خبریں

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا، اب پائلٹس کو برطانیہ سے امتحان پاس کرنا لازمی ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اس مقصد کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانوی سول ایوی ایشن انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کر لی ہیں جبکہ اس ضمن میں سی اے اے اور یو کے سول ایوی ایشن انٹرنیشنل کے درمیان باضابطہ طور پر معاہدہ بھی طے پا گیا ہے جس کی مدت 3 سال مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے دونوں اداروں کے مابین طے پانے والے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔ معاہدے کے تحت برطانوی سول ایوی ایشن پاکستانی پائلٹس کا امتحان لینے کی مجاز ہوگی، پہلے سال فی پیپرامتحانی فیس 90 پاؤنڈز اور دوسرے سال کی امتحانی فیس 95 پاؤنڈز مقرر کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پہلی دفعہ 75 فیصد اور دوسری دفعہ امتحان پر 25 فیصد ادائیگی کرے گی جب کہ تیسری مرتبہ امتحان پرپائلٹ فیس کی مکمل ادائیگی خود کرنے کا پابند ہو گا۔
پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کام کر گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عمر ایوب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پٹرول پر ڈیلرزمارجن 99 پیسے، ڈیزل پر83 پیسے فی لٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔ اجلاس میں پٹرول پر ڈیلرز مارجن 3.91 سے بڑھاکر 4.90 روپے فی لٹر کردیا گیا ہے، ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے فی لٹر کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول پر ڈیلرز مارجن 99 اور ڈیزل پر 83 پیسے فی لٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی میں روزافزوں ہوتے اضافے کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ نے ایک ہفتہ کیلئے ماحولیاتی لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ پر قابو نہ پانے کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران مئیر لاہور ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور ماحولیاتی کمیشن کے نمائندے پیش ہوئے، چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی نے عدالت میں اسموگ کے تدارک کےلیے رپورٹ جمع کروائی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے 6 ہزار 2 سو 77 بھٹوں کی انسپکشن کی گئی، ماحول کو آلودہ کرنے والے 8 سو 65 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، 26 بھٹہ مالکان کو فوری گرفتار کیا گیا، آلودگی کا باعث بننے والے 336 بھٹوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا جبکہ آلودگی کا باعث بنانے والے بھٹوں کو 4 کروڑ 78 لاکھ کے جرمانے بھی کیے گئے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ اسموگ میں کمی آئی ہے یا نہیں، پی ڈی ایم اے کے افسر نے بتایا کہ دھوئیں کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں ، پیر کے دن انڈکس 400کے قریب آیا ہے، اس ہفتہ میں انڈکس کافی حد تک کم ہوجائے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اسموگ کا انڈیکس کیسے نیچے آئے گا، پورے ریجن میں انڈکس 200 تک چل رہا ہے ۔ پی ڈی ایم اے کے افسر نے کہاکہ انڈکس 200 تک ہونے کی بڑی وجہ لوکل ٹریفک ہے، جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہی صورتحال رہی تو ہمیں ایک ہفتہ کے لیے ماحولیاتی لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، ہمیں پرائیوٹ دفاتر اور اسکولز کو ایک ہفتہ کے لیے بند کرنا پڑے گا ، لیکن آپ کہہ رہے ہیں کہ اتوار تک صورتحال بہتر ہوجائے گی۔ آپ کے کہنے پر ایک ہفتہ مزید رک جاتے ہیں، لاک ڈاؤن کے باعث شہر میں اسکول، دفاتر،اور نجی اداروں کو ایک ہفتے بند کرنا پڑسکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے سربراہ نے عدالت سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے اتوار تک مہلت مانگ لی۔
