیا جو کہ وہ پورا کرنے کو تیار نہیں۔ البتہ اسکرین شاٹس میں یہ بھی پڑھا جا سکتا ہے کہ ہدایت کار ان سے نارمل "آڈیشن" کا بھی پوچھ رہے ہیں اور ساتھ ہی کہہ رہے ہیں کہ اگر ماڈل نارمل انداز میں بھی "آڈیشن" نہیں دینا چاہتیں تو پھر ان کی مرضی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،وفاقی حکومت نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف حوالے سے بتانے یا نہ بتانے کے کے لئے عدالت سے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کہا اگر کوئی دفاعی تحفہ ہو تو بے شک نہ بتائیں لیکن ہر تحفے کو پبلک کرنے پر پابندی کیوں؟حکومت دیگر ممالک سے ملنے والے تحائف نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ اگر کسی ملک نے ہار تحفے میں دیا تو پبلک کرنے میں کیا حرج ہے؟ حکومت دیگر ممالک سے ملنے والے تحائف نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے؟جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ حکمرانوں کو ملنے والے تحائف ان کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں،اگر کوئی عوامی عہدہ نہ ہو تو کیا عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو تحائف ملیں گے؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کیوں تمام تحائف کو میوزیم میں نہیں رکھتی؟ بیرون ممالک میں تو یہ ہوتا ہے، حکومت کو تو چاہیے گزشتہ دس سالوں کے تحائف پبلک کردے، حکومت یہ بھی بتائے کہ کتنے تحائف کا ایف بی آر سے تخمینہ لگوایا ؟ وفاقی حکومت نے وزیراعظم کے تحائف کے حوالے بتانے نہ بتانے کے حوالے سے مزید مہلت مانگی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار نے فرض شناسی کی عظیم مثال قائم کردی، جان پر کھیل کر ڈکیتی کا منصوبہ ناکام بنادیا،واقعہ اسلام آباد میں تھانہ آئی نائن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ڈکیٹی کی کوشش کے دوران ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر محمد اکرم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر ایک ڈاکو نے اہلکار پر فائرنگ کردی، اور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق سب انسپکٹر محمد اکرم کے بازو پر گولی لگی،انہیں زخمی حالت میں طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا اور علاج و معالجے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے سب انسپکٹر محمد اکرم کو سوشل میڈیا پر خراج عیقدت پیش کیا گیا،آفیشل اکاؤنٹ پر لکھا کہ آئی ٹی پی کا باہمت سب انسپکٹر محمد اکرم پمز اسپتال سے معالجہ کے بعد ڈسچارج ہوگیا،ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز نے کہا کہ ہمارے جوان اور افسران عوام کی خدمت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے نہیں گھبراتے۔
جنت ماں کے قدموں تلے ہیں،صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کیڈٹ نے کامیابی پر ماں کے قدم چوم لئے،ایک سو چوالیسویں پی ایم اے لانگ کورس کے سوارڈ آف آنر فاتح کیڈٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے،جہاں وہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد اپنی ماں کے قدم کو بوسہ دے رہاہے،عوام کی جانب سے نوجوان کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا جارہاہے۔ بی ایس یو او بٹالین سینئر انڈر آفیسر 144 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے عثمان انور بلوچ کو 9 اکتوبر کو پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کیلئے اعزاز سے نوازا گیا، اعزاز ملنے پر عثمان نے خوشی سے ماں کے قدم چوم لئے،ضلع نوشکی کا عثمان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلوچ ہیں، جس سے نہ صرف ملک بلکہ بلوچستان کا سر بھی فخر سے بلند ہوگیا۔ عثمان ملٹری کالج آف سوئی سے فارغ التحصیل ہے ،یہ ایک فوجی بورڈنگ اسکول ہے،عثمان کے والد ایک ریٹائرڈ فوجی افسر ہیں،جبکہ دو بھائی بھی پاک فوج کا حصہ ہیں،عثمان کی کارکردگی نے والدین اور بھائیوں کا سر بھی فخر سے بلند کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے ناراضگی کا اظہار کردیا ہے،پارٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان انتخابی اصلاحات پر اعتماد میں نہیں لیا، اتنا ہی نہیں وفاق کی جانب سے سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر وفاق نے اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں سمجھی۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا، اجلاس میں شرکت کیلئے تمام اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی،ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ حکومت کی حالیہ پالیسیوں پر کارکنان کو اعتماد میں لیا جائے گا، جس کیلئے جنرل ورکرز اجلاس طلب اور عوام میں جانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی، جس کے بعد مستقبل کے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے شکوے کو جائز قرار دیتے ہوئے انتخابی اصلاحات پر اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرادی، دوسری جانب ایم کیوایم کو اعتماد میں نہ لینے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حمایت کا اعلان کردیا،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مین الحق نے واضح کیا کہ ہم اتحادی ہیں،انتخابی اصلاحات سمیت دیگر میں امور میں اتحادیوں کو اعتماد میں لینا حکومت کا فرض اور ذمہ داری ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کچھ عرصہ قبل بھی تحریک انصاف سے اختلافات سامنے آئے تھے ۔
ٹک ٹاکر عائشہ اور ریمبو کیس،ایک اور آڈیو ٹیپ منظر عام مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ دست درازی کیس کا معاملہ روز نیا رخ اختیار کررہا ہے، ٹک ٹاکر عائشہ اور ساتھی ٹاک ٹاکر ریمبو مزید مشکلات میں پھنستے جارہے ہیں،دونوں کی گفتگو کی ایک اور آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے، جس میں دونوں ایف آئی اے کو غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ موبائل اور رقم سے متعلق غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی پر مبنی آڈیو ٹیپ میں عائشہ کہتی ہے کہ ایف آئی اے میں موبائل کا نہیں لکھا ہوا، اور پیسے بھی تھوڑے لکھے گئے ہیں، جس پرریمبو کا جواب آتا ہے کہ میں انھیں یہ کہوں گا کہ موبائل ڈیڑھ لاکھ کا لیا، اس پر ایپل آئی ڈی بنانا تھی۔ عائشہ نے کہا کہ کہنا یہ ڈیڑھ پونے دو لاکھ کا موبائل تھا،تم کہنا میڈم نے لیا ان کو پتا ہوگا،ان کا فون تھا وہ شوٹ کرتی تھیں۔ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے دھمکیاں ملنے پر لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں ایک اور درخواست بھی جمع کرادی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ 8 افراد کی گرفتاری کے بعد لوکل اور انٹرنیشنل فون نمبرز سے انھیں دھمکی آمیز فون آرہے ہیں،راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی عرصہ دراز سے بلیک میل کر رہے ہیں،قوی امکان ہے کہ وہی کالز پر دھمکیاں دے رہے ہیں،ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔ اس سے قبل ریمبو اور عائشہ کی لیک ہونے والی آڈیو ٹیپ میں دونوں جیل میں شناخت ہونے والے ملزمان سے رقم بٹورنے کی گفتگو کررہے تھے،ریمبو نے عائشہ سے سوال کیا کہ مجرم 6 ہیں یا 7؟ عائشہ نے جواب دیا 6 ہیں، ریمبو نے پوچھا فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں، زیادہ تر غریب ہیں تو عائشہ نے کہا مشکل سے انھوں نے پانچ پانچ لاکھ دینے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور پولیس نے ملزم ریمبو کے مزید تین ساتھی گرفتار کرلئے تھے،گرفتار کیے جانے والے ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی، گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ خاتون عائشہ اکرم نے کہا تھا کہ واقعہ اس کے ہی ساتھی ریمبو کی وجہ سے پیش آیا،جبکہ ریمبو نے عائشہ کو ذمہ دار ٹھرایا تھا۔
