خبریں

صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی کی جانب سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید پر اعتراض کرنا وزیراعظم کے معاون خصوصی کو مہنگا پڑگیا، دوران پروگرام ارشاد بھٹی نے بات بھی نہ کرنے دی۔ دنیا نیوز کے پروگرا"آن دی فرنٹ" میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم تبدیلی لانے میں پیش پیش تھے آج اپوزیشن اور عوام جو مہنگائی کا رونا رورہے ہیں وہ بالکل درست ہے اور ہمیں یہ طعنے برے لگ رہے ہیں۔ ارشاد بھٹی نے اپنے مخصوص انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے، ان کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور عمران خان نے جتنے وعدے کیے وہ بھی وفا نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا تھا آئی ایم نہیں جاؤں گا خودکشی کر لوں گا مگر گئے اور انہوں نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کے تین دانت بھی توڑ دیے۔ ارشاد بھٹی کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے حکومتی ترجمان وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے اپنی باری پر بولتے ہوئے کہا کہ مجھے تو آج بہت مزہ آرہا کہ آج ارشاد بھٹی صاحب ہمیں معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں۔ ابھی علی نواز اعوان نے اتنا ہی کہا تھا کہ ارشاد بھٹی نے ان کی بات کو یہیں سے اچک لیا اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ ہروقت ہر کسی کو ایسے نہیں کہہ سکتے ارشاد بھٹی انہیں لیکچر کیوں نہیں دےسکتا۔ پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے ارشاد بھٹی کو خاموش کروانے اور علی نواز اعوان کو بات جاری رکھنے کی اجازت دینے کی کافی کوشش کی مگر ارشاد بھٹی خاموش نہ ہوئے، جس پر میزبان کو مجبوراً ان کا مائیک بند کروانا پڑا تب جاکر علی نواز اعوان کو گفتگو کا موقع ملا۔
کراچی کے مشہور سکول ماما پارسی گرلز اسکول کی ایک ٹیچر کی غیر ذمہ دارانہ حرکت اور مجرمانہ غفلت سے دوسری کلاس کی بچی کی آنکھ ضائع ہوگئی ، پرنسپل نے غلطی ماننے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ماما پارسی گرلز اسکول کے دوسری جماعت کی طالبہ عائرہ شیخ کو اس کی کلاس ٹیچر نے ہاتھ میں پکڑی کتاب دے ماری جو سیدھی عائرہ کی آنکھ میں لگی جس سے اس کی آنکھ کا ڈھیلا متاثر ہوگیا۔ جب بچی کے والدین نے اسکول جاکر شکایت کی تو پرنسپل نے بجائےا یکشن لینے کے بچی پر ہی الزام عائد کرنا شروع کردیا، پرنسپل نے نہ صرف بچی پر الزام عائد کیا بلکہ اس کے ساتھ بیٹھ کر 3 گھنٹے تک بچی کا برین واش کیا کہ وہ اپنے والدین کو بتائے کہ آنکھ میں چوٹ ٹیچر کے مارنے سے نہیں بلکہ گرنے کی وجہ سے لگی ہے۔ بچی کے والدہ نے موقف اپنایا کہ انگلش ٹیچر اسماء خالق کی مجرمانہ غفلت کے باعث بچی نہ صرف جسمانی اذیت کا شکار ہوئی بلکہ اسے شدید ذہنی تکلیف بھی اٹھانا پڑی ہے، کتاب لگنے سے عائرہ کی آنکھ پر چوٹ آئی جس سے اسے ناقابل برداشت تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بچی کی والدہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ میری آپ تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ اس مسئلے میں آواز بلند کرنے کیلئے میرا ساتھ دیں، کیونکہ جب ہم اسکولوں کے ایسے رویے کے خلاف اجتماعی طور پر آواز اٹھائیں گے تو اسکول انتظامیہ مجبور ہوکر غیر ذمہ دار اور غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کریں گے۔ دوسری جانب نجی خبر رساں ادارے سماء کے مطابق ضلع شیخوپورہ میں بھٹہ خشت پر کام کرنے والے مزدور کا 9 سالہ بچہ نجی اسکول میں زیر تعلیم تھا جسے سبق یاد نہ کرنے پر استاد نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کے گھٹنے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ نجی اسکول کے استاد ابنان اشرف نے پہلی جماعت کے طالب علم کو سبق یاد نہ کرنے پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس بچے کے گھٹنے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ متاثرہ بچے کا والد مقامی تھانے میں درخواست لیکر گیا تو اس کی درخواست رد کر دی گئی۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ اس کے بچے کو آہنی راڈ سے مارا گیا ہے اس نے مقدمے کے اندراج کیلئے پولیس کو درخواست دی مگر پولیس نے کارروائی سے انکار کر دیا جس کے بعد اس نے بچے کا میڈیکل کرایا اور رپورٹ لیکر عدالت پیش ہو گیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق ادارہ اس معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہا ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ معاملے کی ایف آئی آر جلد از جلد ذمہ داران کے خلاف درج کرائی جائے۔ سی پی بی کا کہنا ہے کہ معاملے کی پیروی کی جائے گی اور بچے کے والد کو لیگل مدد بھی فراہم کی جائے گی۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ وزراء نے نواز شریف اور ن لیگ کو کالعدم تنظیم کے دھرنے میں خون خرابے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ نجی ٹی وی چینل جی این این کے پروگرام میں تجزیہ دیتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا کہ ن لیگ اور نواز شریف کو خون خرابے کی یقین دہانی کروانے والے وزراء نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس خون خرابے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گھر چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا وفاقی وزراء نے ن لیگ کو یقین دہانی کروائی کہ ایسے حالات پیدا ہوجائیں گے کہ حکومت کو گھر جانا پڑجائے گا،احتجاج میں اگر 100 سے زائد لوگ جاں بحق ہوجاتے تو آج معاملات کہاں کھڑے ہوتے؟ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ کچھ وزراء نے اس معاملے میں انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، اگر کالعدم تنظیم کو بھارت سے مدد مل رہی تھی تو ان سے معاہدہ کرنے کے بجائے انہیں پکڑنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا یہی وہ لوگ ہیں جو ماضی میں وزیراعظم عمران خان کو مس گائیڈ کرتے تھے کہ اس ملک میں خون خرابہ ہونا چاہیے اور کم از کم ایک سو افراد کی لاشیں گرنی چاہیئں۔
ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹر نیٹوز پاکستان نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ روزانہ 12سو پاکستانی بچے سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹرنیٹوز نے پاکستان میں تمباکو نوشی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق روزانہ 6 سے 15 برس کی عمر کے12سو بچے سگریٹ نوشی کرتے ہیں، ملک میں تمباکو نوشی کرنے والے ہر 5میں سے2 افراد نے 10 سال کی عمر سے بھی پہلے سگریٹ پینا شروع کردی ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2017 میں تمباکو نوشی کی وجہ سے تقریبا 1لاکھ 63ہزار 360 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں تمباکو نوشی کی وجہ سے روزانہ 5ہزار افراد ہسپتالوں میں داخل ہوتے ہیں۔ ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹر نیٹوز پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر تمباکو نوشی میں کمی واقع ہوئی ہے مگر اس کے باوجود ان افراد کی تعداد ایک ارب سے بھی تجاوز کرچکی ہے جو سگریٹ نوشی یا کسی اور قسم کا نشہ کرتے ہیں، دنیا بھر میں تمباکو نوش کرنے والے افراد میں سے 80 فیصد کا تعلق درمیانی آمدنی والے ممالک سے ہے، اسی وجہ سے ان ممالک میں صحت عامہ پر زیادہ اخراجات کیے جاتے ہیں۔ ادارے نے ملک میں تمباکو نوش کرنے والے افراد کو مدد فراہم کرنے اور تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت ادارہ 10لاکھ پاکستانیوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے میں رہنمائی اور مدد فراہم کرے گا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کرنسی کی بلیک مارکیٹ اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 ارب کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی ہے۔ خبررساں ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2018 سے 2021 کے درمیان کرنسی کی بلیک مارکیٹنگ اور منی لانڈرنگ کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ۔ اعلامیہ کے مطابق اس دوران ایف آئی اے نے4 ارب روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی،1417 ملزمان کو گرفتار کیا ، ملزمان میں سے 81 فیصد کو سزائیں بھی دلوادی گئی ہیں۔ ایف آئی اے سربراہ ثنااللہ عباسی نے مالی بدعنوانیوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائےاور افسران کرنسی کی بلیک مارکیٹنگ اور منی لانڈرنگ کےخلاف کارروائی کو قومی فریضہ سمجھیں۔