اسلام آباد: نورمقدم قتل کیس میں ملزم ظاہرجعفرکے ذہنی مریض ہونے کی درخواست دائرکردی گئی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں نورمقدم قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے دائر کی اور عدالت سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیکر ملزم کے چیک اپ کی استدعا کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شکایت کنندہ بااثر شخص ہیں اس لیے پولیس نے جان بوجھ کر مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی ذہنی حالت کو چھپایا ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے کیس کی سماعت کی۔ خیال رہے کہ ملزم ظاہرجعفر کے مختلف سماعتوں کے دوران روئیے سے یہ تاثر ابھرا تھا کہ ملزم خود کو ذہنی مریض ثابت کرنیکی کوشش کررہا ہے اور ظاہرجعفر کے وکلاء بھی اسکی معاونت کررہے ہیں۔ کچھ روز قبل عدالت نے نور مقدم قتل کیس کی سماعت کے دوران بولنے پر مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو کمرے سے نکال دیا تھا۔دوران سماعت مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے بولنا شروع کر دیا۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ ملزم کمرہ عدالت سے باہر چلا جائے۔ عدالتی حکم پر مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو کمرہ عدالت سے باہر بھیج دیا گیا۔ صرف یہی نہیں اس سے قبل ملزم ظاہر جعفر کو عدالت سے نازیبازبان استعمال کرنے پر نکال دیا گیا تھا۔جب پولیس ملزم ظاہر جعفر کو کمرہ عدالت میں آئی تو وہ حمزہ نامی شخص کو پکارتا رہا، ‘حمزہ تم کہاں ہو میرا سب کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے مجھے بات کرنے کا موقع دیا جائے ملزم کا کہنا تھا کہ مجھے ایسے یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے اس طرح اگر میرے خلاف فیصلہ آتا ہے تو یہ یرغمال ریاست کی نشانی ہوگی۔ اس پر ج نے پولیس کو ملزم کو کمرہ عدالت سے باہر لے کر جانے کی ہدایت کی تو ملزم با آواز بلند انگریزی میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرتا رہا۔ جج نے پولیس سے کہا کہ ملزم ڈرامہ کر رہا ہے اسے باہر لے جائیں۔ جس پر پولیس ملزم کو کمرہ عدالت سے باہر لے کر جانے لگی تو اس نے شدید مزاحمت کی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی رہائشی نور مقدم کو رواں سال 20 جولائی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ نور مقدم کے قتل کی ایف آئی آر اُن کے والد اور سابق سفیر شوکت مقدم کی مدعیت میں درج کروائی گئی تھی جس میں مقتولہ کے دوست ظاہر جعفر کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کی تعمیر اور پاک چین تعلقات کو دانستہ طور پر متاثر کرنے کی کوشش کی جعلی خبریں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے بروز منگل ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی خبروں کو مسترد کرتے ہیں جس میں پیشہ ورانہ اخلاقیات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، سی پیک کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان اداروں کی سخت مذمت کرتے ہیں جو اخلاقیات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط معلومات پھیلا کر سی پیک اور چین پاکستان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ روز چینی وزارت خارجہ کی باقاعدہ بریفنگ کے دوران بھارتی صحافی نے سوال پوچھتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گوادر بندرگاہ کے ساحل پر چینی ٹرالروں کو دیئے گئے حد سے زیادہ ماہی گیری کے حقوق پر گوادر میں مقامی عوام کی جانب سے احتجاج ہوا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مکمل طور پر جھوٹی خبر ہے، بعض سوشل میڈیا آوٹ لیٹس کی جانب سے گوادر کے علاقے میں چین کے خلاف مظاہروں کی تشہیر کی جارہی ہے جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ گوادر میں چین کے خلاف کوئی احتجاج نہیں ہو رہا، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جعلی ہیں۔ تصدیق کرتے ہوئے بتانا چاہتا ہوں کوئی چینی ٹرالر ایسا نہیں تھا جو ماہی گیری یا ڈاکنگ کے لیے گوادر پورٹ کے علاقے میں گیا ہو۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گوادر پورٹ سی پیک کے ایک اہم منصوبے کے طور پر ترقی اور لوگوں کی روزی روٹی پر توجہ دے رہا ہے۔ متعلقہ تعاون کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ باہمی احترام اور اتفاق رائے کے اصول پر عمل کیا ہے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے کر رہے ہیں، اور گوادر کو حقوق دینے کی صدائیں بلند کر رہے ہیں۔ ان مظاہروں کے بعد سوشل میڈیا پر چین مخالف جعلی خبریں شیئر کی جا رہی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 36.5 فیصد زیادہ محصولات اکھٹا کیں۔ ترجمان ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں محصولات کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔ ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ جولائی تا نومبر2021 تک کی مدت میں ایف بی آرنے مجموعی طورپر2314 ارب روپے کی محصولات اکھٹی کیں جومقررکردہ ہدف 2016 ارب روپے سے 298 ارب روپے زائد ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایف بی آرکے محاصل کا حجم 1695 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ماہ نومبرکیلئے محصولات کاہدف 408 ارب روپے مقررکیا گیاتھا تاہم نومبرمیں محصولات کاحجم 470 ارب روپے رہا، ایف بی آر نے ہدف سے 35.2 فیصد (62 ارب روپے) اضافی محصولات اکھٹا کیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گراس ریونیومیں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 36.7 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے، گزشتہ سال کی اسی مدت میں گراس ریونیو کاحجم 1783 ارب روپے تھا جو جاری مالی سال میں بڑھ کر2437 ارب ہوگیا۔ نومبر 2021 میں 123 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو کہ پچھلے سال کے اس عرصہ میں 88 ارب روپے تھے۔ ریفنڈز کے اجراء میں 40.5فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق ٹیکس سال 2020-21 میں 4.7 کھرب روپے کا ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرنے کے بعد ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بھی ہدف سے زائد محاصل کرنے کی وہی رفتار برقرار رکھی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ٹیکس ریونیو میں ریکارڈ اضافہ حاصل ہو اہے۔پہلے چار ماہ میں ایف بی آر نے ہدف سے233 ارب روپے زائد حاصل کئے ہیں، یہ شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ کرونا وبا کے باعث درپیش مشکلات، قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور مختلف ٹیکسوں میں دی گئی حکومت کی طرف سے چھوٹ کے عوامل کے باوجودایف بی آر رواں مالی سال کے 5829 ارب روپے کے ہدف کے تعاقب میں پر اعتماد انداز میں آگے بڑھتا نظر آرہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر نہ ہونے کی صورت میں وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں دے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قانون میں تبدیلی کے بعد یہ ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن اگلے تمام ضمنی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کروائے اور اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں ہو تو اس صورت میں حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈ جاری نہیں کر سکے گی کیونکہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو مانتا ہے۔ پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ووٹ خریدنے کی حال ہی میں کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں اس سے قبل سینیٹ انتخابات میں جس طرح ووٹ کی خریداری ہوئی وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت ایکشن لیا جاتا تو آج یہ صورتحال درپیش نہ ہوتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی ہے اور اب سے حکومت انہی انتخابات کو فنڈ کر سکے گی جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد ہوں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حکومتی دباؤ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم کے لیے ٹینڈرز سنجیدہ ترین نوعیت کا معاملہ ہے، اس حوالے سے کمیشن پر ٹینڈرز جاری کرنے کے لئے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ای وی ایم