پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شعیب اختر سابق بھارتی سپنر ہر بھجن سنگھ کو چھیڑنے سے باز نہ آئے اور انہوں نے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی کہ ہربھجن سنگھ نے انہیں "بندا بننے کا مشورہ دیدیا"۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کو 10 وکٹوں کی بدترین شکست پر تبصرے آج چوتھے دن بھی جاری رہے ہیں، اسی دوران سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی اور ہر بھجن سنگھ کی ایک ویڈیو کی اور کہا کہ "میرے پیارے دوست بجی میں صرف آپ کو تنگ کررہا ہوں"۔
شعیب اختر نے جو ویڈیو شیئر کی وہ پاک بھارت میچ سے قبل تھی جس میں شعیب اختر ہربھجن سنگھ سے کہتے ہیں کہ 24 اکتوبر کی رات 10 بجے میں پہلا میسج آپ کو کروں گا اور میں کہوں گا کہ بھارت کے 1اعشاریہ 5 بلین لوگوں کے دل توڑنے پر معذرت چاہتے ہیں۔
شعیب اختر کے اس پیغام پر سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ تلما اٹھے اور انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ"بند ا بن جا، وقت بدلتے دیر نہیں لگے گی،آپ مستقبل میں ہماری جگہ پر بھی ہوسکتے ہیں"۔
شعیب اختر ہربھجن کی اس دھمکی سے بالکل نہیں گھبرائے اور انہوں نے جواب داغتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچے اور آپ یہ جانتے ہیں، مگر اس سے پہلے تھوڑی بہت مستی تو ضروری ہے نا"۔