بین الاقوامی موسمیاتی کانفرنس کے کوپ 26 کے دوران پاکستانی پویلین شرکاء کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ خبررساں ادارے ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی میزبانی میں اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں عالمی موسمیاتی کانفرنس جاری ہے جس میں دنیا بھر سے عالمی رہنما، تاجراور دیگر شخصیات شریک ہیں۔ کانفرنس کے دوران قائم پاکستانی پویلین عالمی رہنماؤں اور دیگر شرکاء کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، پاکستانی پویلین کا دورہ کرنے والے عالمی رہنماؤں نے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔ جرمنی کی حکمران چانسلر انجیلا مرکل نے کانفرنس میں پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور پاکستان کی ماحولیاتی پالیسی سے متعلق معلومات لیں، اسی طرح متحدہ عرب امارات کے وزیر ماحولیات بھی پاکستانی پویلین کا دورہ کرنےو الوں میں شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ ورلڈ بینک، ایشیائی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہان، ڈی جی ریلیف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی بھی پاکستانی پویلین کا دورہ کرنےو الوں میں شریک تھے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی اور گوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے تین ملکوں میں سے ایک ہے دوسری جانب ماحول دوست پالیسی اپنانے میں پاکستان سب سے آگے ہے۔
ہم بالکل 3 ارب ڈالر کے نقد اور باقی تیل کی صورت میں ملنے والے پیکج پر انحصار کر کے روپے کی قدر میں بہتری لا سکتے ہیں اور ہم لائیں گے،مشیر خزانہ شکوت ترین۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے سوال اٹھایا کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب ہمیں اربوں ڈالر دینے کے بعد ایک معمولی سی ناراضگی پر ایک ارب ڈالر کی فوری واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے تو ایسی صورتحال میں کیا گارنٹی ہے کہ سعودی عرب دوبارہ ایسا نہیں کرے گا کیا یہ مناسب ہو گا کہ ہم اپنے روپے کی قدر کو اس کے دیئے گئے 3 ارب ڈالر سے مستحکم کریں؟ سوال کے جواب میں مشیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے اب کی بار باقاعدہ معاہدہ کیا ہے جس پر سعودی ولی عہد کے دستخط موجود ہیں اور اس معاہدے کے بعد سعودی فرانروا نے اپنے عملے کو پیکج پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا حکم ملنے کے بعد مجھے ان کے وزیر خزانہ نے بھی فون کیا اور اس معاہدے کی تصدیق اور دیگر عوامل سے متعلق بات چیت کی۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رواں برس 3 ارب ڈالر کے ذخائر مرکزی بینک میں جمع کروانے اور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی فنانسنگ سے پاکستان کی مدد کا اعلان کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سہولت سے پاکستان کو آئی ایم ایف کو اپنے فنانسنگ پلان کے بارے میں قائل کرنے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں سعودی عرب نے 2018 میں زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں مدد کے لیے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی نقد رقم فراہم کی تھی اور 3 ارب ڈالر کی تیل کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم جب بعد میں باہمی تعلقات میں سرد مہری آئی تو موجودہ حکومت کو 3 میں سے 2 ارب ڈالر کے ذخائر واپس کرنے پڑے تھے۔ رواں برس جون میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب نے سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے تیل کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تین ماہ بعد اس وقت کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا تھا کہ مؤخر ادائیگیوں پر سعودی تیل کی سہولت کے لیے ایک اور معاہدہ طے پا گیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان دو سے تین روز میں کر دیا جائے گا۔ تاہم اسلام آباد کے امریکی حکام اور آئی ایم ایف سے رابطوں کی وجہ سے اس کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔ گزشتہ ماہ قومی اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شوکت ترین نے کہا تھا کہ وہ (سعودی عرب) نہ صرف مؤخر ادائیگی پر تیل کی ایک اور سہولت پر غور کر رہا ہے بلکہ ایک سمجھوتہ بھی تقریباً ہوچکا ہے جو 2 سے 3 روز میں عوام کے سامنے آنے کا امکان ہے۔
کالعدم تنظیم کےاحتجاجی مظاہرے کے راستے سے کھیتوں سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی ہے، لاش پولیس اہلکار کی نکلی۔ خبررساں ادارے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کے دوران گوجرانوالہ کے کھیتوں سے ایک لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت پولیس اہلکار عدنان احسان کے نام سے ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے پولیس اہلار کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اہلکار کی موت واقع ہوئی اور سنگدلی کی انتہا کرتے ہوئے قاتل مظاہرین نے لاش کو قریبی کھیتوں میں پھینک دیا۔ ترجمان محکمہ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والےپولیس اہلکار عدنان احسان نے اپنے پیچھے بیوہ اور 6سالہ بچی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ واضح رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پنجاب کے متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے تھے اس دوران چند ایک مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں پولیس اہلکاروں کےشہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس کو مخبری کر کے 7 کروڑ روپے کی چھالیہ پکڑوانے والے کراچی کے شہری (مخبر) فضل کو قتل کر دیا گیا تھا جس کے قتل کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ اسے جس پولیس موبائل میں گھر سے اغوا کیا گیا تھا وہ سابق ایس ایچ او سچل کے زیر استعمال تھی۔ خبر رساں ادارے جنگ کے مطابق اس مخبر کے قتل میں پہلے سے ہی سابق ایس ایچ او سچل، ایس ایچ او کی محبوبہ ایک جعلی میجر سمیت 6 ملزمان گرفتار ہیں۔ جب کہ اس کیس کی تفتیش سندھ کا محکمہ سی ٹی ڈی کر رہا ہے۔ مخبر فضل کے قتل کی واردات کی تفتیش میں ملزمان کے خفیہ اداروں کی طرح کے منظم نیٹ ورک کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تفتیشی ٹیم کے انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے رہائشی مخبر فضل نے مئی 2021 میں پاکستان کسٹمز کو خفیہ اطلاع دے کر اسمگل کی گئی 7 کروڑ روپے کی چھالیہ ضبط کروائی تھی۔ فضل کو 17 جولائی کو سرجانی ٹاؤن کے علاقے سے ایک پولیس موبائل میں گرفتاری کے انداز سے اغوا کیا گیا۔ فضل کے اہلخانہ اس کی گرفتاری سے متعلق پولیس سے پوچھ گچھ کر رہے تھے تو اسی دوران اس کی ملیر کے علاقے سے لاش مل گئی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، یہ گولیاں سرکاری اسلحے سے چلائی گئیں تھیں جو کہ رپورٹ میں ثابت بھی ہوا۔ معاملے پر پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کی گئیں تو پتہ چلا کہ جس پولیس موبائل میں اسے اغوا گیا تھا وہ ایس ایچ او سچل ہارون کورائی کے زیر استعمال تھی۔ ہارون کورائی نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ گاڑی خود کو خفیہ ادارے کا میجر ظاہر کرنے والے عثمان کی ٹیم سرکاری کام کا کہہ لے گئی تھی مگر یہ سب جھوٹ نکلا۔ تفتیش کے مطابق چھالیہ مافیا کو مخبر فضل کی تفصیلات ان کے سہولت کار جعلی میجر عثمان نے دیں، عثمان کے ذریعے کسٹمز انٹیلی جنس کے متعلقہ افسران کے موبائل فونز کا کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) نکلوایا گیا۔ جس میں فضل کے فون نمبر کی نشاندہی ہوئی اور تصدیق کے بعد مافیا نے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ سی ٹی ڈی حکام نے یہ بھی بتایا کہ جن ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ سب کے سب قتل کی واردات میں ملوث ہیں اور جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ اس میں شک نہیں کہ قتل اور اغوا کی دونوں وارداتیں الگ الگ انجام دی گئی ہیں مگر ہارون کورائی، اس کی ساتھی فوزیہ، عثمان، وحید کاکڑ اور اختر کورائی سمیت چھ لوگوں پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاکستانی خاتون ایئرٹریفک کنٹرولر کی غفلت، غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بحرین سے اسلام آباد آ رہی تھی کہ پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی غلط گائیڈ لائن کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہونے والا تھا جسے جہاز کے کپتان نے اپنی مہارت کے ساتھ بال بال حادثے سے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر خاتون تھیں جنہیں ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکم پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی سے اے اے نے معاملے پر فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق پاکستان کی خاتون ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کوغلط گائیڈ کیا جس سے طیارہ 8 ہزار فٹ بلندی کے بجائے 5 ہزار فٹ کی بلندی پر آ گیا۔ طیارہ جیسے ہی 5 ہزار فٹ بلندی پر پہنچا تو جہاز میں موجود گراؤنڈ پراکسیمیٹی وارننگ سسٹم نے خبردار کر دیا۔ جہاز کے کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو واپس 8 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچایا۔ کپتان کے مطابق جی پی وارننگ سسٹم نے آگے پہاڑی علاقے کی نشاندہی کی تھی۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز نے موسم کی خرابی کے باعث طیارے کو نیچے لانے کی اجازت مانگی تھی جب کہ کنٹرولر نے اسے نیچے آنے سے منع کر دیا کپتان نے دوبارہ رابطہ کر کے اصرار کیا کہ موسم انتہائی خراب ہے مجھے ڈیسنٹ کی اجازت دی جائے جس پر کنٹرولر جہاز کو نیچے لانے کا کہا۔ ترجمان سے واضح کیا کہ معاملے پر بورڈ تحقیقات کر رہا ہے اور اس خاتون اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لیے سب سے آئیڈیل کام کرکٹ ٹیم چلانا ہی ہے۔ ہماری حکومت آئی تو عمران خان کو کرکٹ بورڈ میں رکھیں گے۔ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ یہ کہتے تھے ہم کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن چکےہیں۔اب کراچی آئیں اور وہاں کے لوگوں کا حال دیکھیں۔ہواؤں کا رخ اب بدل چکا ہے۔جن دو چار فیصد لوگوں نے ووٹ دیا تھا وہ بھی متنفر ہو چکے ہیں۔ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن پی ٹی آئی کے لوگوں کی اب ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ جس طرح انہوں نے انتخابات جیتے وہ سب کو معلوم ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے ایک بار پھر پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے سیٹ اپ میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی حکومت میں اکھٹے نظرآرہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اوروزیراعلی سندھ مراد سعید کے مشیر برائے زراعت منظور وسان اپنی سیاسی پیشگوئیوں اور خواب دیکھنے کے حوالے سے مشہور ہیں اور اکثر وہ اپنی پیشگوئیوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ اپنے تازہ ترین بیان میں منظور وسان نے کہا ہے کہ آئندہ سیٹ میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ اکھٹے حکومت میں ہوں گے اور آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب،کے پی اور بلوچستان سے بھی سیٹیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی ہوا سب سے پہلے بلوچستان میں چلتی ہے، یہ ہوا چل چکی ہے بلوچستان کے بعد پنجاب کی بار ی ہے اور آخر میں مرکز میں تبدیلی آئے گی۔ منظور وسان نے کہا کہ مجھے یہ مہینہ خطرناک نظرآرہا ہے اور ا س مہینے میں کپتان کا مستقبل خراب اور اس کے کھلاڑیوں کا مستقبل اچھا نظرآرہا ہے، کچھ وزراء عمران خان کے فیصلوں سے متفق نظر نہیں آرہے ہیں۔ اس سے قبل 2 ماہ قبل اپنی پیشگوئی میں منظوروسان نے کہا تھا کہ اگلے انتخابات میں عمران خان کہیں نظر نہیں آرہے ، بلاول بھٹو کا مستقبل روشن نظرآرہا ہے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے نیشنل بینک آف پاکستان پر ہونے والے سائبر حملے میں صارفین کا ڈیٹا ہیک نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ کس ملک سے ہوا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض نے سائبر حملے کی تحقیقات کے لئے نیشنل بینک ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور بینک کے افسران سے میٹنگ کی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے نیشنل بینک آف پاکستان کو سائبر حملے سے نشانہ بنایا گیا تھا نیشنل بینک کی انٹرنل ٹیم کی جانب سے بروقت اقدامات کی وجہ سے ہیکرز اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم کا کہنا تھا کہ بینک کی تمام سروسز کام کررہی ہیں، کسی کسٹمر کا ڈیٹا لیک نہیں ہوا، ڈیٹا چوری ہونے سے متعلق اطلاعات غلط ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ حملہ کس ملک سے ہوا، ایف آئی اے سائبر کرائم کی فرانزک ایکسپرٹس بینک کا ساتھ دے گی۔ واضح رہے کہ 29 اکتوبر کی رات اور 30 اکتوبر کی صبح کے درمیان نیشنل بینک کے سرور پر سائبر حملہ کیا گیا، سائبر حملے سے بینک خدمات کا سلسلہ جزوی طور پر متاثر ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سسٹم کو بروقت الگ کر دیا گیا، سائبر حملے میں بینک کو کسی قسم کے ڈیٹا یا مالیاتی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ نیشنل بینک پاکستان کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے جس کی ملک بھر میں ایک ہزار 512 شاخیں ہیں جب کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی اس کی 21 شاخیں کام کر رہی ہیں۔
پاکستان میں درجنوں جانوروں، پرندوں کی نسل ناپید ہونیکا خطرہ ہے جن میں قومی جانور مارخور کو بھی ناپید ہونے کا خطرہ لاحق ہے، پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے ماخور کی نسل میں آنے والی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق مار خور پاکستان کا قومی جانور ہے جو عنقریب نایاب سے ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہے، اس حوالے سے سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے قومی جانور مارخور کو ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار قرار دے دیا گیا اور اس کا غیر قانونی شکار اور حکومت کی جانب سے بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان میں اس کی آبادی میں زبردست کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں CGNP میں کشمیری ماخور کی آبادی میں 70 فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی ہے۔ شیری رحمان نے نایاب جانور کی حفاظت اور شکار کی روک تھام کے لئے حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ مارخور جنگلی بکرے کی قسم کا ایک پہاڑی چرندہ اور پاکستان کا قومی جانور ہے۔ ہمالیہ، قراقرم، ہندو کش اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں پائے جانے والے اس جانور کو اپنی نسل مٹنے کے خطرے کا سامنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور بدترین سموگ کے باعث دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں سے پہلے نمبرپر آگیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں سردیوں کے شروع ہوتے ہی فضائی آلودگی میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد لاہور کی ایئر کوالٹی انڈیکس397 پوائنٹس تک پہنچ چکی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاوہ فیصل آباد بھی فضائی آلودگی کا شکار ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس225 پوائنٹس ہے، بہاولپور میں 192 پوائنٹس، گوجرانوالہ میں 183 پوانٹس جبکہ اسلام آباد راولپنڈی میں ایئر کوالٹی انڈیکس157 پوائنٹس تک پہنچ چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دھویں اور دھند کے ملاپ سے بننے والا سموگ چونکہ حدود سے ماورا ہوتا ہے اسی لیے بھارتی پنجاب اور پاکستانی پنجاب کے کچھ علاقے اسے سے شدید متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں بھی فضائی آلودگی کی بڑی وجہ پنجاب میں اسموگ کا پیدا ہونا ہے۔ پاکستان میٹرولوجیکل تحقیقی ادارے کے حکام کے مطابق بھارت میں اس موسم میں ہزاروں ایکڑ زمین پر محیط چاولوں کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں کو آگ لگادی جاتی ہے، اس آگ سےا ٹھنے والا دھواں فضا میں موجود دھند میں شامل ہوکر دونوں ملکوں کو شدید فضائی آلودگی میں مبتلا کردیتا ہے۔ پنجاب کے کچھ شہروں بشمول لاہور کچھ سالوں سے اس مسئلے سے بری طرح دوچار ہے، گزشتہ سال کے طرح اس سال بھی شہری فضائی آلودگی اور بدترین سموگ کے باعث مختلف قسم کی سانس اور جلدی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔
اسلام آباد میں ججوں اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں سے تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ جسٹس سجاد علی شاہ کی معذرت کے بعد تحلیل ہوگیا ہے۔ خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں بیوروکریٹس اور ججز میں پلاٹوں سے تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت سے معذرت کی جس کے باعث بینچ تحلیل ہوگیا، جسٹس عمر عطاء بندیال نے بینچ ٹوٹنے پر کیس واپس چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا ہے۔ اس سے قبل دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے وفاقی ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حکام سے سوال کیا کہ آپ کے قانون میں ملازمین کے علاوہ مخصوص افراد کا بھی ذکر ہے، یہ مخصوص افراد کون ہیں؟ فیڈرل ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان مخصوص افراد کا تعین سپریم کورٹ نے 2009 میں ایک کیس کے دوران کردیا تھا۔ یادرہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 14 اور ایف 15 میں بیوروکریٹس اور ججز کو رہائشی پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ کو معطل کردیا تھا۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ توسیعی فنڈز کی بحالی کے معاملات طے پا گئے ہیں معاہدہ اسی ہفتے کے آخر تک ہو جائے گا۔ ہمارا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ڈیڈ لاک اس وقت ٹوٹ گیا جب دونوں فریقوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو خود مختاری دینے کے معاملے پر اپنے اپنے موقف میں کچھ لچک دکھانے کا فیصلہ کیا۔ ڈان کے مطابق آئی ایم ایف حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے کے اپنے وعدے سے پیچھے ہٹنے سے خوش نہیں تھا، جس سے 6 بلین ڈالر کی امداد کو روک دیا گیا تھا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر نہیں ہو گی، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں۔ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کیلئے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے اور آئینی ترمیم کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ نیشنل بینک کے سرور پر ہونے والے سائبر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دشمن ملک ہمارے پڑوس میں بیٹھا ہے۔
تحریک انصاف کو بڑا دھچکا۔۔ پرویز خٹک کے بھتیجے کی پیپلزپارٹی میں شمولیت۔۔ بھائی کی بھی جلد شمولیت کاامکان اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھتیجے اور لیاقت خٹک کے صاحبزادے احد خٹک نے اتوار کے روز پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز خٹک کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک بھی پارٹی قیادت سے ناراض ہیں اور وہ بھی چند روز میں پیپلزپارٹی کا حصہ بن جائیں گے۔ لیاقت خٹک کی اپنے بھائی پرویز خٹک سے ناراضگی کی وجہ پی کے 63 سے اپنے بیٹے کو ٹکٹ نہ ملنا بنی جہاں سے پرویز خٹک نے مرحوم میاں جمشید کاکاخیل کے صاحبزادے کو ٹکٹ دلوادیا۔ لیاقت خٹک نے اس سیٹ پر ن لیگ کے امیدوار اختیارولی کو سپورٹ کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ تحریک انصاف اس سیٹ سے ہارگئی۔ دوسری جانب لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن سے پاکستان تحریک انصاف کے کونسلر نے راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرناخوش آئندہے، عوام کاسب سے بڑامسئلہ مہنگائی اوربے روزگاری ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن میں پنجاب سے بڑی مارجن سے فتح حاصل کرے گی۔