اور منسلک ایشوز پر 3 کمیٹیاں تشکیل دے چکا ہے جبکہ تینوں کمیٹیاں 4 ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہیں، ان کمیٹیز کی سفارشات پر کنسلٹنٹ ہائر کر کے ٹینڈرز سمیت دیگر امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یہ گڈی گڈے کا کھیل نہیں ہے جس پر کوئی دباؤ قبول کریں، میڈیا کے ذریعے دباؤ بڑھانا یا بیانات سے الیکشن کمیشن مرعوب نہیں ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے دسمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔ اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 14 روپے 31 پیسے فی کلو گرام کمی کے بعد ایک کلوگرام کی نئی قیمت 202 روپے 89 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 168 روپے 90 پیسے سستا ہوگیا ، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2390 روپے 44 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ نومبر میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2559 روپے 35 پیسے کا تھا۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر 2021ء کیلئے ہے۔ واضح رہے کہ پورے ملک میں سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی گیس کا بحران بڑھ جاتا ہے، صنعتکار ہوں یا عام شہری، سردیوں میں گیس کے کم ہوتے پریشر سے پریشان ہوتے ہیں جس کی وجہ سے شہری ایل پی جی کا استعمال کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں لیکن موسم میں شدت آنے سے جیسے ہی گیس کی فراہمی کم ہو جاتی ہے ویسے ہی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاؤس سندھ میں اپنے بیٹے اور اس کے دوست کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب ایوان صدر میں منقعد کروانے کے فیصلے کو غلط قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس سندھ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے ڈاکٹرعواب علوی کے ادارے علوی ڈینٹل کی ایک معاہدے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر عارف علوی بھی موجود تھے۔ تاہم اس تقریب کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تنقید شروع ہوگئی جس کےبعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں اس کو غلط فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میری موجودگی میں ڈاکٹرعواب اور ان کے دوست کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کیلئے جو جگہ چنی گئی وہ ایک غلط فیصلہ تھا۔ صدر مملکت کے بیٹے ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اس حوالے سے ٹویٹر پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے علوی ڈینٹل سے اس وقت استعفیٰ دیدیا تھا جب وہ صدر پاکستان بنے، جو تقریب منعقد ہوئی وہ میرے اور میرے امریکی دوست کے درمیان ایک معاہدے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت پاکستان کے تمام اسٹارٹ اپس چاہے وہ میرے ادارے سے چھوٹے کیوں نہ ہوں بہت حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ڈینٹسٹری کے شعبے میں انہوں نے اس سے قبل بھی ایوان صدر میں تقاریب منعقد کروائی ہیں۔ عواب علوی نے کہا صدر عارف علوی کی ڈینٹسٹری کے شعبے سے محبت کا انداز ہ ایوان صدر سے جاری کردہ ٹوتھ برش کرنے کی ہدایات کا پیغام اور ڈینٹل کیئر کو پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے برابر کرنے کی کوششوں سے لگایا جاسکتا ہے۔ عواب علوی نے مزید کہا کہ ایم او یو پر دستخط کی تقریب پہلے علوی ڈینٹل میں ہی منعقد کی جانی تھی مگر اس جگہ کے بالکل ساتھ اے پی ایس اسکول کی سیکیورٹی کیلئے مقام کو تبدیل کیا گیا، تقریب کے تمام تر اخراجات میں نے ذاتی طور پر اٹھائے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ ملک نے مریم نواز کی جانب سے میڈیا اداروں کو کنٹرول کرنے کے معاملے پر پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر تحریک انصاف کی پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے مریم نواز کی آڈیو کے معاملے پر پیمرا کو خط لکھ کر معاملے کا نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے اپنے خط کی نقل بھی شیئر کی اور کہا کہ کوئی سرکاری عہدہ نہ رکھنے والی مریم نواز شریف میڈیا کو کنٹرول کرتی رہیں، میڈیا کی آزادی متاثر کرنے والوں سے حساب لیا جانا چاہیے۔ عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ مریم نواز کی آڈیوز پر پیمرا نوٹس لے اور تمام نیوز اینکرز کے اثاثوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور چینل مالکان کا نام لینےوالی آڈیو ٹیپس کے معاملے پر میڈیا چینلز کو جرمانے اور نوٹسز جاری کیے جائیں۔ پیمرا کو لکھے گئے خط میں عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ نیوز چینلز مالکان سے گزشتہ دس سالوں کے نفع و نقصان کی دستاویزات طلب کرکے ان کا آڈٹ کیا جائے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی کچھ آڈیو ٹیپس منظر عام پرآئی ہیں جس میں چند نیوز چینلز کو اشتہارات نہ دینے اور چند کے مالکان کے حوالے سے گفتگو کرتی سنائی دے رہی ہیں، مریم نواز نے اشتہارات سے متعلق آڈیو ٹیپ کے بارے میں اعتراف بھی کیا ہےکہ ان کی اپنی آڈیو ہے۔
حیدرآباد میں پیش آیا انسانیت سوز واقعہ جہاں چند روپے کی خاطر پچاس سالہ محنت کش کی زندگی چھین لی گئی, تین سو روپے کے لیے ڈاکوؤں نے محنت کش کو قتل کردیا۔ واقعہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں پیش آیا, جہاں گھر کے باہر ٹافی، بسکٹ کی دکان لگانے والے 50 سالہ شخص نور حسن کو تین ملزمان نے قتل کردیا۔ ملزمان نے تین سو روپے چھیننے کی کوشش کی تھی غریب محنت کش نے مزاحمت کی تو ملزمان نور حسن کو گولی مار دی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے پانچ بچے ہیں، نور حسن گھر کے باہر ہی چیز کی دکان لگا کر گھر کا گزر بسر کرتا تھا,مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے, واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
گوادرمیں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے جمع ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں ریلی نکالی، مظاہرین کا سب سے اہم مطالبہ گوادر میں غیر قانونی ماہی گیری بند کرنے کا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین ومبصرین گوادر میں خواتین کی اس ریلی کو تاریخی قرار دے رہے ہیں کیونکہ گوادر سمیت پورے بلوچستان میں اس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں خواتین نے جمع ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں کبھی ریلی نہیں نکالی۔ رپورٹس کے مطابق یہ ریلی" گوادر کوحق دو تحریک" کے زیر انتظام منعقد کی گئی ہے، گوادر کے علاقے میرین ڈرائیو سے احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا جس میں بڑی تعداد میں خواتین شریک تھیں، مظاہرین کی اکثریت نے نقاب، ماسک اور برقعے پہن رکھے تھے، ریلی میں صرف خواتین ہی نہیں بلکہ ان کے دودھ پیتے بچے بھی شریک تھے۔ تین کلومیٹر کے مارچ کے بعد ریلی جی ڈی اے پارک کے قریب پہنچی اور وہاں جاکر ایک جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ اس تحریک کےتحت ہی گزشتہ پندرہ دنوں سے جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت اللہ کی زیر قیادت دھرنا بھی دیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے گوادر کے حق اور اپنے مطالبات سے مزین پلے کارڈز اور پوسٹرز اٹھار کھے تھے جس پر مختلف نعرے اور مطالبات تحریر تھے، مظاہرین کا سب سے بڑا مطالبہ گوادر سے غیر قانونی ماہی گیری کا خاتمہ کروانا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت اللہ نے کہا کہ گوادر کی ترقی کیلئے خواتین کی اتنی بڑی تعداد کا گھر سے نکل کر احتجاج کرنا غیر معمولی بات ہے، خواتین اپنے مسائل اور فاقوں سے تنگ آکر گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوئی ہیں۔ خواتین مقررین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی کے بہت دعوے سنے ہیں مگر یہ کیسے دعوے ہیں کہ یہاں کے لوگ بنیادی ضروریات اور روزگار کیلئے پریشان ہیں ہمارے پاس نہ پینے کا صاف پانی ہے نا بجلی ، تعلیم اور صحت کی سہولت، ہمارا واحد ذریعہ آمدن سمندر ہے لیکن مقامی لوگوں کو ا ن کے اس حق سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