سپریم کورٹ میں کوئٹہ کراچی روڈ حالت زار کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو ملک کی شاہراہوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے چئیرمین این ایچ اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ہر سال ہائی ویز کی تزئین وآرائش پر اربوں روپے کے اخراجات دکھائے جاتے ہیں، این ایچ اے سے کراچی حیدر آباد روڈ نہیں بن رہا، این ایچ اے کوئی معیاری کام نہیں کر رہا، پُل اس وقت تک نہیں بنایا جاتا جب تک 10 لوگ مر نہ جائیں۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے سوال اٹھایا کہ این ایچ اے کے اخراجات اور آمدن کتنی ہے؟ انہوں نے ریمارکس میں کہا کہ سڑکوں پر تلاشی کے نام پر عوام کی تضحیک کی جاتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کوئٹہ کراچی روڈ پر مسافروں کے تحفظ کےلیے پولیس تعینات کیوں نہیں کی گئی؟ شاہراہوں کی حالت زار سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات ہیں، کوئٹہ کراچی روڈ کی حالت زار کو 100 فیصد تک درست کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا ہائی ویز پر ریفلکٹرز، مارکنگ لائن کا کام غیر معیاری ہے۔ روڈ پر مارکنگ ایک بارش برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی، چترال گلگت روڈ کی تعمیر کاغذوں میں مکمل ظاہر کی گئی، حقیقت اس کے برعکس ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمدنے سوال کیا کہ کوئٹہ کراچی روڈ کو موٹروے کی طرز پر کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ لاہور اسلام آباد موٹروے کو چھوڑ کر باقی تمام ہائی ویز کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، چترال گلگت روڈ پر صرف پتھر ہی پتھر ہیں، چترال گلگت روڈ پر گاڑی چل ہی نہیں سکتی۔ چئیرمین این ایچ اے نے بتایا کہ چترال گلگت روڈ پر پہلے صوبائی حکومت کام کر رہی تھی، ایک سال پہلے چترال گلگت روڈ این ایچ اے کو دی گئی ہے۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
وزیراعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے مزید کچھ عرصہ ڈی جی آئی ایس آئی برقرار رکھنا چاہتے تھے۔ اینکر ندیم ملک کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم نے آج کابینہ میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم انتہائی پیشہ ور اور محنتی سپاہی ہیں، ان کی زات پر کوئی اعتراض نہیں۔ جو بھی معاملہ ہے وہ پروسیجرل ہے۔ اب وزیراعظم کو 3 سے 5 ناموں کی سمری بھیجی جائے گی اور وہ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو عہدے پر برقرار رکھنے کے وزیراعظم کے فیصلے کے پیچھے افغانستان کی موجودہ صورتحال ہے۔ عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر رہیں، نئے ڈی جی کیلئے وزارت دفاع کی جانب سے 3 سے 5 نام آئیں گے جن میں سے ایک نام کی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام اداروں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے ، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ آرمی چیف سے مثالی تعلقات ہیں، وزیراعظم کی باڈی لینگوئج مثبت اور پراعتماد تھی۔ معاون خصوصی عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اچھے اور پیشہ ور سپاہی ہیں، میری کوئی انا نہیں ہے میں ملک کا چیف ایگزیکٹیو اور عوام کا منتخب نمائندہ ہوں۔ یادرہے کہ کچھ روز قبل ہی پاکستان آرمی میں اہم تقرریاں و تبادلے کیے گئے تھے جس میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کرنے اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ا نجم کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
بی بی سی کے سابق صحافی و کالم نگار شفیع نقی جامعی کو اسد عمر اور اہلیہ کی اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب میں ڈانس کی ویڈیو شیئر کرنا مہنگا پڑگیا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے صحافی کو نجی زندگی کے لمحات کو سیاست میں گھسیٹنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق صحافی شفیع نقی جامعی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اسد عمر اپنی اہلیہ کے ساتھ اپنے ہی بیٹے کی شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں، صحافی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ "مرحوم جنرل عمر کے صاحبزادے، اسد عمر"۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹویٹ کو شہرت اس ویڈیو یا شفیع نقی کی لکھی لائن کی وجہ سے نہیں ملی بلکہ اس پر آنے والے عوام ردعمل نے اس ٹویٹ کو ہائی لائٹ کردیا ، صارفین نے کسی کی نجی زندگی اور نجی محفل کی ویڈیو کو منظر عام پر لانے اور اس پر طنز کرنے کی اس حرکت کو ناپسند کیا اور اس کا اظہار اس ٹویٹ کے کمنٹ سیکشن میں بھی کیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مخالفین پر گندگی اچھالنے کیلئے جب کچھ نہیں ملتا تو ان کی نجی زندگی کی ویڈیوز ریلیز کردی جاتی ہیں یہ حرکت صحافتی اقدار کے منافی ہے۔ انسانی حقوق کی رہنما ماروی سرمد نے بھی شفیع نقی کی اس ٹویٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میں ایسا کچھ نہیں ہے جس سے کچھ ثابت ہوسکے، میں اسد عمر پر تنقید کرنےو الے لوگوں میں شامل ہوں مگر اس ویڈیو کا ان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک پرائیویٹ فیملی فنکشن کو سیاست میں مت گھسیٹیں اور اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیں۔ ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ ویڈیو میں ان کے ساتھ ان کی اہلیہ ہے اور انہیں اپنے نجی تقریبات انجوائے کرنے کا پورا حق ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ڈانس کریں یا ان کے ساتھ ہنی مون منانے جائیں اس کا جنرل عمر سے کیا تعلق، کیاآپ نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ کبھی خوشیاں نہیں منائیں؟ سحر شنواری نے کہا کہ اس ویڈیو کو شیئر کرنے پر اسد عمر آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں کیونکہ آپ ان کی پرائیویسی کو وائلیٹ کررہے ہیں جوکہ ایک جرم ہے۔ انعم شیخ نے اسد عمر کی اس ویڈیو کو ان کے بھائی اور ن لیگی رہنما محمد زبیر کی نازیبا ویڈیوز کے معاملے سے جوڑتے ہوئے جوابا طنز کیا اور کہا کہ اسد عمرایک فیملی فنکشن میں ڈانس کررہے ہیں گورنر ہاؤس میں نہیں۔
کوٹہ سسٹم کے اہل وہ ہی ہونگے جن کے والد کا انتقال2005 کے بعد ہوا، سپریم کورٹ سپریم کورٹ کا کوٹہ سسٹم پر سرکاری ملازمت کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آگیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ باپ کی جگہ بیٹے کو نوکری دینے کا قانون ہی عجیب و غریب ہے، سرکاری دفاتر وراثت میں ملنے والی چیز تو نہیں، اس طرح نوکریاں دینے سے میرٹ کا مکمل خاتمہ ہوتا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی،سپریم کورٹ نے والد کی جگہ بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے کے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل وہی بچے ہوں گے جن کے والد کا انتقال 2005 کے بعد ہوا ہو۔ دوران سماعت درخواست گزار سراج محمد نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی جگہ بھرتی ہونے کی درخواست دی جو وفاقی وزارت تعلیم نے مسترد کردی، جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے مجھے بھرتی کرنے کا حکم دیا ہے،سراج محمد کے والد لعل محمد 2000 میں دوران سروس انتقال کر گئے تھے،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم پیکج کا اطلاق 2005 سے ہوتا ہے۔ 2005 سے پہلے انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے بچوں پر وزیراعظم پیکج لاگو نہیں ہوتا۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کہ ابتدائی طور پر یہ قانون پولیس اور دیگر شہداء کیلئے تھا،درخواست گزار سراج محمد نے مزید کہا کہ جان کی قربانی تو سب کی برابر ہوتی ہے 2005 سے پہلے کی ہو یا بعد کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم پیکج کا اطلاق 2005 سے ہوتا ہے،عدالت نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ باپ کا انتقال ہو تو بیٹا بھرتی ہو جائے،کم آمدن والے ملازمین کیلئے قانون بنا تھا لیکن بھرتی افسران کے بچے ہوتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اے ایس آئی کا بیٹا کہتا ہے ڈائریکٹ ڈی ایس پی بھرتی کرو،ایسا نہیں ہو سکتا کہ باپ کا انتقال ہو تو بیٹا بھرتی ہو جائے۔