پنجاب حکومت کسانوں کی خوشحالی اور معاشی استحکام کیلئے بڑا اقدام سامنے آگیا، گنے کی فصل کی فی من قیمت ‏‏225 روپے رکھنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے اس سال گنے کی فصل کے لیے کم از کم قیمت ‏‏225 روپے فی من رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 تک گنے کے کاشتکار کو 180 روپے کی سرکاری قیمت کی بجائے 110-120 روپے ملتے تھے، ‏اور وہ بھی کئی کئی ماہ بعد دیے جاتے تھے ہماری پالیسیز کی وجہ سے کاشتکاروں کو 3 سال میں فصل کا بہترین ‏اور بروقت معاوضہ ملا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے شوگر ملوں سے پچھلے ادوار کے اربوں روپے کے بقایا جات بھی کسانوں کو واپس ‏دلوائے، فصل کے معاوضے کی 'بنک اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی' کا قانون بھی بروقت اور کٹوتی کے بغیر ‏ادائیگییوں کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کسانوں کے حقوق کے حوالے سے کہا کہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خوشحالی تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ‏ہے۔
لاہور پولیس کے 2 اہلکاروں کا پکڑی گئی منشیات 'آئس' غائب کرنے اور رشوت کے عوض دو ملزمان کو چھوڑنے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن پولیس کی تحویل سے منشیات غائب کرنے اور کرپشن میں ملوث دو پولیس اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے چارج شیٹ تیار کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انکوائری میں دو اہلکاروں کے کرپشن میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز نے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب انسپکٹر سہیل لیاقت اور اے ایس آئی محمد یوسف نے تین منشیات فروشوں زاہد، علی رضا اور عظیم کو پکڑا جن سے 20 گرام آئس برآمد ہوئی، پولیس اہلکاروں نے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت کے عوض دو ملزمان علی اور عظیم کو چھوڑ دیا۔ چارج شیٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بیس گرام کے بجائے صرف 7 گرام آئس کا مقدمہ درج کیا تھا۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں تیزی سے اضافہ، گلشن معمار میں یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زین العابدین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے قتل کے ملوث دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا، اے آر وائی نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ صبح گلشن معمار میں پیش آیا، جس میں سندھ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر زین العابدین جان سے چلے گئے،پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کے ساتھی کا کہنا ہے کہ پروفیسر زین العابدین کو ڈکیٹی مزاحمت میں مارا گیا، دو سے تین ملزمان نے لوٹ مار کرتے ہوئے فائرنگ کردی، جس سے ڈاکٹرزین العابدین کے سینےمیں 2 گولیاں لگیں،دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی گاڑی میں خون اورگولیوں کے نشانات نہیں پائےگئے،جبکہ شناخت کردہ مقام پربھی فائرنگ کےشواہدنہیں ملے،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اپنی بیٹی کے گھر گئے ہوئے تھے، گاڑی میں مزید 3 افرادبھی موجود تھے، مقتول کےعلاوہ گاڑی میں کسی شخص سے لوٹ مار نہ کرنا حیران کن ہے۔ ادھر بوٹ بیسن میں مبینہ ڈاکو کو وکیل نے اپنی ہی عدالت لگا کر قتل کردیا،عینی شاہدین کے مطابق تین ڈکیتوں نے پہلے وکیل کو اسلحے کے زور پر لوٹا، مسلح ملزم جب فرار ہونے لگے تو وکیل نے فائرنگ کردی ،جس سے ایک ملزم مارا گیا دیگر بھاگ گئے، پولیس نےاسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

Back
Top