لاہور میں پروگریسو سٹوڈنٹس ایک مظاہرے کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کا مذاق اڑاتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق پروگریسو سٹوڈنٹس کی جانب سے لاہور میں ایک مظاہرہ کیا گیا جس میں طلباء نے ایک خاکے کی مدد سے ملک کے تعلیمی نظام پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی ، مگر اس خاکے کیلئے انہوں نے جو موضوع چنا اس میں قائداعظم محمد علی جناح کی پاکستان کیلئے کی گئی انتھک محنت کا مذاق اڑایا جاتا رہا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور کی ایک سڑک پر پروگریسو سٹوڈنٹس مظاہرہ کررہے ہیں ، اس دوران یہ خاکہ پیش کیا۔ خاکے میں ایک شخص رسیوں سے بندھے چند طلباء کو لے کر آتا ہے اور لاکر درمیان میں بٹھا دیتا ہے جس کے بعد سب بچے اپنا سبق دہرانے لگتے ہیں۔ بچوں کا کردار نبھاتے طلباء " یہ ملک قائداعظم کی انتھک محنتوں سے حاصل ہوا ہے" کا سبق دہراتے دکھائی دیتے ہیں اور اس دوران استاد کا کردار نبھاتے ایک شخص ان کے قریب پہنچتا ہے اور سبق دہراتے بچوں کو دیکھ کر انجوائے کرتا ہے ۔ اچانک ایک طالب علم سبق دہرانا چھوڑ کر خاموش ہوجاتا ہے جو استاد کہتا ہے کہ اتنا سوچنے کی کیا ضرورت ہے پڑھو کیونکہ تمہارا کام صرف پڑھنا ہے، پڑھو گے نہیں تو امتحان میں پاس کیسے ہوگے اور پاس نہیں ہوگے تو نوکری کیسے ملے گی، جس کے بعد طالب علم پھر ایک بار زور و شور سے اپنا سبق دہرانا شروع کردیتے ہیں۔ اسی دوران ایک اور بچہ اٹھتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ اجڑا ہوا ملک اور لٹی پھٹی عظمتیں اور خون کے دریا ان کے بارے میں کچھ کیوں نہیں بتاتے؟ جس پراستاد اسے ڈانٹتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ کونسا سبق پڑھنا شروع کردیا تم نے ، تمہیں جو پڑھایا جارہا ہے وہی پڑھو کیونکہ یہی حق اور یہی سچ ہے اور رہتی دنیا تک یہی پڑھا جائے گا" یہ ملک قائداعظم کی انتھک محنتوں سے حاصل ہوا ہے"۔ اس کے بعد ایک اور بچہ قائداعظم کا قول دہراتے ہوئے مذاق اڑاتا دکھائی دیتا ہے اور کہتا ہے کہ آپ آزاد ہیں؟؟ ہاہاہاہا اپنے مندروں ، مسجدوں میں جانے کیلئے؟ ہاہاہا اور ریاست پاکستان میں آپ آزاد ہیں کسی بھی مذہب یا سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے اور ریاست کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بچوں کا کردار ادا کرتے طلباء کی جانب سے قائداعظم کے اقوال کا مذاق اڑاتے دیکھ کر استاد اپنا سر پیٹ لیتا ہے اور طلباء قائداعظم کی جدوجہد کا مذاق اڑاتے رہتے ہیں کہ انہیں وہاں سے پکڑ لے جایا جاتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیانِ حلفی پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے مہلت مانگ لی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی اور رانا شمیم کو اوریجنل بیانِ حلفی کے ساتھ تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ دورانِ سماعت رانا شمیم نے کہا کہ 5 اور 12 دسمبر کو بھائی اور بھابھی کے چہلم ہیں، اس کے بعد سماعت رکھ لیں جس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت رانا شمیم کو 5 روز دے رہی ہے، اپنا جواب جمع کرائیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آپ بتائیں کہ 3 سال بعد یہ بیانِ حلفی کس مقصد کے لیے دیا گیا؟ آپ نے عوام کا عدالت سے اعتماد اٹھانے کی کوشش کی، آپ نے جو کچھ کہنا ہے اپنے تحریری جواب میں لکھیں۔ سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ جو بیانِ حلفی رپورٹ ہوا وہ کون سا ہے؟ میں پہلے رپورٹ کیا جانے والا بیانِ حلفی دیکھ لوں۔ راناشمیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ تا نہیں میرا بیان حلفی کیسے لیک ہو گیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جس شخص نے بیانِ حلفی دیا اسے یاد نہیں کہ بیانِ حلفی میں کیا لکھا ہے، اگر انہیں نہیں معلوم تو پھر یہ بیانِ حلفی کس نے تیار کروایا؟ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس میں میڈیا کا کردار ثانوی ہے، میڈیا کے خلاف کارروائی مؤخرکی جائے، رانا شمیم سے جواب مانگا جائے، رانا شمیم کو اوریجنل بیانِ حلفی پیش کرنے کی ہدایت کی جائے۔ اس پر عدالت نے انصارعباسی، میرشکیل الرحمان اور عامرغوری کے جوابات عدالتی معاونین کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب عدالتی رپورٹر محمد عمران کا کہنا ہے کہ سپر ہیرو بیٹے کی شاندار پرفارمنس کے بعد رانا شمیم نے کیس لڑنے کیلئے نیا وکیل چُن لیا ۔۔ سابق چیف جج رانا شمیم نے توہین عدالت کے نوٹس پر جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا ۔ عدالت کے استفسار پر کہہ رہے ہیں کہ کچھ دن کا وقت دے دیں ، وکیل لطیف آفریدی کے زریعے جواب جمع کراؤں گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے سے چار برس قبل ہونے والے دہرے قتل و اغوا میں ملوث مالکان مکان نے اعتراف جرم کرلیا۔ راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے سے چار سال قبل اغوا ہونے والے شہری کی لاش کی باقیات مکان کی کھدائی کے دوران ملیں۔ لاش کی باقیات ملنے کے بعد حراست میں لیے جانے والے مالک مکان نے سنسنی خیز انکشافات کئے، گرفتار ملزم نے نہ صرف مغوی بلکہ اس کی ہمشیرہ کے قتل کا بھی اعتراف کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق اغواء اور قتل کے الزام میں گرفتار ملزم نے بتایا کہ اس نے مغوی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا اور تقریباً چار ماہ بعد اس کی ہمشیرہ کو بھی ڈنڈوں سے وار کرکے قتل کیا تھا۔ ملزم نے اعتراف جرم میں کہا کہ مغوی و مقتول کی ہمشیرہ کو اس لیے قتل کیا کیونکہ وہ جانتی تھی کہ مغوی اس کے ساتھ گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ 2017 میں قوت و گویائی و سماعت سے محروم شہری کے اغواء کا مقدمہ اس کے بھائی کی ہی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مغوی ومقتول کی ہمشیرہ کے قتل کا مقدمہ مغوی کے اغوا ہونے کے چار ماہ بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا، مقتول کی لاش کی شناخت اس کے بھائی نے زیر استعمال انگوٹھی اورمصنوعی دانت سے کی۔ لاش کی باقیات ملنے پر پولیس نے ندیم نامی ملزم جو چار سال قبل بھی شامل تفتیش رہا کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی، ملزم کے دہرے قتل کے انکشافات کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے خفیہ ویڈیوز کے حوالے سے جاتی امراء میں بننے والی ویڈیوز سے متعلق بڑا انکشاف کردیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل جی این این کے پروگرام" خبر ہے" میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار نے کہا کہ یہ جو ویڈیوز کا گیم ہے یہ بڑا لمبا ہے، میں جاتی امراء کے اندر بننے والی ویڈیو کے بارے میں کہہ رہا ہوں جس کے بعد ویڈیو ویڈیو کہنے والے خود ویڈیو بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو آج ویڈیو ز پر پریس کانفرنس کرتے ہیں یہ اپنی پریس کانفرنس بھول جائیں گے، جب نواز شریف پہلی بار وزیراعظم پاکستان بنے تھے تب وزیراعظم آفس کی ایک ویڈیو ہے جو منظرعام پر آئے گی جس میں ایک صحت مند انسان اور ساتھ دھندلا دھندلا دوسرا شخص نظر آرہا ہے۔ عارف حمید بھٹی نے ڈھکے چھپے الفاظ میں ایک ن لیگی رہنما کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرسی سے نیچے بیٹھ کر گزارش کی ہیں کہ سر نظر ثانی کریں، جب کرپشن میں پھنسے ہوں ، بھاگنے کا راستہ نہ ہو آپ کے گھر میں ہی آپ کی مخالفت ہو تو پھر ترلے منتیں ہی کرنی پڑتی ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے بڑا کارنامہ کر دکھایا، صبح ہونے والی ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم شام کو برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب میں سہالہ کے علاقے میں دو چوروں نے نجی کمپنی کے دفتر سے نکلتے ہوئے شہری سے ڈھائی کروڑ روپے لوٹ لئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوٹی گئی رقم شام تک برآمد کرلی۔ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور لوٹی گئی رقم برآمد کر کے شہری کو لوٹا دی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنر افضال احمد کوثر نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہےکہ شہریوں کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