ملک میں کورونا کے وار کم، مزید 18 اموات، 689 متاثر ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں مزید کمی سامنے آگئی، این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کیسز کی شرح ایک اعشاریہ چھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ کورونا سے اٹھارہ اموات ہوئیں، مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 152 تک پہنچ گئی چھ سو نواسی کیسز رپورٹ ہوئے،جموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 648 ہوگئی،لیکن عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں کیونکہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ کورونا کے حملے کمزور ہوئے تو ملک بھر میں ڈینگی کا خطرہ منڈلا رہاہے،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، پنجاب میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایکسپو سنٹر لاہور کو ڈینگی فیلڈ اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا ہے، تین سوچالیس بیڈز کے ایکسپو سینٹر میں ڈینگی اسپتال فعال، میڈیکل ٹیسٹ اور علاج معالجہ فری ہے۔ ڈینگی سنٹر میں جناح اسپتال اور میو اسپتال کا عملہ کام کررہا ہے،رواں سال صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 3,145 کیسز رپورٹ ہوئے اور اسپتالوں میں بیڈز کی کمی کے باعث ایکسپو فیلڈ اسپتال میں خواتین مریضوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
آڈیٹر جنرل پاکستان نے سول ایوی ایشن کی مال سال 20-2019 کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی، جس میں مجموعی طور پر 53 آڈٹ پیراز شامل کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مالی بے قاعدگیوں، غیرقانونی فلائٹس کے اجازت ناموں اور ملکیتی اراضی پر قبضے سے ادارے کو 300 ارب روپے کا نقصان ہوا، سی اے اے کو متعدد یاد دہانیوں کے باوجود ڈپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ آڈیٹرجنرل آفس کے مطابق 65 ارب 11 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مالی معاملات کے آڈٹ پیراز بھی شامل ہیں۔ آڈٹ اعتراضات میں 75 ارب 43 کروڑ غیر قانونی فلائٹس کی اجازت اور ان کے بقایاجات کی عدم وصولی کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادارے کی ملکیتی اراضی پر قبضوں سے 144 ارب 88 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، اس کے علاوہ فضائی کمپنیوں اور دیگر اداروں سے واجبات کی وصولی میں تاخیر یا عدم وصولی سے 14ارب 58 کروڑ کا نقصان الگ سے ادارے کو پہنچا ہے۔
امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن کے پاس رہنے والا قرآن مجید کا تاریخی نسخہ دبئی ایکسپو 2020 میں امریکی پویلین میں عام لوگوں کے دیکھنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ سابق امریکی صدر نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران قرآنی نسخہ حاصل کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس تاریخی نسخے کو واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی لائبریری سے کسی عالمی نمائش میں بھیجا گیا ہے۔ قرآن کے تاریخی نسخے کو ایک خصوصی طور پر تیار کیے گئے لکڑی کے باکس میں واشنگٹن میں کانگریس کی لائبریری سے بھیجا گیا ہے۔ دو جلدوں پر مشتمل اس تاریخی ایڈیشن کا انگریزی ترجمہ1734 میں جارج سیل نے کیا تھا۔ تاریخی قرآنی نسخے کو واشنگٹن سے دبئی میں جاری عالمی ایکسپو 2020 تک پہنچانے کے لیے خصوصی سکیورٹی اسٹاف متعین کیا گیا۔ امریکہ کے صدر تھامس جیفرسن دو بار امریکی صدر منتخب ہوئے وہ 1801 سے 1809 تک برسر اقتدار رہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے پاس رہنے والا یہ قرآن کا یہ نسخہ انہوں نے تب حاصل کیا جب وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ دبئی ایکسپو میں امریکی پویلین نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ یہ نسخہ امریکہ کے پویلین میں رکھا گیا ہے جس کے تھیم کا عنوان ہے "زندگی، آزادی اور مستقبل کے لیے"۔