وزٹ ویزے پر پاکستان آکر مذہب تبدیل کرکے پاکستانی نوجوان سے شادی کرنے والی سکھ خاتون کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کے مطالبات سامنے آگئے ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ مطالبہ سکھ کمیونٹی شرومنی اکالی دل کے صدر پرمجیت سنگھ کی طرف سے سامنے آیا جس میں انہوں نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ سکھ خاتون پرمجیت کور کو کسی بھی صورت دوبارہ پاکستان میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق پرمجیت سنگھ نے اس حوالے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کےناظم الامور آفتاب حسن خان کو خط لکھا اور کہا پرمجیت کور جس نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام پروین سلطانہ رکھ لیا ہے اسے پاکستان میں داخلے کیلئے بلیک لسٹ کردیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتری کو وطن واپس بھیجنے پر سکھ کمیونٹی پاکستانی حکومت کی شکر گزار ہے، خاتون نے پاکستان میں اپنے یاتری ویزے کا غلط استعمال کیا اور مذہب تبدیل کرکے دوبارہ شادی کرلی ، اس عمل سے سکھ برادری پر گہرا منفی اثر دیکھا گیا ہے، پاکستانی حکومت کے اقدام کو سراہتے ہیں جس سے فوری طور پر صورتحال کو قابو پانے میں مدد ملے گی۔ یادرہے کہ بھارتی شہر لکھنؤ کے رہائشی اشتوش سنگھ اپنی بیوی کو اس کے دوست سے ملوانے لاہور لایا تھا جہاں خاتون نے مذہب تبدیل کرکے اپنے دوست عمران سے شادی بھی کرلی، بعد ازاں تینوں بھارت جانے کیلئے واہگہ بارڈر پہنچے جہاں امیگریشن حکام نے ویزہ نہ ہونے پر عمران کو واپس بھیج دیا۔
ووٹوں کی خرید وفروخت کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کی خرید وفروخت کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے عندیہ دیا ہے کہ اگر ویڈیو میں نظر آنے والا واقعہ سچ ثابت ہوا تو حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کو ملتوی کرسکتے ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر معاملہ ابھی واضح نہیں ہوتا اور انتخاب ہونے کے بعد ثابت ہوتا ہے کہ ویڈیو جھوٹی ہے تو کامیاب ہونے والے امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی خرید وفروخت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا، چیئرمین نادرا، آئی جی پولیس اور کمشنر لاہور کو خط لکھ کر ویڈیو کی فرانزک اور اس میں نظر آنےو الے افراد کی نشاندہی کا حکم دیا تھا، رپورٹس کل الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نے ن لیگی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو بھی اس حوالےسے جواب جمع کروانے کی ہدایات کردی تھی۔ دوسری جانب ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن میں انتخابات کو ملتوی کرنے کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں چند کردار قرآن پاک پر حلف لے کر ن لیگ کو ووٹ ڈالنے کا عہد کرتے دکھائی دے رہے تھے، حلف دینے والے افراد کو ایک شخص عہد کے بعد پیسے بھی تقسیم کررہا تھا، جس جگہ یہ سارا واقعہ رونما ہورہا تھا وہاں عقب میں مسلم لیگ ن کے انتخابی پوسٹرز اور بینرز واضح طور پر نظر آرہے تھے تاہم ویڈیو میں نظر آنے والے تمام کرداروں نے منہ پر ماسک پہن رکھے تھے جس کی وجہ سے ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ڈپازٹ معاہدے طے پاگیا جس کے تحت سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ ڈپازٹ معاہدے کے تحت سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوائے گا ، معاہدے پراسٹیٹ بینک کراچی میں دستخط کیے گئے ۔ سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ڈپازٹ کی رقم اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بن جائے گی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زرِمبادلہ ذخائرمیں معاونت کرے گی ، رقم کووڈ 19 کی وبا کے منفی اثرات دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ڈپازٹ معاہدہ مملکت سعودی عرب اورپاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کا عکاس ہے،معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

Back
Top